لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک موجودہ انتظامی نظام کے
تحت نہیں چل سکتا، ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق فیصلہ اگلے بجٹ سے پہلے ہو سکتا ہے،پاکستان کے بڑے صوبے اور وہاں کی بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے اب اس معاملے پر پہلے جیسی مخالفت دکھائی نہیں دے رہی بلکہ چھوٹے صوبوں کی حمایت میں پنجاب سے بھی اہم آوازیں سامنے آ رہی ہیں۔پنجاب کی جانب سے اس معاملے پر بات ہونا ایک بڑی اور غیر معمولی تبدیلی ہے،وفاقی کابینہ میں چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور ممکنہ طور پر 12 صوبے بنانے کے معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ اب ملک چلانے والوں کو بھی احساس ہو رہا ہے کہ مزید انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبے بنائے بغیر پاکستان کو موجودہ نظام کے تحت چلانا مشکل ہے۔

