All posts by Daily Khabrain

کوئٹہ میں ایف سی کے گاڑی پر بم حملہ ایک اہلکار شہید تین زخمی

گوارگو بالگتر کیلکور میں ایف سی کے گاڑی پر بم حملہ ہوا جس کے باعث ایک اہلکار شہید تین زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں لانس نائک اسماعیل شہید ہوئے ہیں ، زخمیوں میں نائب صوبیدار اسلم ، سپاہی سلام اور تنویر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شہید اور زخمیوں کو ہوشاب ڈسڑکٹ کیچ کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی اور اتحادی افواج کی معاونت کرنے والے ہزاروں افراد کو کابل سے کراچی لانے کا فیصلہ

امریکی اور اتحادی افواج نے 31 اگست تک افغانستان سے حتمی انخلا کے لیے پاکستان سے مدد کی درخواست کردی۔

طالبان سے جنگ کے دوران امریکی اور اتحادی افواج کی معاونت کرنے والے تین سے چار ہزار افراد کراچی لائے جائیں گے، انہیں پاکستان کا ویزا دیا جائے گا اور انہیں امریکا منتقلی سے پہلے ایک ماہ کراچی میں رکھا جائے گا۔

حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکی و اتحادی افواج کے معاونت کاروں کے کراچی میں رہنے کا بندوبست سندھ حکومت کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل سے غیر ملکیوں کو لے کر اڑان بھرنے والی متعدد پروازیں کل سے کراچی میں لینڈ کرنا شروع کردیں گی۔

جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ افغانستان سے انخلا میں مدد کی درخواست امریکی فوج اور نیٹو نے کی ہے۔

ذرائع کے مطابق انخلا میں مدد کے لیے پاکستان میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزارت خارجہ حکام اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شرکت کی۔

سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی مدد گاروں کو نکالنے والی 5 ابتدائی پروازیں کراچی میں اتریں گی۔ اسلام آباد میں رش کے باعث انخلا میں مصروف طیاروں کو کراچی میں اتارنے کا فیصلہ ہوا اور مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد طیاروں کا کل کراچی میں لینڈ کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ افغانستان سے 3 سے 4 ہزار افراد کراچی لایا جائے گا، ان افراد کو حکومت سندھ رہائش فراہم کرے گی، افغانستان سے نکالے گئے افراد کو امریکا منتقل کیے جانے سے پہلے ایک ماہ تک کراچی میں رکھا جائے گا۔

کراچی پہنچنے والے افراد کو ایک ماہ کا ویزا دیا جائے گا جبکہ افغانستان سے آنے والی پروازیں ملتان، فیصل آباد اور پشاور بھی لائی جائیں گی۔

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ جانے سے روک دیا

امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے اپنےشہریوں کو کابل ائیرپورٹ کی طرف جانے سے روک دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تینوں ممالک کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے لہٰذا شہری کابل ائیرپورٹ سے دور رہیں۔

افغانستان کی موجودہ صورتحال کا پس منظر

خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

طالبان کے اس بیان کے بعد برطانیہ، فرانس، جرمنی و دیگر ممالک نے کہا تھا کہ وہ ڈیڈلائن میں توسیع کے لیے اپنے شراکت داروں اور طالبان سے رابطے میں ہیں جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے امید ظاہر کی تھی کہ 31 اگست تک انخلا کا آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 15 اگست کو طالبان افغان دارالحکومت کابل میں بھی داخل ہوگئے تھے جس کے بعد ملک کا کنٹرول عملی طور پر ان کے پاس چلا گیا ہےاور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد حکومتی عہدے دار فرار ہوچکے ہیں۔

طالبان کے کابل میں داخل ہونے کے بعد غیر ملکی اور افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے نکلنے کی خواہش میں کابل ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ ائیرپورٹ کا انتظام امریکی فوجیوں نے سنبھال رکھا ہے اور روزانہ درجنوں پروازیں شہریوں کو وہاں سے نکال رہی ہیں۔

پیپلزپارٹی کی ہوا چل پڑی، اگلے انتخاب میں جیالے کامیاب ہوں گے: بلاول بھٹو

کراچی:  بلاول بھٹو زردار ی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی ہوا چل پڑی ہے، اگلا انتخاب جیالے جیتیں گے، ملک بھر سے مختلف پارٹیوں کے سیاسی رہنما ہمارے رابطے میں ہیں۔

 پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بلاول ہاوس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک ہوئیں۔ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور راجہ پرویز اشرف نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے قیادت کو پنجاب سے پارٹی میں شمولیت کے خواہاں افراد کے معاملے سے آگاہ کیا۔ پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔

 اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے، پیپلزپارٹی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، پیپلزپارٹی ملک میں اپوزیشن کی مضبوط اور ایک توانا آواز ہے، ہم نے ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔

لائیو: تحریک انصاف حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سے متعلق خصوصی تقریب کا انعقاد

تحریک انصاف حکومت کی تین سالہ کارکردگی کے حوالے سے اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی تین سالہ کارکردگی کے حوالے سے قوم سے خطاب  کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری  کا کہنا ہے کہ کسی اور سیاسی جماعت میں ایسا کرنے کی جرأت نہیں، تیس تیس سال حکومت کرنے والے منہ چُھپا رہے ہیں ، ہم فخر سے کچھا چٹھا پیش کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں قائم ہوئی تھی۔

عمران خان نے 18 اگست 2018 کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ناقدین کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا جب کہ ڈالر کی قدر بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس کی وجہ سے امپورٹڈ اشیاء اور گاڑیاں بے پناہ مہنگی ہو گئی ہیں۔

