All posts by Khabrain News

آئین سے کھلواڑ شروع، صدر 72 گھنٹوں میں الیکشن کی تاریخ دیں گے، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج سے آئین سے کھلواڑ شروع ہوگیا ہے، امید ہے صدر 72 گھنٹوں میں الیکشن کی تاریخ دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ امید ہے عمران خان آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، دنیا کو ہماری بگڑتی معیشت پر تشویش ہے، امیروں کو سبسڈی دی جاری ہے اور غریبوں کا گلہ گھونٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات سنگین ترین ہوگئے ہیں، دہشتگردی کو روک نہیں پا رہے اور مہنگائی کو کھلی چھٹی دے دی ہے، مزید تاخیر بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت سے انکار کرے تو سمجھ لیں آئینی بحران شروع ہو گیا ہے، اللہ کے بعد عدلیہ ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر دفاع کہتے ہیں ملک ڈیفالٹ ہوچکا اور جس پٹرولیم کا سٹاک ختم ہو رہا ہے اس کا وزیر کہتا ہے کہ دیوالیہ نہیں ہوا، بھونڈے انداز میں ترکی کو امداد دی گئی۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی گمشدگی: سندھ پولیس نے ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ پولیس کی جانب سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گمشدگی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا گیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور دیگرکی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی گئی، سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانے میں زیر حراست نہیں ہیں۔
وفاقی حکومت اور رینجرز پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے وفاقی حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
ایان میمن ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ پولیس کو محمد خان بھٹی کو تلاش کرنے کا پابند کیا جائے۔
درخواست محمد خان بھٹی کے داماد عمر افتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ محمد خان بھٹی 6 فروری کو مٹیاری کے قریب سے غائب ہوئے، اندیشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو حکومت کے اداروں نےگرفتار کیا ہے، محمد خان بھٹی پر تشدد کا اندیشہ ہے، عدالت میں فوری پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔

رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں آڈیو لیک معاملے پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدلیہ کو سکینڈلائزڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، رانا ثنا اللہ نے آڈیو لیک کر کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کر کے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا گیا، غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں ہم اس کو سنبھال لیں گے، سپریم کورٹ اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے استفسار کیا کہ وہ آڈیو کہاں ہے، کیا آپ نے درخواست کے ساتھ لف کی ہے؟، کیا اس آڈیو کا فرانزک ہوا ہے؟۔
عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جائیداد تنازع: کے پی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کیخلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان سمیت ان کے دو ساتھیوں کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مضافاتی علاقے ریگی سفید سنگ میں ڈپٹی سپیکر کے پی اسمبلی محمود جان اورعیسیٰ خیل قوم کے درمیان جائیداد کا تنازع چلا آرہا تھا۔
گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ متنازع زمین میں ایکسی ویٹر سے کام شروع کیا تو مخالف فریق کی جانب سے سے منع کرنے پر فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آ کر محمد علی نامی شخص زخمی ہوا۔
محمد علی کوجب لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعہ کا مقدمہ ڈپٹی سپیکر محمود جان سمیت تین افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

عمران خان کا آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حفاظتی ضمانت پر دستخط کی تصدیق کیلئے آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے معاملہ پر چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی سکیورٹی ٹیم نے ہائیکورٹ کا دورہ کیا، سکیورٹی ٹیم نے عدالت کے مرکزی گیٹس پر سکیورٹی چیک کی، سکیورٹی ٹیم نے ہائیکورٹ کے اندر بھی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کا سپیشل سکواڈ بھی ایکٹو، سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ عدالت جائے گا۔
دوسری جانب زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان سرگرم ہیں، زمان پارک کے اطراف میں شدید نعرے بازی کی گئی، پولیس پارٹی کو زمان پارک میں جانے سے روکنے پر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔
گاڑی کو اندر سے اجازت اور مکمل چیکنگ کے بغیر اندر نہیں جانے دے سکتے، پولیس اندر سے اجازت ملنے پر گاڑی اندر چلی گئی۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گاڑی کو ہائیکورٹ کے احاطے میں داخلے کیلئے اجازت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

عمران خان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت کیلئے درخواست مسترد

