All posts by Khabrain News

گال ٹیسٹ: شاہین نے سری لنکن کپتان کرونا رتنے کو پویلین بھیج دیا

گال : (ویب ڈیسک) گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 11 رنز کے مجموعی اسکور پر گرگئی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو 1 رن پر بولڈ کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج صبح پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے شروع ہوا۔
گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان کیا گیا۔کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان سمیت امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، سلمان آغا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ محمد نواز، یاسر شاہ ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کپتان دیمتھ کرونا رتنے اور اوشادہ فرنینڈو شامل ہیں، اس کے علاوہ کوشال مینڈس، انجیلو میتھیوز ،دھننجایا ڈی سلوا اور دنیش چندیمل بھی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم میں نروشن ڈکویلا ، رمیش مینڈس ، مہیش ٹھیکشانا ، پربتھ جے سوریا اور کاسن راجیتھا بھی شامل ہیں۔

ضمنی الیکشن، انتخابی مہم ختم، میچ اتوار کو پڑیگا نظریں 20 حلقوں پر مرکوز

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہو گئی، آخری روز مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی۔
ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، آخری روز ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی۔
لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

کورونا کی چھٹی لہر میں مسلسل اضافہ، 4 ماہ بعد ایک ہی روز 10اموات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا کی چھٹی لہر میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے، 4 ماہ بعد ایک ہی روز سب سے زیادہ 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کیسز میں مسلسل تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 22 ہزار 451 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 737 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق 189 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.28فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعظم کا چودھری نثار سے ٹیلیفونک رابطہ، بھانجے کی وفات پر اظہار تعزیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کا چودھری نثار علی خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، سابق وفاقی وزیر کے بھانجے کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چودھری نثار علی خان کے بھانجے کیپٹن نعمان کی وفات پر رنج و غم اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
چودھری نثار علی خان نے ہمدردی اور تعزیت کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ کیپٹن نعمان عید الاضحیٰ سے قبل روات چک بیلی روڈ پر بگا موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

زمبابوے اور نیدر لینڈز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

بلاوائیو: (ویب ڈیسک) زمبابوے اور نیدر لینڈز نے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بلاوائیو میں کھیلے جا رہے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں زمبابوے نے پاپوانیوگنی کو 27 رنز سے شکست دی، زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، جواب میں پاپوا نیوگنی کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا سکی۔
دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈز نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی، ڈچ ٹیم نے 139 رنز کا امریکی ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ان فتوحات کے ساتھ دونوں ٹیموں نے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے

سب کے سامنے کہتا ہوں مجھ پر آرٹیکل 6 لگاؤ: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک جج نے کہا مجھ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
عمران خان کا پی پی 170 میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے ادب سے پوچھنا چاہتا ہوں، ایک جج نے کہا ہے میرے اوپر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، عارف علوی اور قاسم سوری کا کیا قصور ہے؟
عمران خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا خط کے معاملے پر اس پر تحقیقات نہیں ہوئیں، سپریم کورٹ سے پوچھتا ہوں تحقیقات کس نے کرنی تھیں؟ اس حکومت کا کام تھا کمیشن بناتے مگر یہ کیسے بناتے؟ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری تو خود اس میں ملوث تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ صدر نے خط لکھا کمیشن بناؤ اس کی تحقیقات کرو، ملک کے ساتھ اتنا بڑا سانحہ ہوتا ہےلیکن سپریم کورٹ سےبھی کوئی تحقیقات نہیں ہوتیں، سب کے سامنے کہتا ہوں لگاؤ آرٹیکل 6 مجھ پر۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عام الیکشن نہیں،دو قومی نظریےکا الیکشن ہے، ایک نظریہ امریکی غلامی کا نظریہ ہے، غلام نظریے کے لوگ ہرچیز کا سودا کرنے کیلئے تیار ہیں، انگریز کی غلامی کے بعد امریکا کی غلامی کیلئے ملک نہیں بنا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میں عدالت کے سامنے وہ باتیں بتاؤں گا جو ابھی تک قوم کو نہیں بتائیں۔

امریکی صدر کا سعودی عرب کا پہلا دورہ، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

جدہ: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے۔
صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ ہے اور سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا۔
اسرائیل کے دو روزہ دورے کے دوران امریکی صدر نے اسرائیلی اور فلسطینی قیادت سے ملاقات کی۔
امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے، وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
امریکی صدر کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔
جدہ پہنچنے پر گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے امریکی صدر کا استقبال کیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی
امریکی صدر جدہ میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کریں گے۔
اس کے علاوہ بائیڈن جدہ سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سمٹ میں بھی شرکت کریں گے جس میں بحرین، کویت، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان شریک ہوں گے۔

