All posts by Khabrain News

نیو میکسیکو: فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک

فارمنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شمال مغربی علاقے فارمنگٹن میں فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور اکیلا تھا جو فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، فائرنگ کے دوران 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کیلئے سان جوآن ریجنل میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے مزید حملے کے پیش نظر شہر کے کئی سرکاری سکولوں میں سکیورٹی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جسے بعد میں ہٹا دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

چین میں امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید پر امریکا کا ردعمل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے چین میں امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا ہونے پر کہا ہے کہ وہ 78 سالہ شہری کی سزا سے آگاہ ہیں۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا کو معلوم ہے کہ اس کے شہری پر چین میں جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا ہے، ہماری اولین ترجیح اپنے سمندر پار شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
امریکی شہری جون شنگ واں لیانگ کی سزا کے بارے میں چینی عدالت نے کہا کہ وہ جاسوسی کے مرتکب پائے گئے ہیں اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
امریکی شہری کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

برطانیہ کا روس کیخلاف جنگ کیلئے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کا وعدہ

لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانیہ نے روس کے خلاف جنگ کے لیے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر ولا دی میر زیلنسکی نے برطانیہ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے ساتھ ملاقات کی۔
برطانوی وزیر اعظم کے آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ یوکرین کو سینکڑوں مزید فضائی دفاعی میزائلوں کے ساتھ ساتھ 200 کلومیٹر (124 میل) سے زیادہ کی رینج کے ساتھ لانگ رینج اٹیک ڈرونز دینے کے لئے تیار ہے۔
زیلنسکی نے فروری 2022 میں روس کے حملہ کرنے کے بعد برطانیہ کے اپنے دوسرے دورے پر اپنے کٹر اتحادی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنگ صرف یوکرین کے لیے نہیں، پورے یورپ کے لیے اہم ہے۔
سنک نے زیلنسکی کو بتایا کہ آپ کی قیادت، آپ کے ملک کی بہادری اور ہمت ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔
رپورٹس کے مطابق پچھلے کچھ دنوں میں زیلنسکی نے فرانس، جرمنی اور اٹلی کا دورہ کیا ہے اور وہ مزید امداد کی تلاش میں ہیں کیونکہ یوکرین روس کے قبضے میں لیے گئے علاقے کو واپس لینے کے لیے ایک حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

نیوزی لینڈ : ہاسٹل میں آگ لگنے سے 6 افراد جھلس کر ہلاک

ویلنگٹن : (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں ایک ہاسٹل کی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
کیویز میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بجھانے والے ہنگامی عملے کو ایڈیلیڈ روڈ پر واقع لوفرز لاج ہاسٹل کی اوپری منزل پر آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تو عملے نے جلد وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو عملہ آگ سے متاثرہ عمارت سے 52 افراد کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوا جبکہ 30 افراد تاحال لاپتہ ہیں، زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے اور چار کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
سکیورٹی حکام کی جانب سے آگ جان بوجھ کر لگائی جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرس ہپکنز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہاسٹل میں آگ لگنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور دیگر لاپتہ ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کیویز وزیر اعظم نے حادثے کو افسوسناک قرار دیا اور مقامی فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ بتا دیں کہ عمران خان نے مزید کیسز میں کس دن آنا ہے؟ اسی دن کی تاریخ رکھ دیتے ہیں۔
عدالت نے عسکری اداروں کے افسران کے خلاف بیان بازی کے مقدمے اور مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا کی مدعیت میں درج اقدام قتل کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے لاہور ہائیکورٹ میں نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی جسے اعلیٰ عدالت نے منظور کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فرخ حبیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے فرخ حبیب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا، سابق وزیر مملکت کو نام سٹاپ لسٹ میں ہونے کے باعث دبئی جانے سے روکا گیا تھا۔

جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر سول سوسائٹی کیلئے کھول دیے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) 9 مئی کے احتجاج اور ہنگاموں کے نتیجے میں جلائے گئے جناح ہاؤس اور ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر عوام اور سول سوسائٹی کیلئے کھول دیے گئے ہیں۔
سول سوسائٹی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اجتماعی اصلاح کیلئے باہمی رواداری اور اتحاد پر زور دیا جبکہ عوام نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تاریخی اثاثوں کے تقدس کی پامالی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
دونوں مقامات ہر روز دن 11 بجے سے 1 بجے اور پھر 3 بجے سے شام 6 بجے تک عوام الناس کیلئے کھلے رہیں گے، عوام ان مقامات پر بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان میں پُر تشدد مظاہروں اور گرفتاریوں پر امریکا کو تشویش

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستان میں احتجاج اور گرفتاریوں پر امریکا کا رد عمل سامنے آگیا۔
واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نائب ترجمان اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت کو ترجیح نہیں دیتے، یقین رکھتے ہیں کہ احتجاج اور اظہار رائے بغیر تشدد کے ہونا چاہیے۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ احتجاج اور اظہار رائے ایسا ہونا چاہیے جس سے سرکاری ملازمین یا املاک کو نقصان نہ پہنچے جبکہ گرفتاریاں بھی قانون کےمطابق ہونی چاہئیں۔
نائب ترجمان اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان پاک امریکا تعلقات کیلئے اہم ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو بھی گرفتار کر لیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہر یار آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب اسلام آباد پولیس نے اہم پارٹی رہنما شہریار آفریدی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق سابق وفاقی وزیر کو تھری ایم پی او کے تحت وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایف ایٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہریار آفریدی کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، جس میں وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سکیورٹی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ ہفتے ہونا تھا جسے بعد میں ملتوی کیا گیا تھا۔