All posts by Khabrain News

صدر مملکت کو بلوچ طلبا سے ملاقات کا عدالتی حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بلوچ طلبا سے ملاقات کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ طلبا سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ صدر مملکت کے سیکرٹری کو آئندہ سماعت پر رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا جبکہ سیکرٹری داخلہ کو بھی بلوچ طلبہ سے ملاقات کا حکم جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ سیکرٹری داخلہ بلوچ طلبا کا تحفظ یقینی بنائیں اور بلوچ طلبا کا اپنے صوبے میں جانے پر ہراسگی یا اغوا کا خدشہ دور کریں۔
چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ بلوچ طلبہ کی صدر پاکستان سے ملاقات کرائیں اور جو طالبعلم لاپتہ ہوا تھا وہ اتنا عرصہ کہاں رہا ؟ ایک دن بھی کوئی بچہ غائب کیوں ہو۔ جو بلوچ طلبا کے ساتھ ہو رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال جو بھی ہو اس سے فرق نہیں پڑتا۔ یہ عدالت تحمل کا مظاہرہ کرتی ہے اور اسے ہلکا لیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ بلوچ طلبہ سے کہتے ہیں میں ایک دن کا مہمان ہوں۔ یہ کس طرح کا رویہ ہے؟ اس طرح تو ملک نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا اس عدالت کے پسندیدہ طلبا ہیں اور بلوچ طلبا کے تمام تحفظات دور کیے جانے چاہئیں لیکن نہیں ہو رہے۔ طلبا کو اپنے صوبے میں جانے پر کوئی خوف کیوں ہو ؟ اور یہ عدالت صدر پاکستان سے امید رکھتی ہے کہ وہ بچوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ صدر اسلام آباد کی تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کریں کہ بچوں کی نسلی پروفائلنگ نہ ہو۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قائداعظم یونیورسٹی نے کمیٹی بنائی ہے اور وہ کام کر رہی ہے۔ جس پروفیسر کے بارے میں طلبہ کے تحفظات ہیں ان سے بھی جواب مانگا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جو طالبعلم لاپتہ ہوا تھا اس پر یونیورسٹی نے کیا کیا تھا؟
وکیل قائد اعظم یونیورسٹی نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے پر کمیٹی بنا دی گئی ہے اور وہ انکوائری کر رہی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو معاملہ لٹکانا ہو اس کے لیے کمیٹی بنا دی جاتی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

عمران خان کے بغیر قومی سیاست ادھوری ہے، عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کے بغیر قومی سیاست ادھوری ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے جبکہ عمران خان قوم کے متفقہ لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کو ہی حکمران کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے اور عمران خان کے بغیر قومی سیاست ادھوری ہے۔ قوم کو پہلے بھی عمران خان پر اعتماد تھا اور اب بھی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے اس پر ڈٹ کر ان کا ساتھ دیں گے۔ نہ کوئی وزیر اعظم عمران خان جیسا لیڈر آیا اور نہ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔

ماریوپول میں روسی اور یوکرینی فوجوں میں شدید لڑائی، امریکہ کا مزید اسلحہ دینے کا اعلان

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کےشہر ماریوپول میں روسی اور یوکرینی فورسز میں شدید لڑائی جاری ہے، امریکا نے یوکرین کومزید 12ہزار انٹی ٹینک میزائل، چودہ سو طیارہ شکن سسٹم دینے کا اعلان کیا ہے۔
روس اب تک ماریو پول پر مکمل قبضے میں کامیاب نہیں ہوسکا ، ماریوپول میئر کے مطابق لڑائی میں 5 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور شہر کی 70فیصد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، امریکا نے یوکرین کومزید جدید ترین ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، امریکا یوکرین کو اب تک ایک ارب ستر کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فراہم کر چکا ہے۔
ادھر صدر پیوٹن کے ترجمان نے جنگ میں روسی فوج کی ہلاکتوں کو سانحہ قرار دیا ہے لیکن اب تک مارے جانے والوں کی تعداد نہیں بتائی۔

اسرائیل کے اقتصادی شہر تل ابیب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، 8 زخمی

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے اقتصادی شہر تل ابیب کے وسطی حصے میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تل ابیب کے ایک مصروف علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی ،اس علاقے میں متعدد ریستوران اور بارز ہیں۔ حملے کے بعد زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فلسطینیوں کے حملوں میں گیارہ اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے جبکہ کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے اہم خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستان کے لیے لڑا ہوں اور آخری گیند تک لڑتا رہوں گا۔