FBRکا سمگلنگ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ

50لاکھ سے زائد گاڑی سمگلنگ پر فوری مقدمات درج‘گرفتاری عمل میں لائی جائے گی

نان کسٹم پیڈ، نان ڈیوٹی پیڈ گاڑی، اسلحہ اور ممنوعہ اشیاءکی سمگلنگ پر فوری کارروائی ہو گی

رواں مالی سال بلیک ٹی‘ ٹائر‘ ٹیکسٹائل مصنوعات‘ الیکٹرانک گڈز کی سمگلنگ کا حجم 1132.021 ارب رہا

لگژری گاڑیوں مصالحہ جات‘انڈین‘ ایرانی مصنوعات کی سمگلنگ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا

ملکی صنعتیں بندش کا شکار، تجارتی صنعتی تنظیموں کی وزیراعظم سے اپیل پر اقدام
ایف بی آر کا سخت کارروائی کرنے اور سامان ضبطی کا فیصلہ

ملتان(کامرس رپورٹر)

وزیر خارجہ کا افغانستان کی صورتحال مشترکہ لائحہ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ازبکستان اور تاجکستان کے صدور سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر قریبی روابط اور مشترکہ لائحہ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ محمود قریشی ایک دن قبل تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران سمیت چار ملکی دورے پر روانہ ہوئے تھے تاکہ پڑوسی ملک افغانستان میں تازہ پیشرفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا جا سکے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدو م شاہ محمود قریشی نے بدھ کو تاشقند میں ازبکستان کے صدر شوکت مرز ا ایوف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ازبک صدر کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ازبکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ازبک صدر شوکت مرزاایوف نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مراسم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ٹرانسپورٹ اور رابطہ سازی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔

وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغان قیادت اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی جانب بڑھے گی تاکہ خطے میں مضبوط تجارتی و اقتصادی روابط کی راہ ہموار ہو سکے۔

ازبک صدر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے میں تجارت، معیشت اور روابط میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ماہ تاجکستان میں متوقع شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان خان کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوشنبے میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی جس میں دورہ افغانستان سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پت تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے تاجک صدر کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی بنیاد پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باعث مسرت بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت، ان دو طرفہ مراسم کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے تاجکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ اور تاجک صدر کو افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے متفقہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام، پاکستان اور تاجکستان سمیت پورے خطے کے لیے اقتصادی تعاون بڑھانے اور روابط کے فروغ کے حوالے سے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

تاجک صدر امام علی رحمٰن نے وزیر خارجہ کو تاجکستان میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مربوط نقطہ نظر اپنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

وزیر اعظم کو پیوٹن کا فون، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

وزیر اعظم عمران خان سے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی بدلتی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے استحکام کیلئے اہم ہے، افغان عوام کے تحفظ،سلامتی اور انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ مسئلے کا سیاسی حل ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ افغان عوام کی سکیورٹی اور حقوق کا تحفظ یقینی ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ  عالمی برادری افغان عوام کی مدد کیلئے آگے بڑھے اور افغانستان میں معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے بدلتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مربوط نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔

کسانوں کی معاونت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیرِ اعظم

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسانوں کی معاونت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کسان کارڈ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں معاونینِ خصوصی جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر شہباز گِل، شہزاد اکبر،  وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت  کی۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  گیا کہ قلیل مدت  میں ہی 3 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ کسان کارڈ کا اجراء ہو چکا ہے اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، کسان کارڈ کی بدولت سبسڈی کی مد میں کسانوں نے اب تک 5 لاکھ 95 ہزار ٹرانزیکشنز کی ہیں اور مجموعی طور پر تقریباً 60 کروڑ کی سبسڈی سے استفادہ حاصل کیا ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید  کہا  گیا کہ کسانوں کو مزید سہولت دینے کیلئے ڈیلرز کو کارڈ کے استعمال کی مشینوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید  کہا  گیا کہ امید کی جارہی ہے کہ سبسڈی کی بدولت اس سال کپاس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگاجبکہ کسان کارڈ کے اجراء سے ٹوکن سسٹم کا خاتمہ ہورہا ہےجس سے کسانوں کو انکا حق براہِ راست پہنچایا جا سکے گا اور کرپشن کا خاتمہ بھی ہوگا ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ کسانوں کی معاونت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے مزید  کہا کہ حکومت ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان سے زرعی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لا رہی ہے جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔

مصباح کو کورونا ہوگیا، جمیکا سے وطن واپسی رک گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا جمیکا میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کورونا مثبت آنے کے بعد مصباح الحق اب 10 روز  تک جمیکا میں قرنطینہ کریں گے جس کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت ہوگی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ جمیکا میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی وطن واپسی سے قبل دو مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ کی گئی اور ان ٹیسٹنگ کے نتائج میں صرف مصباح الحق ہی وہ واحد رکن ہیں جن کے دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔

بورڈ کے مطابق ٹیسٹ مثبت ہونے کے باوجود مصباح الحق میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

پی سی بی کے مطابق میزبان بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق کو 10 روزہ قرنطینہ کیلئے جلد دوسرے ہوٹل منتقل کردیا جائے گا جہاں میڈیکل اسپیشلسٹ ان کی دیکھ بھال کرنے کیلئے موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

پاکستان اور اٹلی کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں ، ایئر چیف مارشل

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان خاشگوار تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے سفیر نے سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ تعاون کے مختلف امور پر بات چیت کی۔

اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خود انحصاری کے میدان میں ہونے والی غیر معمولی پیشرفت قابل تعریف ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں فضائی افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