All posts by Khabrain News

چین کی اسٹار لنک کو ٹکر ، پاکستان میں کمپنی رجسٹر کرا لی

ایلون مسک کے اسٹارلنک کو ٹکر دینے کیلیے چین بھی میدان میں آگیا، خلا سے انٹرنیٹ فراہم کرنے کیلیے چینی کمپنی نے بھی پاکستان میں رجسٹریشن کروالی۔

ذرائع کے مطابق چین کی شنگھائی اسپیس کام سیٹلائت ٹیکنالوجی لمٹیڈ نامی کمپنی نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن کروالی ہے۔

چینی کمپنی ایس ایس ایس ٹی کمپنی ایلن مسک کے اسٹار لنک سے بھی تیز اور سستا انٹرنیٹ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ایس ایس ایس ٹی نامی کمپنی سال 2025 میں 648 سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیجنے کا ہدف رکھتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سال 2027 تک دنیا بھر کو انٹرنیت فراہم کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔چینی کمپنی 2030 تک زمین کے مدار میں 30 ہزار سیٹلائٹ پہنچانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

واضح رہے ایلون مسک کی کمپنی سٹارلنک کا بھی یہی ہدف ہے۔ زمین کے مدار سے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی دونوں کمپنیوں کو پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس کا انتظارہے۔

ایلون مسک کی روبوٹ سے بال کٹوانے کی وڈیو وائرل

ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک کی روبوٹ سے بال کٹواتے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام پر شیئر وڈیو میں روبوٹ کو ایلون مسک کے بال کاٹتے اور گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

وڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے ’’ تصور کریں کہ آپ سیلون جائیں اور وہاں ایک روبوٹ آپ کے بال کاٹے‘‘۔ روبوٹ کے بارے میں لکھا کہ یہ ٹیسلا کا بہترین روبوٹ ہے جو صنعتوں میں انقلاب کیلئے ڈیزائن کیا گیا۔

تاہم آخر میں وضاحت کی کہ یہ ویڈیو اصلی نہیں، اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ہے۔

صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ ادھر ایک ٹویٹ میں ایلون مسک نے چینی الیکٹرک گاڑیوں کے مسابقتی ہونے کا اعتراف کر لیا۔

چینی میڈیا کے مطابق کچھ دن قبل ایک صارف نے ایلون مسک کی پرانی ویڈیو ٹویٹ کی ، جس میں ایک رپورٹر ان سے پوچھتا ہے کہ وہ چین کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ جواب میں مسک کہتے ہیں،’’ آپ نے ان کی گاڑی دیکھی ہے؟ چینی گاڑیوں کو حریف وہ نہیں سمجھتے‘‘۔

اس ویڈیو کے جواب میں مسک نے ٹویٹ میں کہا کہ ان کا جواب پرانا ہو چکا، آج کی چینی گاڑیاں بہت مسابقتی ہیں۔

چینی میڈیا نے کہا کہ اگرچہ مسک نے پرانے جواب کی معافی نہیں مانگی، مگر یہ اعتراف ضرور کیا کہ نئی چینی الیکٹرک گاڑیاں طاقتوراور ان کی کمپنی کو عالمی مارکیٹ میں ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

پی آئی اے نجکاری، مالیاتی مشیر ادارے کی خدمات برقرار رکھنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر ارنسٹ اینڈ ینگ کی خدمات ایک بار پھر حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حالانکہ 2ماہ قبل ہی وزیر نج کاری عبدالعلیم خان نے مذکورہ ادارے کی نج کاری کے معاملے میں اس کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نج کاری میں جمعرات کے روز سیکریٹری نج کاری کمیشن عثمان باجوہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے کے نجکاری کے معاملے میں ارنسٹ اینڈ ینگ کی خدمات کو فی  الحال اس سال بھی برقرار رکھا جائے گا، اس کے علاوہ پی آئی اے کی نج کاری معاملے میں دیگر دلچسپی رکھنے والے اداروں کی شمولیت کے لیے جلد ہی اشتہار شائع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ارنسٹ اینڈ ینگ کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہیں۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس ایم کیو ایم کے فاروق ستار کی سربراہی میں ہوا۔ عثمان باجوہ نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یورپ پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد پی آئی اے کی جلد نج کاری کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے بھی طیاروں کی لیز پر ٹیکس معاف کرنے کا عندیہ دیا ہے اور اس حوالے سے 45 ارب روپے زیریں ادارے میں رکھنے کی اجازت دی ہے۔

اس موقع پر فاروق ستار نے نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روزویلٹ کی نج کاری سے متعلق پیش رفت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔

سیکریٹری نج کاری نے کمیٹی کو بتایا کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے ایک نجی کمپنی خدمات حاصل کی گئی ہیں جس نے تین متبادل پیش کیے ہیں کہ ہوٹل کو براہ راست فروخت کردیا جائے، یا کسی کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے 99 سالہ لیز پر دے دیا جائے۔

