All posts by Khabrain News

جانوروں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں انسانوں کو بھی لاحق ہوتی ہیں، ہم نہ صرف جانوروں کا بلکہ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔

یہ بات انہوں ںے پاک پتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک پروگرام میں جانور پالنے والوں کو ان کی دیکھ بھال کی مد میں دو لاکھ 70 ہزار روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک پروگرام کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں سے 11 ارب روپے لائیو اسٹاک کارڈ کے لیے ہیں، اس کارڈ سے 90 ہزار لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے جس میں چار لاکھ جانوروں کے لیے رقم مختص کی جاسکے گی، جانور کی بہتر نشوونما کے ذریعے گوشت کو برآمد کیا جاسکے گا جانوروں کی ٹیگنگ کی جائے گی اور کیو آر کوڈ بھی دیا جائے گا۔

سیاسی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں بلکہ انسانوں کو بھی لاحق ہوتی ہیں، ایسے بیمار لوگوں کا قدم ملک کے خلاف ہی اٹھتا ہے اور منہ کھلتا ہے تو گالی اور بدتمیزی نکلتی ہے، ہم نہ صرف جانوروں کا بھی بلکہ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہم نے حکومت سنبھالی تو سنتے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے والا ہے اور اب دس ماہ میں ہی ملک ترقی کرنے لگا اور اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

گریٹر اسرائیل نقشہ؛ سعودی عرب کا شدید احتجاج

عظیم اسرائیلی ریاست کے نام سے ایک نقشہ سامنے آیا ہے جس میں نہ صرف فلسطین بلکہ اردن، لبنان اور شام کے کچھ علاقوں کو بھی شامل کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب ممالک نے گریٹر اسرائیل کے نقشے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔

سعودی عرب کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں گریٹر اسرائیل نقشے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے انتہا پسندانہ رویے کے باعث خطے کا امن اور سلامتی خطرے میں ہے۔

سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو بین الااقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی سے روکا جائے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ خطے میں بحرانوں کے خاتمے کے لیے ریاستوں اور ان کی سرحدوں کی خودمختاری کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔

متحدہ عرب امارات نے بھی گریٹر اسرائیل نقشے کو مسترد کرتے ہوئے کہ کسی بھی خطے کی سالمیت اور سرحدی خلاف ورزی کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ اسرائیل جارحیت سے باز رہے۔

فلسطین اور اردن نے بھی گریٹر اسرائیل نقشے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے غاصبانہ عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل گریٹر نقشے کے تحت یہودی ریاست کو ایک تاریخی حقیقت قرار دیتے ہوئے کہتا آیا ہے کہ یہ علاقے تاریخی طور پر ایک عظیم اسرائیلی ریاست کا حصہ رہے ہیں۔

پاکستانی ویزے مسترد, رجحان کیوں بڑھنے لگا

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر صادق صابرنے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزا کی درخواستوں کے لیے بینک اسٹیٹمنٹ 10 لاکھ روپے، کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ کی ضرورت ہے۔

صادق صابر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ویزا مسترد ہونے کی شرح مبینہ طور پر 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ اماراتی حکومت کی جانب سے سخت شرائط عائد کرنا ہے۔

صادق صابر نے انکشاف کیا کہ صرف لاہور سے روزانہ 2 ہزار کے قریب ویزا درخواستیں جمع ہوتی ہیں جن میں سے 99% درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ درخواست مسترد ہونے پر درخواست دہندگان کو 1,500 سے لے کر 2,000 درہم تک کا مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

صادق صابر نے کہا کہ ویزا درخواستوں اور ہوٹل کی بکنگ کی فیسیں بھی ناقابل واپسی ہیں جو درخواست دہندہ  کے مالی بوجھ کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔

لکی مروت: اٹامک انرجی 16 ملازمین اغوا، سرچ آپریشن جاری۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں مسلح افراد نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 16 ملازمین اور ایک ڈرائیور کو اغوا کر لیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح قبول خیل میں پیش آیا۔ جس علاقے میں ان افراد کو اغوا کیا گیا ہے وہاں یورینیم کی کان کنی ہوتی ہے اور یہ منصوبہ اٹامک انرجی کمیشن کے تحت کام کرتا ہے۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ تمام ملازمین ایک ویگن میں جا رہے تھے کہ پائندہ خان کے مقام پر مسلح افراد ان کی گاڑی روک کر ملازمین کو اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ان کی گاڑی کو آگ لگا دی۔

مقامی افراد نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ملازمین کو لکی مروت سے میانوالی جانے والے راستے سے اغوا کیا گیا۔ یہ علاقہ صوبہ پنجاب کے علاقے عیسی خیل کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اغوا کار ان ملازمین کو کس طرف لے گئے ہیں تاہم سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ان کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مقامی امن کمیٹی کے لوگ بھی معاونت کر رہے ہیں۔

تاحال کسی تنظیم نے ان افراد کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی اغوا کاروں کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ایک بیان میں پاکستانی فوج کے اقتصادی منصوبوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

اغوا کے چند گھنٹے بعد مغوی ملازمین کی کچھ مبینہ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں ان کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کے پاس ایک محفوظ مقام پر ہیں۔ ان ویڈیو پیغامات میں مغویوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اغوا کاروں کے مطالبات تسلیم کیے جائیں اور انھیں بازیاب کرایا جائے ۔ بی بی سی آزادانہ طور پر ان ویڈیوز کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

لکی مروت میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے حالات کشیدہ ہیں اور یہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ لکی مروت کے علاقے غزنی خیل میں دو روز پہلے نامعلوم افراد نے دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا جس کے بعد مقامی امن کمیٹی اور پولیس کے اہلکاروں نے مسلح حملہ آوروں کا پیچھا کیا اور جھڑپ میں ایک مسلح شحص کو ہلاک کر دیا تھا ۔

