All posts by Khabrain News

سابق پی ٹی آئی ایم این اے شیخ خرم شہزاد کا پارٹی سے علیحدگی کا اعلان

فیصل آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے پارٹی سے باقاعدہ علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے کہا کہ 11 سال پہلے سیاست شروع کی، 2013ء میں ایم پی اے اور 2018ء میں ممبر قومی اسمبلی بنا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا، بہت افسوسناک ہے، شیخ خرم شہزاد پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ورکرز کا عہدہ چھوڑنے کا بھی اعلان کرتا ہوں، پارٹی چھوڑنے کیلئے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، آئندہ کی سیاست کا فیصلہ دوستوں سے مشاورت کے بعد کروں گا، پاک فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، ملک سے باہر نہیں جا رہا۔

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان پر جعلسازی کا مقدمہ درج

لاہور:(ویب ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن عظمیٰ خان پر جعل سازی کا مقدمہ درج کر لیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے عظمیٰ خان پر ڈیرہ غازی خان کے تھانے میں جعلسازی کا مقدمہ درج کیا، عظمیٰ خان پر مقدمہ 5261 کنال زمین دھوکہ دہی سے کم قیمت پر خریدنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 6 ارب روپے مالیت کی زمین جعلسازی سے 13 کروڑ روپے میں خریدی گئی، عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد خان نے عثمان بزدار کے ساتھ مل کر 500 کنال اراضی پر قبضہ حاصل کیا۔
متاثرین نے مقدمہ کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ میں درخواستیں دے رکھی تھیں، عظمیٰ خان نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اعلان کے بعد گریٹر تھل کینال کے نام سے اربوں کی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی۔

سیاسی قیدیوں سے ناروا سلوک بند کیا جائے، ایسے پی ٹی آئی ختم نہیں ہوگی، فرخ حبیب

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے، آپ کے ان اقدامات سے تحریک انصاف ختم نہیں ہو گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا حکومت گرائی تو معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، شہباز شریف نے اقتدار میں آتے ہی 16 ارب کا کیس ختم کرایا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، ملک لوٹنے والے باعزت بری ہو گئے، یہ ان کی گزشتہ ایک سال کی ترجیحات رہیں، عمران خان کے خلاف 150 سے زائد مقدمات بنائے گئے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آپ اس طرح کے اقدامات سے لوگوں کے اندر غم و غصہ بڑھا رہے ہیں، تحریک انصاف ایم کیو ایم نہیں عوامی جماعت ہے، ہم ملک میں نئے انتخابات کی طرف پیشرفت چاہتے ہیں، امید کرتا ہوں ہماری بات کو ٹھنڈے دماغ سے سنا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ٹھنڈے دل سے سوچ کر انتخابات کی طرف پیشرفت کی جائے، حق حکمرانی عوام کو منتقل کریں وہ فیصلے کرے، جو جنگ آپ لڑ رہے ہیں اس سے کوئی فاتح نہیں ہوگا، نقصان عوام کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، گزشتہ ایک سال میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے، عمران خان کے دورمیں معیشت بہتری کی جانب گامزن تھی، پی ٹی آئی کے دورمیں کنسٹرکشن انڈسٹریز تیزی سے ترقی کر رہی تھی۔

عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں منشیات نکلیں، عبدالقادر پٹیل

