اسلا م آباد(آئی این پی )دنیا میں توانائی کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے، جہاں ترقی پذیر ممالک اگلے پانچ برس کے دوران پہلی مرتبہ قابلِ تجدید توانائی کی نئی پیداواری صلاحیت میں ترقی یافتہ ممالک کے برابر پہنچ سکتے ہیں۔ عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے مطابق تیل اور گیس کے بڑھتے بحران نے شمسی اور ہوائی توانائی سمیت متبادل ذرائع کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ 2026 سے 2031 کے درمیان دنیا بھر میں قابلِ تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں تقریبا 4 ہزار 800 گیگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔رپورٹ کے مطابق چین کے علاوہ دیگر ترقی پذیر اور ابھرتی ہوئی معیشتیں اس عرصے میں تقریبا 1100 گیگاواٹ نئی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت شامل کریں گی، جو ترقی یافتہ ممالک کے متوقع اضافے کے تقریبا برابر ہوگی۔