لکی مروت کے مختللف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں جن کے خلاف کارروائی بھی کی جاتی رہی ہیں۔ گذشتہ روز تھانہ گمبیلا کی حدود میں انسداد دہشت گردی کے محکمے کے اہلکاروں اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ٹیپو گل گروپ کے تین شدت پسندوں کو جھڑپ میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو عمران خان سے ملاقات کرائی جائے، عمر ایوب

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں صحافیوں سے گفت گو میں انہوں ںے کہا کہ مذاکرات سے متعلق تین مطالبات ہیں، 9 مئی، 26 مئی کا جوڈیشل کمیشن اور کارکنان کی رہائی مطالبات میں شامل ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات چاہتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کروائی گئی۔

انہوں ںے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ملاقات کروانا جیل مینوئل میں شامل نہیں، اپنی بات سے حکومت مکر رہی ہے، اگر حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو  بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائے تاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو میٹنگ کا حصہ بنادیں۔

اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کا معاملہ؛ بھارتی میڈیا نے پھر واویلا شروع کردیا

نیشل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے پھر واویلا شروع کردیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک مرتبہ پھر ہائبرڈ ماڈل کے بعد پاکستان میں اسٹیڈیمز اَپ گریڈیشن کو لیکر منفی خبریں پھیلانا شروع کردیں ہیں تاکہ پاکستان کا مذاق اڑایا جاسکے۔

اپنے اسپانسررز کی بدولت دنیائے کرکٹ کی عالمی باڈل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر اجارہ داری قائم کرنے والے بھارتی بورڈ کے میڈیا نے خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں کہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کے کام میں تاخیر کی وجہ سے چیمپئینز ٹرافی کے پاکستان سے منتقل کی جاسکتی ہے۔

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہونا ہے تاہم 8 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ میں 15 مقابلوں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے سپرد ہے جبکہ ایونٹ بھارتی ٹیم کی وجہ سے ہائبرڈ پر ہوگا تو 5 میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

گزشتہ برس عالمی معیار کے اسٹیڈیمز بنانے عمل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا جسے 31 دسمبر تک مکمل ہونا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ 12 فروری تک اسٹیڈیمز مکمل تیار نہ ہوئے تو ایونٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا جائے گا۔

دوسری جانب پی سی بی حکام نے اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن پر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئینز ٹرافی کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کرے گا اور کسی جھوٹی افواہ پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

بورڈ کے اعلیٰ اہلکار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ کچھ لوگ پروپیگنڈا پھیلا کر سوشل میڈیا پر پاکستان کی شبیہ کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان 1996 کے بعد پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں، بجلی 10 سے 12 روپے فی یونٹ سستی کر سکتے ہیں، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں، بجلی 10 سے 12 روپے فی یونٹ سستی کر سکتے ہیں۔

 پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا اثر عام آدمی تک پہنچ چکا ہے،  بجلی صارفین کے لیے قیمتیں کم ہوئی ہیں، گیارہ سو ارب روپے کی بچت کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات میں اب حکومتی پاور پلانٹس کی باری ہے، تمام آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی ہو گی، نظر ثانی کے بعد عوام کو بہت اچھی بچت ہو گی، مزید پندرہ آئی پی پیز کے معاہدوں کو کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں۔

عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات؛ صورت حال عجیب ہوگئی

عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کے معاملے میں صورت حال عجیب ہو گئی۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنےو الی پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹی کے ارکان کی اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ  ملاقات کا معاملہ عجیب کشمکش کا شکار ہوگیا، جس میں پارٹی  رہنماؤں اور جیل حکام کی جانب سے مختلف باتیں سامنے آ رہی ہیں۔

عمران خان سے ملاقات کے معاملے میں دونوں جانب سے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے  کہا ہے کہ جیل والے بلائیں گے تو ہم جیل آئیں گے۔ دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی ملاقات کے لیے جیل نہیں آتا،  تو اجازت کس کو دیں؟۔

صورت حال کے تناظر میں گزشتہ ملاقات کے روز بھی مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام کے درمیان رابطوں کا فقدان رہا تھا اور اب بھی  جیل والے مذاکراتی کمیٹی کی آمد کے منتظر ہیں جب کہ  مذاکراتی کمیٹی جیل حکام کی دعوت کی منتظر ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے تاحال کوئی رہنما، وکیل یا فیملی ممبران جیل نہیں آئے۔

9 مئی کیس: شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔

اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جاکر سماعت کی، دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

 دیگر ملزمان میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید سمیت دیگر شامل ہیں،  تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔

9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا، اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا تھا، اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

شہری کو منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دیکر رشوت لینے والا اہلکار گرفتار

راولپنڈی میں شہری کو منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر رشوت لینے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی نے تھانہ ریس کورس کے اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ تھانہ ریس کورس میں تعینات بابر نامی اہلکار نے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی۔

شہری نے بیان میں کہا کہ  حفیظ الرحمن نیازی ایک لاکھ اور بابر کانسٹیبل ایک لاکھ روپے رشوت لے چکے ہیں۔ بابر کانسٹیبل مزید 50 ہزار روپے مانگ رہا ہے۔ رشوت دینا نہیں چاہتا۔ بابر منشیات کے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر پیسے طلب کرتا ہے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی کی جانب سے تشکیل دی گی ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ پیپلز کالونی میں چھاپہ مارا۔ کانسٹیبل بابر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے نشان زدہ 50 ہزار روپے کے نوٹ برآمد کرلیے گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