تہران،نیویارک،بغداد(نیوز ایجنسیاں) پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ارودی
سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد 3 آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی۔ کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت کی معمولی سی کوشش کا جواب بھی تباہ کن اور دردناک حملوں کی صورت میں دیا جائے گا۔اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں محفوظ بحری آمدو رفت بحال کرنے پر زور دیا ہے جبکہ عراق نے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد تیل کی برآمد کیلئے شام کا راستہ دوبارہ کھول دیا ہے۔ ایران کی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3 آئل ٹینکروں میں آگ بھڑک اٹھی۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ کچھ دیر قبل دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور لوکیشن سسٹم بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستے سے خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اس دوران وہ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دھماکے ہوئے اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔ایران کی باقاعدہ بحریہ نے ایک الگ بیان میں کہا کہ ایک اور آئل ٹینکر بھی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کے آس پاس تجارتی جہاز رانی پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حملے عالمی امن و سلامتی، علاقائی استحکام اور عالمی معیشت کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔ترکیہ کی خبر ایجنسی کے مطابق مشرقِ وسطی، ایشیا اور بحرالکاہل کے امور کے لیے اقوامِ متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خالد خیاری نے سلامتی کونسل سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندری واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو مختلف نوعیت کے حملوں کا سامنا ہے، اس کے علاوہ متعدد جہاز اور ان کے عملے کئی ماہ سے خلیج کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سویلین جہازوں اور تجارتی بحری جہازوں کو ہرگز نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔خالد خیاری نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ان خدشات کو بھی دہرایا جو انہوں نے ان اہم اور تزویراتی آبی گزرگاہوں میں جاری کشیدگی کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے ظاہر کیے تھے۔دریں اثنا آبنائے ہرمز میں ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد عراق نے خام تیل کی برآمد کے لیے کئی دہائیوں سے تقریبا غیر فعال شام کا زمینی راستہ دوبارہ استعمال کرنا شروع کردیا، جس کے تحت سینکڑوں آئل ٹینکرز کے ذریعے روزانہ لاکھوں بیرل تیل شام کی بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت کی معمولی سی کوشش کا جواب بھی تباہ کن اور دردناک حملوں کی صورت میں دیا جائے گا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں احمد واحدی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور اگر اس کے خلاف معمولی کارروائی بھی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دریں اثنا پاسدارانِ انقلاب کے نائب کمانڈر انچیف میجر جنرل مصطفی ایزدی نے کہا کہ ایران اپنے دشمنوں کے خلاف طاقتور اور دردناک فوجی کارروائیاں کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ مستقبل میں کسی بھی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کا دائرہ خطے سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور قائم مقام مندوب غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے مغربی رکن ممالک پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ واقعی سفارت کاری کا خواہاں ہے تو اسے جارحیت پر مبنی جنگ فوری طور پر بند کرنا اور ایران پر عائد غیر قانونی بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہو گی۔ادھر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے خواہش مند نہیں، تاہم ان کی انتظامیہ تہران پر معاشی اور فوجی دبائو برقرار رکھے ہوئے ہے۔امریکی اخبار نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کو روزانہ کئی مرتبہ انٹیلی جنس بریفنگ دی جا رہی ہے، جن میں ایران سے متعلق صورت حال بھی شامل ہے۔
آبنائے ہرمز
