All posts by Khabrain News

وزیر خارجہ بلاول بھٹو دورہ یورپ مکمل کر کے وطن پہنچ گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورہ یورپ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔
بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے میں ہنگری سے کراچی پہنچے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 20 فروری کو اسلام آباد سے جرمنی پہنچے تھے۔
وزیر خارجہ نے 3 روزہ دورہ یورپ کے دوران جرمنی، برطانیہ اور ہنگری میں اہم ملاقاتیں کیں۔

آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہونگے : شیخ رشید

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہونگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم کو صرف عدلیہ سے ہی توقع ہے باقی سب سے مایوسی ہے، عدلیہ ہی اس ملک کو بحران سے نکالے گی اور چوروں کو آئین کے شکنجے میں لائے گی ۔
شیخ رشید نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس قوم سے بیہودہ مذاق تھی غریب قحط سےمر گیاہے مہنگائی کاجن حکومت کو کھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 13 پارٹیاں کسی صورت الیکشن نہیں چاہتیں، صرف عمران خان الیکشن چاہتا ہے، آئی ایم ایف کی صدر بھی کہتی ہیں کہ امیروں کو سبسڈی دی ہے، لاہور نے جیل بھرو تحریک کا حق ادا کردیا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ آل شریف ،زرداری، فضل الرحمان کے علاوہ سب پاکستان کے لیے پریشان ہیں ، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازا ر لگا ہے، آج 2بجے لیاقت باغ پریس کلب میں خطاب کروں گا۔

پشاور میں دفعہ 144 نافذ، پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی

پشاور : (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر آفس پشاور کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ پابندی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور دفعہ 144 کا اطلاق اگلے پانچ دن تک ہوگا۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی قیادت، کارکنان آج پشاور میں گرفتاریاں دینگے : فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی قیادت اور کارکنان آج پشاور میں گرفتاریاں دینگے۔
سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ جیل بھرو زندان بھرو تحریک کا دوسران دن آج پشاور کے نام، ہتھکڑی کو چوم کر آزادیوں کا پیغام دیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ انشاءاللہ لاہور کی طرح پشاور بھی انصاف کیلئے اور مہنگائی کے خلاف گرفتاریوں کی اس تحریک کیلئے باہر نکلے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جیل بھرو تحریک کا آغاز کل سے صوبائی دارالحکومت لاہور سے ہو چکا ہے، تحریک کے پہلے روز پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں اور 80 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کیں، گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے ۔

جیلیں کم پڑگئیں تو رنی کوٹ میں پی ٹی آئی کیلئے خصوصی جیل قائم کرینگے: شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک کا بھی شوق پورا کر لے۔
شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دادو، سکھر، جیکب آباد جیل میں پی ٹی آئی والوں کی مہمان نوازی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، اگر جیلیں کم پڑگئیں تو رنی کوٹ میں پی ٹی آئی کے لیے خصوصی جیل قائم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے بچے لندن میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں، ان کے لانگ مارچ، دھرنے اور تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں دوبارہ اضافہ، 13 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 338 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 338 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 36 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.67 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سائفر کیس کا فیصلہ تحریر کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتی، آئین کا آرٹیکل 175 عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ کرتا ہے، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے پاس سائفر کی تحقیقات کرانے کا اختیار تھا۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سائفر خارجہ امور میں آتا ہے جو وفاقی حکومت کا اختیار ہے، درخواست گزار سائفر سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کو ثابت نہیں کر سکے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے تینوں چیمبر اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر سماعت کی تھی، ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ، نعیم الحسن اور طارق بدر نے سائفر کی تحقیقات کیلئے چیمبر اپیلیں دائر کی تھیں۔

انتخابات میں تاخیر کا معاملہ: تاریخ دینا کس کا اختیار؟ سپریم کورٹ آج جائزہ لے گی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس لے لیا جس پر 9 رکنی بنچ آج دوپہر 2 بجے سماعت کرے گا۔
9 رکنی بنچ کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان کریں گے جبکہ بنچ کے دیگر ممبران میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ازخود نوٹس 3 سوالات پر لیا گیا، دیکھا جائے گا کہ انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے؟ ازخود نوٹس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری کس نے اور کب پوری کرنی ہے؟ فیڈریشن اور صوبوں کی آئینی ذمہ داری کیا ہے؟۔
دوسری جانب حکومت نے 9 رکنی بنچ میں شامل دو ججز جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا ہے، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ہمیں امید ہے دونوں ججز ہمارے تحفظات کی وجہ سے بنچ سے علیحدہ ہوجائیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان بار کونسل نے بھی از خود نوٹس کیس میں 9 رکنی بنچ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ اس معاملے پر فُل کورٹ بنچ بننا چاہیے تھا۔

لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

لکی مروت : (ویب ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں دہشت گردوں میں سے 4 کی شناخت ضیا اللہ ، صفت اللہ، محب اللہ اور کلیم اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دیگر دو دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

جیل بھرو تحریک : زبیر نیازی اور عباد فاروق کیخلاف پولیس موبائل پر حملے کا مقدمہ درج

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں زبیر خان نیازی اور عباد فاروق کے خلاف پولیس موبائل پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے پولیس سٹیشن سول لائنز میں سب انسپکٹر افضل ورک کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں دہشت گردی ، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق میاں عباد فاروق نے مال روڈ پر 70 سے 80 افراد کیساتھ پولیس موبائل پر حملہ کیا اور اسے چاروں اطراف سے نقصان پہنچایا، حملے کے دوران پولیس موبائل وین کی فرنٹ سکرین بھی توڑ دی گئی، میاں عباد فاروق نے باوردی اہلکاروں کو دھمکیاں بھی دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق زبیر نیازی ، میاں عباد سمیت دیگر ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں۔