لاہور( خبر نگار)محکمہ اوقاف پنجاب میں مبینہ کرپشن، رشوت ستانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف اینٹی کرپشن نے ڈیرے ڈال دیے، محکمہ کے افسران اور اہلکار یکے بعد دیگرے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہونے لگے، خانیوال کے منیجر خالد کو مبینہ طور پر پراپرٹی کی منتقلی کے عوض 50 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف میں کرپشن کے یہ واقعات کسی ایک افسر یا ضلع تک محدود نہیں بلکہ مختلف اضلاع میں سامنے آنے والے انکشافات نے پورے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل خانیوال ہی سے محکمہ اوقاف کے ایک کلرک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اس سے پہلے مظفرگڑھ میں منیجر اوقاف کریم نواز بھٹہ کو مبینہ طور پر اپنے ہی نگران سے 40 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح محکمہ اوقاف کے مزید دو نگران بھی رشوت ستانی کے الزامات پر گرفتار ہو چکے ہیں، جو تاحال جیل میں ہیں اور ذرائع کے مطابق انہیں ابھی ضمانت بھی نہیں مل سکی۔ کرپشن کے ان واقعات کی فہرست یہیں ختم نہیں ہوتی، سال 2025 میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نور رفیق کو بھی مبینہ طور پر ٹھیکیدار سے دو لاکھ روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ سوال یہ ہے کہ جب محکمہ کے منیجرز، کلرک، نگران اور اعلی سطح کے افسران تک رشوت ستانی کے الزامات کی زد میں آ رہے ہوں تو پھر ادارے کے اندر شفافیت، میرٹ اور احتساب کا نظام کہاں ہے؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کی قیمتی جائیدادوں کی منتقلی، پٹہ داری، ٹھیکوں اور سرکاری اراضی پر مبینہ قبضوں کے معاملات میں بدعنوان عناصر کی ملی بھگت کے الزامات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ ان گرفتاریوں نے اس تاثر کو مزید تقویت دی ہے کہ محکمہ کی قیمتی املاک اور ریونیو کے معاملات میں کہیں نہ کہیں ایسا نظام موجود ہے جس سے مبینہ طور پر کرپٹ عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ محکمہ اوقاف کے پاس اربوں روپے مالیت کی قیمتی جائیدادیں اور آمدن کے وسیع ذرائع موجود ہیں، لیکن اگر انہی اثاثوں کی منتقلی، لیز اور پٹہ داری کے معاملات رشوت کے بغیر طے نہیں ہوتے تو ادارے کی آمدن میں اضافے اور مالی استحکام کے دعوے محض کاغذی کارروائی بن کر رہ جائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری اوقاف محض گرفتاریوں پر اکتفا کرنے کے بجائے محکمہ کی تمام مشکوک جائیدادوں کی منتقلی، پٹہ داری، ٹھیکوں اور قبضوں کا اعلی سطحی فرانزک آڈٹ کرائیں، گرفتار اور زیر تفتیش افسران کے اثاثوں اور مالی معاملات کی چھان بین کی جائے اور ان کے مبینہ سرپرستوں کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ بصورت دیگر چند اہلکاروں کی گرفتاریاں تو ہوتی رہیں گی، مگر محکمہ اوقاف کی قیمتی املاک اور قومی خزانے کو مبینہ کرپشن کی دیمک چاٹتی رہے گی