کراچی:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں منشیات نکلیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی دماغی حالت پر بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان گرفتارہوا، پمز ہسپتال بھجوایا گیا وہاں ان کا میڈیکل بھی ہوا،یہ موصوف 5، 6 ماہ پلستر لگا کر گھومتے رہے، پلستر پر سیاست الگ کی گئی،عمران خان کی کسی رپورٹ میں فریکچر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی رپورٹ کا مرحلہ نہیں آیا تھا لیکن انہیں عدالت سےمثالی انصاف مل گیا، میڈیکل رپورٹ پوری طرح منظرعام پر نہیں آسکی تھی، عمران خان کا یورین سیپمل بھی لیا گیا، عبدالقادر پٹیل نے الزام لگایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شراب، کوکین کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق دماغی حالت ٹھیک نہیں، رپورٹ کے مطابق عمران خان کی ذہنی صحت پر بھی سوالیہ نشان ہیں، عمران خان کی رپورٹ میں کسی قسم کے فریکچر کا ذکر نہیں، میں نے کہا تھا جب پکڑے جائیں گے تو میڈیکل رپورٹس بھی بنیں گی۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کتنے فیصد کوکین، کتنے فیصد شراب تھی مکمل رپورٹ کے بعد اسے بھی شیئر کیا جائے گا، جب یہ وزیراعظم تھا میں تب بھی کہتا تھا کہ یہ دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہے اس کو میوزیم میں رکھو۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو عید کی رات 12 بجے گرفتار کیا گیا، فریال تالپور کو ڈاکٹرز نے اَن فٹ قرار دیا لیکن ان کو چاند رات کو گرفتار کیا، آصف زرداری بیمار تھے ان کو گرفتار کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ریمانڈ کے طور پر آپ کو ضمانت ملی لیکن جو چیز ریکارڈ پر ہے، عمران کو ایسا انصاف ملا کہ اگلے، پچھلے سارے گناہ معاف ہو جائیں، ڈیم والے جج نے اس کو صادق اور امین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی اداروں کی پالیسیوں سے اختلاف رہا، جب ملک پر بُرا وقت آیا تو ہم افواج کے ساتھ کھڑے ہوئے، ہم شہدا کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے، عمران خان اپنےجھوٹ کو سچ کہتا ہے اور دوسروں کو منوانے کی کوشش کرتا ہے۔
قادر پٹیل نے کہا کہ جب سے عمران خان حکومت سے نکالا گیا اس نے نوجوانوں کو بھی غلط راستے پر لگایا، اپنے بچوں کو اس کے حوالے نہیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیا ہوا، ہم نے75سالوں میں ایسے حالات نہیں دیکھے، اس نے ملکی استحکام کی ریڈ لائن بھی عبور کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹروں کی تجاویز پر پلستر چڑھایا گیا ان ڈاکٹروں کی تحقیقات کرائیں گے، ذہنی مریضوں کے لیے ہم نے 1122 سروس شروع کر دی ہے۔

خانپور ہزارہ: موٹرسائیکل اور ٹرک میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق

خانپورہزارہ:(ویب ڈیسک) موٹرساٸیکل اور ٹرک میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ ٹرک ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، موٹرسائیکل سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ٹراما سنٹر ہری پور منتقل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متوفیان کشمیر کے رہاٸشی تھے، ٹرک ڈراٸیور کوتحویل میں لے کر قانونی کارواٸی کاآغاز کردیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ چھوڑی تو میں بھی چھوڑ دوں گا، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اگر مسلم لیگ کو چھوڑ دیا تو میں بھی چھوڑ دوں گا۔
کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلٹس کے وفد سے ملاقات کے موقع پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ شاہد خاقان عباسی کے فیصلے سے منسلک ہے، شاہد خاقان عباسی جس جماعت میں ہوں گے میں بھی اسی کا حصہ بنوں گا، شاہد خاقان عباسی ایک سمجھدار انسان ہیں، غلط فیصلے نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنا ہوگا، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ ڈیفالٹ کا ہے، آئی ایم ایف پروگرام نہ ہونے پر اکتوبر، نومبر تک ڈیفالٹ کے خدشات ہیں، روپے کی قدر کو ڈی ویلیو ہونے دیں اس کو نہ روکیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بروقت فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت گرداب میں پھنس گئی ہے، حکومتی کارکردگی پر بات کرنے پر پہلے مسلم لیگ سے روکا گیا ہے، نگران سیٹ کے حوالے سے میرے بارے میں پھیلائی جانے والی باتیں میں بھی سن رہا ہوں، نگران سیٹ اپ کیلئے کوئی آفر نہیں دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کے فورمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی:(ویب ڈیسک) شہر قائد کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے کےفور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
کےفور منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا تمام تقاریر کے بعد کیا اضافہ کروں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم نے بڑی میٹھی باتیں کیں بہت خوشی ہوئی، چھوٹے بھائی بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت گزشتہ ایک سال سے اتحاد سے چل رہی ہے، اگر حکومت میں اتحاد نہ ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، اتحاد سے ہی ہم نے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جان بوجھ کر سیاسی افراتفری پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، پارلیمان نے اتحاد سے ان سازشوں کو دفن کر دیا، اس سازش کے تانے بانے سمندر پار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سیاسی افراتفری کی وجہ سے پاکستان معاشی لحاظ سے ترقی نہ کر سکا، بلاول بھٹو نے جو الفاظ میرے لیے کہے شکر گزار ہوں، یقین دلاتا ہوں ہم مل کر مسائل کو حل اور کشتی کو کنارے لگائیں گے، مشکلات اور چیلنجز ہیں لیکن ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مہنگائی سمیت تمام مسائل کوحل کریں گے، پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے پر سیاست انتہائی افسوس ناک بات ہے، کے فور منصوبے کو سرد خانے کی نذر کیا گیا ، 2018ء میں چور، ڈاکو کی گردان شروع ہوئی، سابق وزیراعظم کو کے فور منصوبے کی کوئی فکر نہیں تھی، سابق وزیراعظم کی ہرمنصوبے میں فتنہ پر مبنی سوچ تھی، سابق وزیراعظم نے اچھے انداز میں گفتگو کرنا سیکھا نہیں تھا، چار سال چور، ڈاکو کا نعرہ لگانے والا کرپشن کیس میں پکڑا گیا تو جلاؤ، گھیراؤ شروع کر دیا، یہ کہاں کی سیاست ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بڑے حادثے ہوئے لیکن کبھی سیاسی جماعت کے لیڈر نے نہیں کہا فوجی تنصیبات کو جلا دو، سابق وزیراعظم نے اس منصوبے کو بدنیتی کی بنیاد پر موخر کیا تھا، ہم اس منصوبے کو فوری مکمل کروائیں گے، کے فور کو مکمل کرانے کے لیے بھرپور کوششں کریں گے، یقین دلاتا ہوں یہ منصوبہ میرے لیےتمام منصوبوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صاف پانی آپ سب کا حق ہے، بلاول بھٹو بھی ٹینکر سے پانی پیتے ہیں، کراچی سب سے زیادہ کمائی کرنے والا شہر ہے، کراچی جیسے شہر میں پینے کے پانی پر سیاست کسی صورت جائز نہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ظلم کیا تو یہ کریمنل ایکٹ ہے، کے فور منصوبے کے لیے فنڈز بجٹ میں نمبرون ترجیح ہو گی۔
مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کےفور منصوبے سے صنعتوں کی پانی کی طلب پوری ہونے سے پاکستان کی معاشی ترقی ہو گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اس منصوبے کی بروقت تکمیل کوخاص اہمیت دے رہی ہیں، کےفور منصوبے سے کراچی کو پہلے مرحلے میں روزانہ 260 ملین گیلن پانی کی سپلائی میسر ہو گی، کراچی شہرمیں 1200 ملین گیلن یومیہ پانی کی طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 260 ایم جی ڈٰکی صلاحیت کے ساتھ K-IV فیز -I کو واپڈا کے ذریعے 2025 میں مکمل کیا جائے گا، کےفور منصوبے کی اہم سرگرمیوں کےحوالے سے رقم کی آمد کے مسائل کا سامنا ہے، کےفور مکمل تب ہو گا جب تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے فنڈز کی روانی کو یقینی بنایا جائے، وفاقی حکومت نے PSDP سے 113 ارب روپے فراہم کیے ہیں.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کے فور منصوبے میں تاخیر کے باعث لاگت میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے، کے فور K-IV کراچی شہر جو منی پاکستان ہے اس کیلئے بہت بڑا ریلیف لائے گا، کراچی میں دومختلف مقامات پر پائلٹ بنیادوں پر سی واٹر ریورس اوسموس(SWRO) پلانٹس لگائے جا رہے ہیں.
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت PSDP-2023-24 کی مد میں ان دوپلانٹس کیلئے فنڈز جاری کرے، وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست ہے کہ پلاننگ ڈویژن کو خاص ہدایات جاری کریں۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے دورہ لندن پر وضاحت پیش کر دی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر بابر اعوان نے نجی دورے پر لندن روانہ ہونے پر وضاحت پیش کر دی۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ نجی مصروفیات کے لئے ملک سے باہر آیا ہوں، میری ساری دوائیاں پاکستانی اور علاج قابل فخر پاکستانی ڈاکٹر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے دوست تھے اب میرا لیڈر ہے، تحریک انصاف میری لارجر فیملی ہے اور پاکستان میری منزل مراد۔