سیکریٹری کا کہنا تھا کہ براہ راست فروخت کرنے میں بھی تین سال کا عرصہ لگے گا جبکہ شراکت داری کا معاملہ طے کرتے نو برس لگ جائیں گے۔

اویس لغاری: بجلی 12 روپے فی یونٹ سستی ہونے کی امید

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں، بجلی 10 سے 12 روپے فی یونٹ سستی کر سکتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا اثر عام آدمی تک پہنچ چکا ہے، بجلی صارفین کے لیے قیمتیں کم ہوئی ہیں، گیارہ سو ارب روپے کی بچت کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات میں اب حکومتی پاور پلانٹس کی باری ہے، تمام آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی ہو گی، نظر ثانی کے بعد عوام کو بہت اچھی بچت ہو گی، مزید پندرہ آئی پی پیز کے معاہدوں کو کابینہ میں لے کر جا رہے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ کے الیکٹرک ملٹی ایئر ٹیرف کی مد میں بہت بڑی رقم مانگی ہے، ہمارے خیال میں یہ ملٹی ایئر ٹیرف اتنا نہیں بنتا، کم ہونا چاہئے، نیپرا پاکستان کی عوام کا مفاد مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی کے پی کے سے کنڈا کلچر خاتمے پر ملاقات ہوئی تھی، کنڈا کلچر پر وزیر اعلی کی پی کے کی کارکردگی ٹھیک نہی تھی۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کی پاور کمیٹی کے اجلاس میں اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی کل قمیت کا 75فیصد کیپسٹی چارجز ہیں، وزیر اعلی کے پی کے ساتھ چار ملاقاتیں ہوئی ہیں، ان کی خواہش کے مطابق سب سے زیادہ چوری ہونے والے فیڈرز پر بجلی کھلی چھوڑی، معاہدہ کیا ہوا تھا آج چیئرمین کمیٹی کو دے دیں گے، شرط یہ تھے کہ پہلے بجلی کھولیں پھر عوام سے کنڈے اترواؤں گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 75 دن اس پر عمل کیا، کتنے فیڈرز کو کتنی بجلی کھلی چھوڑی گئی تفصیل دوں گا ، انتظامیہ نے ہماری مدد نہیں کی، کنڈے نہیں اتروائے، چھ ارب کا اضافی نقصان ہماری کمپنی کو ہوا، کئی فیڈرز پر دو گھنٹے بجلی موجود ہے، کے پی کے کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ کیپٹو کی گیس کے حوالے سے ایک ماہ میں فیصلہ ہوگا، رہائشی صارفین کو بھی بجلی ٹیرف میں چار روپے کا ریلیف مل چکا، بجلی کی قیمت 10 سے 12 روپے فی یونٹ کم کرسکتے ہیں، پانچ أئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم ہوچکا ، آٹھ بیگاس کے ٹیرف نظرثانی کی کابینہ منظوری دے چکی، سولہ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اس کے بعد حکومتی آئی پی پیز کی باری ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس کے بعد حکومتی پلانٹس کے ریٹرن آن ایکوئٹی کی باری آئے گی، آئندہ پانچ سے سات سال میں کے الیکڑک کا 500 ارب روپے منافع مانگا جارہا ہے،
ہمارےخیال میں یہ ناجائز ہے، فیصلہ نیپرا نے کرنا ہے، اس سے خیبر پختونخواہ کا صارف بھی متاثر ہوگا۔

چیٹ جی پی ٹی کے بانی پر بہن کی سنگین الزامات کے ساتھ مقدمہ

امریکا میں چیٹ جی پی ٹی کے بانی کی بہن نے اپنے بھائی پر کئی برسوں تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق این آلٹمین نے عدالت میں دائر مقدمے میں بتایا کہ ان کے بھائی سام آلٹمین نے انھیں اس وقت سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا شروع کیا جب میں صرف 3 سال کی تھی۔

این آلٹمین نے مزید بتایا کہ اُن کے بھائی سام آلٹمین نے 1997 اور 2006 کے دوران انھیں متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ میری عمر کم تھی، بھائی نے کئی سالوں تک جنسی استحصال کیا جس سے میں ڈپریشن کے مرض میں مبتلا ہوگئی تھی۔

این آلٹمین کا بیان قلم بند کرلیا گیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

دوسری جانب اپنی والدہ اور دو بھائیوں کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں سام آلٹمین نے اپنی بہن کے الزمات کو مسترد کردیا۔

انھوں نے بیان میں کہا کہ خاندان کے کسی ایسے فرد کی دیکھ بھال کرنا جو دماغی صحت کے چیلنجوں کا سامنا کرتا ہے ناقابل یقین حد تک مشکل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ این نے اس سے قبل خاندان کے افراد پر والد کے فنڈز کو ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

تاہم این نے جو سب سے برا الزام لگایا وہ بچپن میں سام کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا تھا۔

سام آلٹمین کے اہل خانہ نے بیان میں مزید کہا ہے کہ بہن این نے پیسوں کا مطالبہ کیا ہے اور عدم ادائیگی پر یہ الزام عائد کیا۔

