لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ لگژری گاڑیوں پر کوئی ٹیکس ریلیف نہیں دیا جائے گا، حکومت کی ترجیح متوسط طبقے اور کم قیمت گاڑیاں خریدنے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے،جو شخص 8 سے 10 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی خریدنے کی استطاعت رکھتا ہے، وہ حکومت کو ٹیکس بھی ادا کر سکتا ہے، تاہم متوسط طبقے کی گاڑیوں پر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ کم ہونا چاہیے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ گاڑیوں پر ٹیکسوں میں کمی اور مارکیٹ میں مسابقت بڑھنے سے قیمتیں کم ہوں گی، جس سے متوسط طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ جہاں کاروباری مفادات ہوتے ہیں، وہاں لابنگ بھی ہوتی ہے اور یہ عمل پوری دنیا میں جاری ہے۔ پالیسی سازی کے دوران تمام متعلقہ فریقوں کا مقف سنا جاتا ہے، تاہم حتمی فیصلے میں صرف قومی مفاد کو ترجیح دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے والوں کو اپنے مفادات کے لیے لابنگ کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن حکومت کسی ایسے مطالبے کو قبول نہیں کرے گی جو ملک کے مفاد میں نہ ہو۔