مراد راس نے بھی پی ٹی آئی اور عمران خان سے راہیں جدا کر لیں

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر مراد راس نے کہا ہے کہ پارٹی کی 9 مئی والی سیاست سے اتفاق نہیں کرتے، ہم پی ٹی آئی اور عمران خان سے اپنے راستے جدا کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف مراد راس نے کہا کہ امریکہ سے کشتیاں جلا کر واپس آیا تھا، 2013ء میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، 2018ء میں اسی حلقے سے دوبارہ الیکشن جیتا، 15 سال تحریک انصاف میں دل سے جدوجہد کی، پارٹی کیلئے جو کر سکا وہ کیا، ہم جمہوریت اور ووٹ پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن سوچ بھی نہیں سکتا کتنا مشکل ہے، کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اداروں سے لڑائی ہو، اختلافات ہوتے ہیں لیکن انہیں بیٹھ کر حل کیا جاسکتا ہے، یہ ملک سب کا ہے، لڑائی سے معاملات حل نہیں ہوتے، عام آدمی کو بہتر کرنا ہے تو لڑائی سے تو بہتری نہیں آسکتی۔
مراد راس نے کہا کہ عمران خان جب لاہور شفٹ ہوئے تو جو مشیر ان کے ساتھ جڑ گئے یہ سب اس کا نتیجہ ہے، مشیروں نے ہمیں کس جگہ لا کر کھڑا کردیا، عمران خان کے مشیر حالات یہاں تک لے کر آئے ہیں، نو مئی کے واقعے کی جتنی مذمت کریں کم ہے، ہمارا ملک ہے ملک کی چیزوں کو نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا مل کر بیٹھیں، جو سمجھتے ہیں ملک نے آگے چلنا ہے سب آئیں اور مل کر بیٹھیں، نو مئی کا واقعہ ہونا چاہیے تھا نہ ہی یہ پلان میں تھا، ہم نے کبھی ایسی سیاست نہیں کی تھی، سمجھ سے باہر ہے یہ سب کیسے ہوا۔

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ : سابق آئی جی سندھ و پنجاب ضیاءالحسن کا بیٹاگرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) 9 مئی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث سابق آئی جی سندھ وپنجاب میجر (ر) ضیاء الحسن کے بیٹے کوگرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ میجر (ر) ضیاالحسن کے بیٹے رضوان ضیاء کو جیو فینسنگ کی لوکیشن سامنے آنے پر گرفتار کیا گیاہے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم رضوان کو کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج اور توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوشیش جاری ہیں۔
دوسری جانب جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات کے بعد روپوش پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور شرپسند مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کے لئے خفیہ اداروں اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کیجانب سے ملک گیر احتجاج شروع ہوگئے تھے۔
لاہور میں چند مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات نذر آتش کی تھیں، جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا۔