All posts by Khabrain News

عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ آج اپنے دلائل مکمل کر دیں جبکہ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز کی تفصیل فراہم کر دی گئی ہے۔
سرکاری وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی ہے، اس درخواست کے بعد ہائی کورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست پر کارروائی کیسے ہوسکتی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ہمارے پاس جو درخواست ہے، اس میں مختلف نقاط اٹھائے گئے ہیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 16 مئی کو ایک درخواست دائر کی تھی، اس درخواست میں آپ نے استدعا کی کہ 9 مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اسی نوعیت کا ریلیف آپ نے سپریم کورٹ سے بھی مانگا ہے، تو کیا آپ کو یہ درخواست واپس نہیں لینی چاہیے۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ پاکستان میں 1974ء کے بعد سیاسی انتقام کے حوالے سے کوئی عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہے، آج جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، موجودہ صورتحال میں سیاسی انتقام کے حوالے سے جامع عدالتی حکم وقت کی ضرورت ہے، امید کرتے ہیں یہ 5 رکنی لارجر بنچ اس سیاسی انتقام پر جامع فیصلہ دے گا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان کی عمر 71 برس ہے اور ان پر کریمنل کیسز بنائے گئے ہیں، اس عمر میں کرائم کے کیسز کی بہت کم مثالیں ملتی ہیں۔
جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے کلائنٹ غیر معمولی ہیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی بالکل وہ بہت فِٹ ہیں اور ہمیں اس بات کا طعنہ ملتا ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ یہ کہتے ہیں بدنیتی سے ایک کے بعد دوسرا مقدمہ درج کیا گیا، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں تھے، ہم دیکھتے ہیں کہ فاضل ججز عدالتوں کے اندر سے گرفتار کروا دیتے ہیں ملزمان کو۔
عدالت نے کہا کہ آپ اسلام آباد ہائی کورٹ کی نہیں، پنجاب کی بات کریں، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ جتنا ریلیف عمران خان کو عدالتوں سے مل رہا ہے تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ کو اس عدالت کے سامنے یہ بات نہیں کرنا چاہیے تھی، یہاں صبح سے شام تک ہر ملزم کو حفاظتی ضمانتیں ملتی ہیں۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں شرپسندوں کی کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لیے زہر قاتل بن گیا ہے، وہ لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں اور پھر پھینک دیتے ہیں، یہ ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے، وہ سب سے پہلے اپنے محسنوں کے ہی دشمن بن جاتے ہیں۔
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشتگرد کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہنا چاہتی، 22 سال سے سیاسی سفرمیں ایسا ماحول اور منظر نہیں دیکھا، ملوث افرادکو عبرتناک سزا دی جائے، واقعات کی آزادانہ انکوائری کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی زمان پارک سے منصوبہ بندی کی گئی، بیرونی ایجںڈے پر سازش تیار کی گئی، سازش کا مقصد اداروں کی تضحیک، غیرملکی آقاؤں کو خوش کرنا تھا، منصوبہ بندی کے تحت شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا، اپنے چشم وچراغ قوم کو دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھرشرپسندوں نےعمران خان کی سوچ کو یرغمال بنایا ہوا تھا، میں نے پی ٹی آئی کو نہیں ان کے منشور کو جوائن کیا تھا، سیاسی سفر جاری رہے گا، سیاست کا محور حلقے کےعوام ہیں۔

حکومت کا لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں نوجوانوں کو بااختیار بنایا، ان کے بہتر مستقبل کیلئے منصوبے شروع کئے، 2013 میں نواز شریف نے یوتھ پروگرام کا آغاز کیا، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے اور گزشتہ دور میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے 2018 میں لیپ ٹاپ سکیم بند کر دی گئی، رواں سال لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کر رہے ہیں، گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو شر پسندی کی طرف راغب کیا اور منفی باتوں کے ذریعے ان کی ذہن سازی کی گئی۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات اسی کا تسلسل ہے، ہر محب وطن ان واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے، نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، 54 ہزار بچوں کو مختلف کھیلوں کا حصہ بنا چکے ہیں، نیشنل انوویشن پروگرام کے تحت 3 ہزار طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ملک قاسم خان کا ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان

پشاور : (ویب ڈیسک) سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان نے بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا ۔
سابق صوبائی مشیر ملک قاسم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، مزید وقت اس طرح کی پارٹی میں نہیں گزار سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے اور جو نہیں کہتے وہ کرتے ہیں ، خان صاحب آپ نے جو پارٹی کا نام رکھا ہے یہ زیادتی ہے، تحریک انصاف میں انصاف کا کوئی نام نہیں۔
ملک قاسم نے کہا کہ یہ زیادتیاں اور ناانصافیاں کب تک برداشت کرتے رہیں گے، ہمارے قومی مفاد میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم پر کوئی دباؤنہیں ، سیاست نہیں چھوڑ رہے ،اس کو عبادت سمجھتے ہیں، آئندہ کا لائحہ عمل ہم بیٹھ کر طے کریں گے۔
یاد رہے کہ کرک سے تعلق رکھنے والے ملک قاسم خان سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر رہے ہیں اور وہ 2013 میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