ایک ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد اضافہ ہوا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری سیاسی ہلچل کے باعث روپیہ مسلسل دباو کا شکار ہے، ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قرض و سود کی ادائیگیوں، آئی ایم ایف پروگرام میں تعطل، بڑھتی ہوئی تجارتی اور ملک میں جاری سیاسی ہلچل کے سبب روپیہ دن بدن اپنی قدر کھو رہا ہے، دوسری جانب ڈالر کے ریٹ مسلسل بڑھ رہے ہیں، صرف ایک ماہ کے دوران ڈالرکی قیمت 10 روپے سے زائد بڑھ گئی۔
ماہرین کے مطابق ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی اشیاء جن میں خوردنی تیل، دالیں، خشک دودھ، پیٹرول، ڈیزل، برقی آلات، موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور ان کے پارٹس وغیرہ سب کے دام مزید بڑھ جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج شام ایک اہم اعلان کریں گے: سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم آج شام ایک اہم اعلان کریں گے، قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان کو چیلنجز کا سامنا کرنا آتا ہے، بظاہر اپوزیشن کو لگ رہا ہےکہ وہ جیت چکے ہیں مگر ایسا ہے نہیں، اپوزیشن ہار چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مٹھائی پھر ضائع، الفاظ یا د رکھئے گا۔ آنے والا وقت بتائے گا۔ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے۔ کپتان آج شام ایک اہم اعلان کرینگے،وہ قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

بھارتی فوج نے 5 اگست کے لاک ڈاون سے ابتک 500 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا

سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ دئیے، قابض فورسزنے 5 اگست 2019 کے بعد سے اب تک 500 سے زائد افراد کو شہید کیا، زخمیوں کی تعداد بھی دو ہزار سے تجاوز کر گئی۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ظلم وستم کا سلسلہ جاری ہیں، کشمیر میڈیا سروس نے قابض فورسز کے مظالم پر رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق 5 اگست 2019 کے بعد سے 13 خواتین سمیت 5 سو 66 کشمیریوں کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کو بھی حراست میں شہید کیا گیا۔
بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی ایک دہائی سے زائد عرصے تک نظربند رہنے کے دوران انتقال کر گئے۔ بھارتی فوجیوں کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 2ہزار 2سو 40 افراد بھی زخمی ہوئے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے 3 ممکنہ آپشنز

کراچی: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو خلاف آئین قرار دینے اور اسمبلی اور حکومت کی بحالی کے بعد تحریک انصاف کے پاس 3 ممکنہ آپشنز ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر ہفتے کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں گے ،اس صورتحال میں حکمران جماعت پی ٹی آئی بظاہر مشکل کا شکار ہو گئی ہے اور وزیراعظم اور ان کے رفقا اگلے لائحہ عمل پر مشاورت کر رہے ہیں، سیاسی ماہرین کے مطابق عمران خان اور ان کی جماعت کے پاس اس وقت تین آپشنز ہیں جن کو استعمال کر سکتے ہیں۔
پہلا آپشن سیاسی قسمت کو قبول کرناہے ، یعنی ہفتے کو ہونے والی ووٹنگ میں حصہ لیں اور شکست کی صورت میں باعزت طور پر اسے تسلیم کر کے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ جائیں ، یا پھر ووٹنگ سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان مستعفی ہو جائیں اور ایوان نئے قائد کا انتخاب کر لے ،اس صورت میں موجود حکومت کیخلاف کیسزکھلنے کا خدشہ ہے تاہم آنے والی ممکنہ حکومت موجودہ معاشی صورتحال کی وجہ سے مہنگائی کرنے پر مجبور ہو گی اس لئے وہ مقبولیت کھوسکتی ہے جس کا فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا جبکہ بطور اپوزیشن لیڈر عمران خان واقعی خطرناک ہوسکتے ہیں اور خودداری کے بیانیے کو لے کر عوامی تحریک چلا سکتے ہیں۔
دوسرا آپشن اسمبلیوں سے مشترکہ استعفے کا ہے ، ایسی صورت میں نئی حکومت کو اتنی بڑی تعداد میں ارکان کے استعفوں کی وجہ سے مشکلات آ سکتی ہیں مگر آئینی ماہرین کے مطابق استعفوں کے باجود نئی حکومت کے قائم ہونے میں رکاوٹ نہیں ہوگی تاہم اسے اخلاقی اور قانونی جواز کے حوالے سے مشکلات ہوں گی جبکہ حکومت کے پاس ایک آپشن یہ بھی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ووٹنگ کے عمل میں کوئی تکنیکی قانونی حوالے دے کر اپوزیشن کیلئے مسئلہ پیدا کر دیں۔

کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈکی چھ گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔
لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آتشزدگی سے ساتھ والی فیکٹری کےگودام کو بھی نقصان پہنچا۔