مہنگائی کا راج برقرار، 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مسلسل ساتویں ہفتے بھی مہنگائی کا راج برقرار رہا، رواں ہفتے بھی 29 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے برائلر مرغی 12 روپے 20 پیسے فی کلو، آلو 2 روپے 54 پیسے، باسمتی چاول 1 روپے 35 پیسے، لہسن 2 روپے 51 پیسے اور دال مونگ 1 روپے 22 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 6 روپے 67 پیسے جبکہ مٹن بھی 3 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا، دال مسور، دال ماش، پیاز اور گھی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔
دوسری جانب رواں ہفتے ٹماٹر 22 روپے 6 پیسے، دال چنا 1 روپے 48 پیسے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 11 روپے 51 پیسے سستا ہوا، 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کسانوں کو بلاسود قرضے، 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دیں گے: مریم نواز

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اسلامی کارڈ بھی کھیلا، اس نے ہم سب پر توہین مذہب کے الزام لگائے، اس نے جھوٹے الزامات لگوا کر احسن اقبال پر گولیاں چلوائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئین شکن کہتا ہے اسلامی ٹچ تو دو، سیاست میں مذہب کو استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا۔
ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے غریب کے لیے 100 یونٹ فری کیے، یہ فٹا فٹ 100 مفت یونٹ روکنے کے لیے عدالت چلا گیا، کوئی بات نہیں 17 جولائی کو جیتنے کے بعد مفت بجلی دیں گے، کسانوں کوچھوٹے بلاسود قرض دیں گے، پنجاب کے ٹیوب ویلوں کو سولر پر شفٹ کریں گے، نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ دیں گے، وعدہ کرو، 17 جولائی کو شیر پر مہر لگانا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان والو، سلمان نعیم کو مبارکباد دیتی ہوں، ملتان کا جذبہ بتا رہا ہے سلمان جیت چکا ہے، ملتان اولیا کرام کی دھرتی ہے، کل شہباز شریف نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، خواتین کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر خون بڑھ گیا ہے، ملتان کے عوام کی محبت کو کبھی نہیں بھولوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بہت ضروری باتیں کرنی ہیں درمیان میں چھوڑ کر نہ جانا، قیمتیں کم ہونے پر اڑھائی، 3 ماہ بعد سکون کی نیند سوئی، آج نواز شریف نے کہا قوم کو خوشخبری سنانا، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر مزید کم کریں گے، عمران خان بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، مسلم لیگ نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں، آنے والے دنوں میں قوم کے لیے اچھی خبریں آئیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان کی سڑکوں پر وافر مقدار میں سستا آٹا مل رہا ہے، انشا اللہ 17 جولائی کو معرکہ ہونے جارہا ہے، ملتان سے شیر کی آواز آئے گی، مسلم لیگ کے ساتھ یاری نبھاؤ گے ناں،17 جولائی کو الیکشن نہیں پنجاب کو لوٹنے والوں کے ساتھ جنگ ہے، خیبرپختونخوا بارشوں میں ڈوبا ہوا ہے، یہ پنجاب میں روز جھوٹ بول کر چلا جاتا ہے، میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، 2018 میں جھوٹے شخص نے جنوبی محاذ کا ڈرامہ رچایا تھا، اس نے جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا تھا، اس نے کوئی نیا سکول، ہسپتال نہیں بنایا، خدارا عمران قوم سے جھوٹ مت بولو، جنوبی پنجاب کو اس نے تنہا چھوڑ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کہتا ہے امریکا نے سازش کردی، سپریم کورٹ نے سازش کا بھانڈہ پھوڑ دیا، اس سازش کی آڑ میں اس نے پورے پاکستان میں انتشار، آگ پھیلانے کی کوشش کی، ہمیں چور، ڈاکو کہا گیا، چیئرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرتا رہا لیکن چور، ڈاکو ثابت نہ کرسکا، الزام لگانا آسان لیکن ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، کھسیانی بلی والا منہ لٹکا کر کہتا ہے طاقت ور قانون سے بالاتر ہوتا ہے، جب سے حکومت سے نکلا روز اس کا سکینڈل آتا ہے، نواز شریف نے سی پیک بنایا اس نے جی پیک بنایا، سارا پنجاب کا پیسہ ان کی جیبوں میں گیا، راتوں رات لکھ پتی سے ارب پتی ہوگئے، اس کی آدھی کابینہ امپورٹڈ تھی، جیسے ہی اقتدارگیا اس کی آدھی کابینہ غائب ہوگئی، اس کے امپورٹڈ راتوں رات بھاگ گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ادارے اس کی انگلی پکڑ کر چلائیں تو اچھے، جس دن ادارے آئین کا ساتھ دیں تو غلط ہوجاتے ہیں، آج الیکشن کمیشن قانون کے تحت چل رہا ہے تو برا ہوگیا، عدالتیں سوموٹولیتی ہیں تو بڑی تکلیف ہوتی ہے، اس نے اسلامی کارڈ بھی کھیلا، اس نے ہم سب پر توہین مذہب کے الزام لگائے، اس نے جھوٹے الزامات لگوا کر احسن اقبال پر گولیاں چلوائیں، کنٹینر پر کھڑے ہوکر آئین شکن کہتا ہے اسلامی ٹچ تو دو، سیاست میں مذہب کو استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا، اپنی جماعت کا نام تحریک انصاف رکھا ہے، نہ تحریک ہے نہ انصاف ہے، اس نے انصاف کے نام پر بڑے بڑے دھبے لگائے ہیں، جسٹس قاضی فائز کو اس نے انتقام کا نشانہ بنایا، عمران خان تمہیں شرم آنی چاہیے نام رکھا ہے تحریک انصاف، نواز شریف کو چورکہا اور اقامہ نکالا، قوم کو ملے ہوئے تحفے بیچ کر کھا گیا اور دندناتا پھر رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا، میرا قصور مظلوم باپ کے ساتھ کھڑے ہونا تھا، سزائے موت کی چکی میں باتھ روم کی دیوار نہیں تھی، جب جیل میں قرآن پاک کے لیے ٹیبل مانگی تو انکار کیا گیا، آج عمران خان کو جوابی ٹویٹ میں کہا کیا سزائے موت کی چکی کی تصویریں بھجوا دوں؟، جب ہم کہتے تھے تاریخ کا پہیہ گھومتا ہے اس وقت تم فرعون بنے پھرتے تھے، اپنی ہار نظر آنے پر کہتا ہے ایکس، وائے، زیڈ ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی وہ ہوتی ہے جب باپ، بیٹی جیل سے الیکشن لڑے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب ہمارے امیدواروں کو (ن) لیگ کا ٹکٹ چھوڑنے کا کہا جائے، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب نواز شریف، مریم کی تقریر پر پابندی لگتی ہے، یہ تو دندناتا پھرتا ہے اور تقریریں کرتا ہے، پنجاب اور تحریک انصاف کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں یہ فتنہ بازی کے لیے آپ کو استعمال کر رہا ہے، اس کے اپنے بچے لندن بیٹھے ہیں، ایسا شخص نوجوانوں کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، اس نے نوجوانوں کو ایندھن کی طرح استعمال کیا، ایسا شخص قوم کا ہمدرد نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتی، ملک آگے بڑھنا چاہیے، نرم مزاج ہوں لیکن جہاں قوم کی بات آئے گی منہ توڑ جواب دینا آتا ہے، لوگوں کو چور، چور ڈاکو کی گردانیں پڑھاتا رہا، ہم نے تین نسلوں کا جواب دیا، یہ کہتا ہے میرے تحفے میری مرضی، میں تو پنجاب کی ترقی کے لیے ووٹ مانگ رہی ہوں، یہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کے لیے ووٹ مانگ رہا ہے، تحریک انصاف والو شیر کو مت ووٹ دینا لیکن اپنا ووٹ عمران کو دے کر ضائع نہ کرنا، بہت ہوگئی بدتہذیبی خدا کے واسطے ملک کو ترقی کرنے دو، تحریک انصاف کے نوجوانوں کو کہتی ہوں آؤ مریم نواز کا ساتھ دو۔

جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر خلیجی ملک جانیوالا افغان شہری ائیرپورٹ سے گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے کراچی ائیرپورٹ پر جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر خلیجی ملک جانے کی کوشش پر ایک افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کراچی ائیرپورٹ غیرملکیوں کے خلاف امیگریشن کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے حامل ایک مشکوک مسافر صادق سے کراچی ائیرپورٹ کے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے بازپرس کی تو اس کی سفری دستاویزات مشکوک ثابت ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر پاکستانی جعلی پاسپورٹ پر خلیجی ملک کی پرواز کے ذریعے بیرون ملک کے راستے کسی دوسرے ملک جانا چاہتا تھا۔
حکام کے مطابق افغان شہری کے قبضے سے جعلی پروٹیکٹرز اور جعلی ورک ویزہ بھی قبضے میں لے لیا گیا جبکہ گرفتار مسافر نے افغان شہری ہونے کا اعتراف کرلیا۔
حکام کا کہنا تھاکہ ملزم صادق کے مطابق اس نے اعظم نامی ایجنٹ کو 8 لاکھ روپے دے کر جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا بندوبست کیا تھا۔
امیگریشن حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی کیلئے مسافر کو ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا۔