سرکاری چھتری تلے بننے والی پارٹیاں کبھی کامیاب نہیں ہوتی : شیخ رشید

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ سرکاری چھتری تلے جو بھی پارٹی بنی ہے یا عنقریب بنے گی وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتی ۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہےکہ میں 50سال سے اکیلی سیٹ پر پاکستان کی سیاست میں دربان حسین ہوں، حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہوں، ناامیدی کفر ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے فیصلوں میں دیر کی تو وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، ہر طرف مایوسی چھائی ہوئی ہے، موسم بہار آکر رہے گا، جیسے تیسے بھی الیکشن ہوکر رہیں گے۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ یہ سارے میثاق جمہوریت کی پیداوار میثاق آمریت کی گود میں بیٹھے ہیں۔
میں 50 سال سے اکیلی سیٹ پر پاکستان کی سیاست میں دربان حسین ہوں حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہوں ناامیدی کفر ہے ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے عدلیہ نے فیصلوں میں دیر کی تو وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہر طرف مایوسی چھائی ہوئی ہے موسم بہار آکر رہے گا جیسے تیسے بھی الیکشن ہوئے ہو کر رہیں گے
انہوں نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گروتھ صفر ہے ،ڈیفالٹ ڈار کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے، غربت،مہنگائی،بیروزگاری اورکاروباری تباہی سے معاشی ،سیاسی ،اقتصادی صف ماتم بچھی ہے، پاکستان کی کرنسی سری لنکا ،گھانا اور افغانستان سے بھی نیچے چلی گئی ہے ۔
شیخ رشیدکاکہنا تھا کہ قوم کو مایوسی کے کنویں سے نکالاجائے اور امید کی شمع روشن کی جائے، تمام قیادت کی عمر70سال سے زیادہ ہے اور جیلوں میں جانے والے کی عمر 20سال ہے، بیماری کے بہانے ملک سے بھاگتے ہیں اور بیماری کے بہانے ہی تین تین بار پارٹی چھوڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری قوم9 مئی کےواقعے کی مذمت کر رہی ہے اورشہدا کےشانہ بشانہ کھڑی ہے، 13 پارٹیاں 9مئی کےواقعے سےسیاست نکالنےکی ناکام کوشیش کررہی ہیں۔
ساری قوم9 مئی کےواقعے کی مذمت کر رہی ہےاورشہداکےشانہ بشانہ کھڑی ہے13پارٹیاں9مئی کےواقعے سےسیاست نکالنےکی ناکام کوشیش کررہی ہیں قوم حوصلہ ہارگئی توسیاست سیاسی قبرستان بن جائےگاآپ ایک شخص کی سیاست اوراُسکی پارٹی کودفن کرنےجارہےہیں یااُسے خمینی بنانےجارہے ہیں اسکا فیصلہ وقت کرےگا
شیخ رشید نے مزیدکہا کہ قوم حوصلہ ہارگئی توسیاست سیاسی قبرستان بن جائےگا، آپ ایک شخص کی سیاست اوراُسکی پارٹی کودفن کرنےجارہےہیں یااُسے خمینی بنانےجارہے ہیں اسکا فیصلہ وقت کرےگا۔

جہانگیر ترین کا نئی سیاسی پارٹی بنانے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے نئی سیاسی پارٹی بنانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین پارٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے جبکہ علیم خان سمیت پی ٹی آئی کے کئی اہم ناراض رہنما بھی پارٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور ان کے ہم خیال دوستوں نے ابتدائی ہوم ورک مکمل کرلیا ہے جبکہ لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ بھی تیار ہوچکا ہے۔
علاوہ ازیں اس حوالے سے جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے 71 سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
دوسری جانب 9 مئی کے بعد سے عمران خان کے کئی قریبی ساتھیوں سمیت کئی ارکان پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو کافی دھچکا پہنچا ہے ۔

