اسلام آبا د(این این آئی)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی)اور تکنیکی تبدیلی کی اس لہر میں پاکستان کی سماجی و معاشی بقا، ثقافتی شناخت اور قومی سلامتی کا تحفظ خودمختار ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں، حکومت نے اگلے 5 سال میں 10 ہزار اے آئی پی ایچ ڈیز تیار کرنے، 10 لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سکھانے اور 1 ارب ڈالر کے فنڈ سے ملکی تاریخ کا پہلا خودمختار اے آئی انفراسٹرکچر (7-Layered AI Stack) بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔بدھ کو اسلام آباد میں اپری کے زیرِ اہتمام منعقدہ مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد ملک بھر کے معاشی شعبوں کو پیپر لیس بنانا، 20 لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ ڈیجیٹل شناخت فراہم کرنا اور مالیاتی نظام کو راست کے ساتھ انٹیگریٹ کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی فورمز پر گلوبل ساتھ کے لیے اوپن سورس اے آئی اور یکساں تکنیکی حقوق کی جنگ لڑتا رہے گا تا کہ ڈیجیٹل تقسیم اور نابرابری کو روکا جا سکے۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ دنیا میں یہ تاثر غلط ہے کہ اے آئی انسانوں کی ملازمتیں ختم کر دے گی، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ جو فرد اے آئی کا استعمال جانتا ہوگا وہ عام فرد سے 100 گنا زیادہ موثر اور پیداواری صلاحیت کا حامل ہوگا۔

