کراچی(این این آئی) ماڑی پور ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرک اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورجاں بحق شخص سمیت تمام زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 32 سالہ عقیل ولد گلزار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ رفیق ولد عظیم، 35 سالہ وصی اللہ ولد خیر، 20 سالہ بلال ولد شیریں زادہ، 21 سالہ اکرام ولد عمر خطاب، 19 سالہ رضوان ولد جہانزیب، 20 سالہ ارشد ولد گل محمد اور 35 سالہ رحمان ولد نامعلوم شامل ہیں۔حادثے کے نتیجے میں ایک قیمتی جان ضائع ہونے پر علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