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی پیشی کا معاملہ ، عمران خان کی گاڑی کو ہائیکورٹ کے احاطے میں داخلے کیلئے اجازت کی درخواست مسترد کردی گئی ۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عابد عزیز شیخ نے بطور انتظامی جج فیصلہ سنایا ، عمران خان کے وکلا نے گاڑی کو احاطہ عدالت میں لانے کے لیے انتظامی سطح پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا ۔
عمران خان کی ہائیکورٹ میں پیشی بارے لیگل ٹیم عمران خان سے دوبارہ مشاورت کرے گی ۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو حفاظتی ضمانت کی درخواست میں دستخط کی تصدیق کےلیے طلب کر رکھا ہے۔

بلاول بھٹو کی سربراہ یورپین یونین امور خارجہ جوزپ بوریل سے ملاقات

میونخ: (ویب ڈیسک) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یورپین یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل کے درمیان جرمنی میں جاری میونخ سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ماحولیات، علاقائی سکیورٹی، مائیگریشن، قوانین پر مشتمل ورلڈ آرڈر، باہمی اور دیگر بین الاقوامی امور پر گفتگو کی۔
یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل نے اس ملاقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے علاقائی مسائل اور سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا، میں نے اس ملاقات میں بین الاقوامی قوانین پر مبنی آرڈر کے تحفظ کے لیے یورپین یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش پر زور دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ موسمیاتی لچکدار بحالی، تجارت اور نقل مکانی سے متعلق چیلنجوں پر بھی بات کی۔
دوسری جانب، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بتایا کہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جوزپ بوریل کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، 12 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 17 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.47 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 12 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو

میونخ : (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے، یوکرین جنگ اور سیلاب نے ملکی معیشت کو تباہ کیا لیکن پاکستان ایک بار پھر ابھرتی معیشت بن کر اپنے مسائل حل کر سکتا ہے۔
میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے کنزیومر نیوز اینڈ بزنس چینل (سی این بی سی ) کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی، ملکی معیشت اور افغانستان کی صورت حال پر گفتگو کی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان نادہندہ اور دیوالیہ ہو گیا ہے کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر دفاع سیاسی تناظر میں بات کر رہے تھے ، وہ تکنیکی نہیں بلکہ مشکل معاشی دور کا ذکر کر رہے تھے، انہوں نے ملک دیوالیہ ہونے کا بیان سیاسی جلسے میں دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں بدترین معاشی طوفان کا سامنا ہے، پاکستان کا ایک بڑا حصہ حالیہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا ہے ، سیلاب کی تباہی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے، موسمیاتی سیلاب نے پاکستان کی معیشت کا رخ بدل دیا ہے اور پاکستان ابھی تک مشکلات سے باہر نہیں نکل سکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 5 ملین ایکڑ فصلیں تباہ ہوئیں، پاکستان معاشی بحران سے نکلنے کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے مذاکرات کر رہا ہے، یوکرین جنگ اور سیلاب نے ملکی معیشت کو تباہ کیا لیکن پاکستان ایک بار پھر ابھرتی معیشت بن کر اپنے مسائل حل کر سکتا ہے۔
انہوں نے پشاور اور کراچی میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان حالیہ دنوں میں دہشت گردی سے بھی متاثر ہوا ہے اور افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا، پشاور حملے میں 100 لوگ مارے گئے اور کراچی میں بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں غیر آئینی اقدام نہیں ہوں گے، اپوزیشن نے جو اقدامات اٹھائے وہ تاریخ میں پہلی بار ہوئے ہیں، جمہوریت میں سابق وزیر اعظم عمران خان جمہوری انداز اپنا کر واپس آسکتے ہیں مگر وہ جمہوری انداز نہیں اپنا رہے جو ان کے لئے سود مند نہیں ہے۔

عمر کوٹ : کلانکر جھیل میں زائرین کی کشتی الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق

عمر کوٹ : (ویب ڈیسک) صوبہ سندھ کے شہر عمر کوٹ میں زائرین کی کشتی کلانکر جھیل میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی الٹنے کے باعث 6 افراد جھیل میں ڈوبے، زائرین نوری والی کے مزار پر حاضری کے لئے جا رہے تھے، حادثے میں جاں بحق ہونے والے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر تین کی تلاش کے لئے جاری ریسکیو آپریشن کو اندھیرے کے باعث روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