9 مئی کے واقعات میں ملوث تمام ملزمان کا مقدمہ فوجی عدالت میں نہیں چلے گا: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تمام ملزمان کا مقدمہ فوجی عدالت میں نہیں چلے گا، 499 ایف آئی آرز میں سے 6 ایف آئی آر کو آرمی ایکٹ کے تحت پراسیس کیا جا رہا ہے اور صرف 6 مقدمات ممکنہ طور پر فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سب کے سامنے اور مختلف باتیں سامنے آ رہی تھی، میں آج تک خاموش تھا کہ حقائق مکمل سامنے آئیں تو بات کروں اور جو حقائق پیش کروں گا وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کروں گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ابھی تک 499 مقدمات درج ہوئے جس میں 88 دہشت گردی کی دفعات پر مشتمل ہیں، ان 499 ایف آئی آرز میں سے 6 ایف آئی آر کو آرمی ایکٹ کے تحت پراسیس کیا جا رہا ہے، ان میں دو پنجاب اور چار خیبر پختونخوا میں ہے، صرف چھ مقدمات ممکنہ طور پر فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صرف 19 ملزمان ملٹری حکام کے حوالے کئے گئے جبکہ 14 گرفتار ملزمان کو خیبر پختونخوا میں فوجی حکام کے سپرد کیا گیا ہے، اے ٹی اے کے کیسز میں 3946 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں 20588 اور خیبر پختونخوا میں 1100 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر کیسز میں 5536 لوگوں کو گرفتار کیا گیا جس میں اکثریت ضمانتوں پر رہا ہوچکے ہیں باقی کے کیسز دیگر عدالتوں میں چلے گئے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث نہیں ہوگا اس کو کیسز میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ملٹری ایکٹ کا اطلاق ان کیسز میں ہوتا ہے جب کوئی عسکری عمارت اس میں شامل ہو، اگر کوئی شخص چاہے وہ کوئی فوجی کیوں نہ ہوں اور اگر وہ مجاز نہ ہوں جانے کا، تو اس کے اوپر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق ہو سکتا ہے، ایسی عمارت میں گھسنا، آس پاس رہنا یا لوگوں کو داخل کروانا قابل سزا جرم ہے، حساس عمارتوں کے قریب احتجاج اور ویڈیوز نہیں بنائی جا سکتی۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ فوجی عدالتوں میں مقدمات کے حوالے سے کسی قانون سازی یا ترمیم کی ضرورت نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نفرت کی سیاست کا آغاز 2014 کے دھرنے سے کیا گیا اور ایک سیاسی جماعت نے اپنی سیاست کو جہاد کا نام بھی دیا، پاکستانی معاشرے میں نفرت پھیلانے کیلئے بہت محنت کی گئی، 9 مئی کو جو کچھ ہوا تھا وہ بھی اسکا تسلسل تھا۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ، برآمدات میں اضافے کیلئے وسائل مہیا کرینگے: وزیراعظم شہباز شریف

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسائل اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ملک کی برآمدات میں اضافے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کے لئے مالی مسائل کے باوجود تمام ممکنہ وسائل مہیا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ٹیکسٹائل ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس ایکسپو میں بیرون ملک سے بھی سرمایہ کار شریک ہیں جو خوش آئند ہے، ٹیکسٹائل نہ صرف ہماری معیشت بلکہ برآمدات کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف چیلنجوں کے باوجود پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، کاروباری افراد کی انتھک محنت کےباعث ٹیکسٹائل کا شعبہ بہتر ہو رہا ہے، سرمایہ کار پاکستان آکر خوشی محسوس کرتے ہیں، مسائل کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر ہماری برآمدات کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیٹ ویئر اور گارمنٹس کی عالمی برانڈ کی جانب سے مانگ، پرانے ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی میں جدت اس شعبہ کے اہم سنگ میل ہیں، وزیرتجارت، سیکرٹری تجارت اور ان کی ٹیم اور پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین زبیر موتی والا کی اس شعبہ کی بہتری کے لئے نمایاں کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، ٹیکسٹائل کے شعبہ کا ملکی برآمدات میں حصہ 60 فیصد ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا اور شرکاء نے شہباز شریف کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء مریم اورنگزیب، احسن اقبال، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر بھی تھے۔

پی ٹی آئی کوہاٹ کے نائب صدر بشیر احمد نے بھی پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ضلع کوہاٹ کے نائب صدر بشیر احمد نے بھی پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے سینئر نائب صدر بشیر احمد نے 9 مئی کے واقعات کی پر زور مزمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
کوہاٹ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور شہداء کے یادگار مسمار کرنے کی پرزور مزمت کی اور ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی ضرورت پرزور دیا۔
بشیر احمد نے کہا کہ ملکی اداروں کو نقصان پہنچانے والی جماعت کے ساتھ چلنا مشکل اور ملک کے ساتھ غداری ہے لہذا ان وجوہات کی بناء پر تحریک انصاف سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

تحریک انصاف کے مزید 146 رہنماؤں کے نام نوفلائی لسٹ میں شامل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 146 رہنماؤں کے نام نوفلائی لسٹ میں شامل کر دیئے۔
پروونشل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل) میں ڈالے گئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی تعداد 226 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق تمام افراد کی لسٹیں ایئرپورٹس پرامیگریشن حکام کو فراہم کردی گئیں، پولیس، نیب اورمحکمہ اینٹی کرپشن کے مراسلوں پر نام لسٹ میں ڈالے گئے ہیں۔
نوفلائی لسٹ میں شامل افراد کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہو گی، مذکورہ افراد کو ایک دفعہ بیرون ملک جانے کیلئے بھی وزارت داخلہ کی اجازت لینا ہوگی۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک اںصاف سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوں کے نام گزشتہ روز نوفلائی لسٹ شامل کیے گئے تھے، نام پولیس کی سفارش پر 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں ڈالے گئے ہیں۔