لاہور(خبر نگار) پنجاب سیڈ کارپوریشن (PSC) میں سرکاری احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی، اقربا پروری اور انتظامی اختیارات کے ناجائز استعمال کا سنگین سکینڈل بے نقاب ہو گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 19 نومبر 2026
کو فوری اثر سے تبدیل کیے جانے والے سابق مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان فاروق کے دستخطوں سے 23 نومبر کو نہ صرف متنازعہ انتظامی احکامات جاری کیے گئے بلکہ تبادلے کے بعد محکمانہ ترقی کمیٹی (DPC) کے اجلاس اور تبادلوں کی کارروائیاں بھی سامنے آ گئی ہیں، جس پر پی ایس سی ہیڈ کوارٹر ورکرز یونین (CBA) نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری زراعت کو باقاعدہ تحریری درخواست ارسال کر دی ہے۔ حکومت پنجاب کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کے 19 نومبر کے نوٹیفکیشن میں فرحان فاروق (PAS/BS-19) کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ایم ڈی کے عہدے سے فوری طور پر (With immediate effect) ہٹا کر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت GRADES منصوبے میں پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ ان کی جگہ نوید شہزاد مرزا کو نیا ایم ڈی مقرر کیا گیا۔ تاہم سرکاری حکم نامے کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتے ہوئے سابق ایم ڈی نے نہ صرف چارج چھوڑنے سے گریز کیا بلکہ 23 نومبر کو حکم نمبر PSC/O/261123/0086 جاری کر کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کے اضافی چارج واپس لینے کا فیصلہ بھی صادر کر دیا۔ دوسری جانب پی ایس سی ہیڈ کوارٹر ورکرز یونین (CBA) کے صدر حاجی رانا اظہر جمیل اور جنرل سیکرٹری میاں محمد عامر شہزاد کی جانب سے 24 نومبر 2026 کو چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری زراعت کو بھیجے گئے مراسلے (حوالہ نمبر PSC/HQ/WU/26/786/27) میں صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ یونین عہدیداران نے نشاندہی کی ہے کہ 19 نومبر کے حکم نامے میں فوری نفاذ کی واضح صراحت کے باوجود تاحال ڈاکٹر فرحان فاروق نے چارج نہیں چھوڑا اور نئے ایم ڈی نوید شہزاد مرزا کو چارج کی منتقلی عمل میں نہیں آ سکی۔ یونین کی درخواست میں سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ تبادلے کے حکم کے اجرا کے بعد بھی مبینہ طور پر افسران و ملازمین کے تبادلوں، اضافی چارج دینے اور واپس لینے کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ محکمانہ ترقی کمیٹی (DPC) کے اجلاس اور کارروائی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے جو کہ سراسر غیر قانونی اور انتظامی پیچیدگیوں کو جنم دینے کے مترادف ہے۔ یونین نے خبردار کیا ہے کہ ماہِ نومبر اختتام کے قریب ہے اور ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے نئے مجاز دستخط کنندہ کے نمونہ دستخط، بینک ریکارڈ کی تبدیلی اور بائیو میٹرک تصدیق سمیت ضروری بینکنگ کارروائیوں میں وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر چارج کی منتقلی میں مزید تاخیر ہوئی تو ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر ضروری ادائیگیاں معطل ہو جائیں گی جس سے سینکڑوں خاندانوں کا معاشی قتل ہو گا۔ یونین عہدیداران نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 19 نومبر کے تبادلے کے حکم نامے پر بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے فوری چارج منتقل کروایا جائے، جبکہ تبادلے کے بعد جاری ہونے والے تمام متنازعہ احکامات اور DPC کی کارروائی کی قانونی حیثیت کی فوری جانچ پڑتال کر کے غیر مجاز اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عوامی و دفتری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک تبدیل شدہ افسر حکومتی احکامات کو بالائے طاق رکھ کر دھڑلے سے اختیارات استعمال کرتا رہے اور محکمہ زراعت خاموش تماشائی بنا رہے تو یہ صوبائی حکومت کی رٹ اور گڈ گورننس کے دعوں پر ایک بدنما داغ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب اس سنگین بے ضابطگی کا فوری نوٹس لیں اور حکومتی احکامات سے انحراف کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