طلاق کی دھمکی: ارچنا پورن سنگھ کے شوہر کا حیران کن انکشاف

بالی ووڈ کے مشہور کامیڈین اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے انکشاف کیا ہے ان کے شوہر پرمیت سیٹھی نے انہیں ایک فیصلے پر طلاق کی دھمکی دی تھی۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما کے کامیڈی شو میں بطور مہمان خصوصی رہنے کی وجہ سے مشہور اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے مدھ آئی لینڈ میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ لیا تو ان کے شوہر شدید ناراض ہوگئے تھے۔

ارچنا نے بتایا کہ جب انہوں نے برسوں پہلے مدھ آئی لینڈ میں دو جائیدادیں خریدیں، تو ان کے شوہر پرمیت سخت مخالف تھے یہاں تک کہ طلاق دینے کی دھمکی بھی دے دی تھی۔

ارچنا نے ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ مدھ آئی لینڈ میں جائیداد کا فیصلہ اس وقت کیا جب وہاں کے گھروں کی قیمتیں کافی کم تھیں۔ انہوں نے ایک بڑے باغ اور کئی کمروں والے مکان کا خواب دیکھا تھا، جو بمبئی کے فلیٹ کلچر سے مختلف تھا اور انہیں بےحد پسند تھا۔

 ارچنا کا کہنا تھا کہ ’پرمیت نے کہا کہ ایک جائیداد خریدنے کی اجازت دے سکتا ہوں، لیکن دوسری لینے پر طلاق دے دوں گا۔‘

ان کے شوہر پرمیت نے اعتراف کیا کہ وہ ابتدا میں اس خیال کے مخالف تھے، لیکن مدھ آئی لینڈ کے سکون اور وہاں کے سفر کی راحت نے ان کی رائے بدل دی جبکہ حال ہی میں جو تیسری جائیداد خریدی گئی، اس کی قیمت گزشتہ جائیدادوں کے مقابلے میں آٹھ گنا زیادہ تھی۔

حریم شاہ کی تنقید پر عدنان صدیقی کا کرارا جواب

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے مردوں کے خلاف حریم شاہ کی تضحیک آمیز گفتگو وائرل ہونے کے بعد جوابی وار کیا ہے۔

گزشتہ دنوں ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ مردوں کے حوالے سے نامناسب گفتگو کرتی نظر آئی تھیں۔ وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔

اب اداکار عدنان صدیقی کی طرف سے بھی حریم شاہ سے متعلق ایک بیان سامنے آیا ہے جسے صارفین حریم شاہ کے اسی وائرل ویڈیو کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان کے سینئر اداکار نے کہا ہے کہ اگر ٹک ٹاکر حریم شاہ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہوں گی تو وہاں سے کوئی بھی ٹرین وقت پر نہیں چلے گی۔

عدنان صدیقی نے یہ بات حنا الطاف کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران کہی، جہاں وہ اپنی سیر و سیاحت کی یادیں شیئر کررہے تھے۔

پوڈ کاسٹ میں عدنان نے ٹک ٹاکر سے متعلق اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر چونکہ حریم شاہ موجود ہوں گی، اس لیے ٹرین کا ڈرائیور اور اسٹیشن ماسٹر ٹک ٹاکر کو دیکھنے میں ہی محو ہوں گے، اس لیے کوئی بھی ٹرین وقت پر نہیں چلے گی۔

عدنان صدیقی کے ٹک ٹاکر پر اس طرح کمنٹس کو سوشل میڈیا صارفین تنقید کے زمرے میں شمار کررہے ہیں اور حالیہ بیان کو ٹک ٹاکر کی وائرل ویڈیو کا جواب قرار دے رہے ہیں۔

لبنان: 12 ناکام کوششوں کے بعد صدر کے انتخاب کا دوبارہ اعلان

لبنان کی پارلیمنٹ نے دو سال سے مسلسل ناکامی کے بعد بالآخر ملک کے آرمی چیف کو نیا صدر منتخب کرلیا جنہیں امریکا کی حمایت بھی حاصل ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے نومنتخب صدر اور 60 سالہ آرمی چیف جوزف عون کو امریکا کی حمایت بھی حاصل ہے اور اس انتخاب کو حزب اللہ کے لیے دھچکا قرار دیا ہے۔

پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے جنرل جوزف عون نے کہا کہ اسلحہ رکھنے کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے، جس پر حزب اللہ کے اراکین نے بھی تالیاں بجائیں۔

نومنتخب صدر نے جنوبی لبنان اور ملک کے دیگر علاقوں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا اور کہا ان علاقوں کو اسرائیل نے تباہ کردیا ہے اور عزم دہرایا کہ اسرائیل کے حملوں کو روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کی تاریخ میں آج ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

لبنان کی پارلیمنٹ میں نئے صدر کے انتخاب کے دوران بیروت میں تعینات امریکی سفیر لیزا جانسن بھی موجود تھی اور کہا کہ وہ جوزف عون کی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیرخارجہ گیڈیون سار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں لبنان کو مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ جوزف عون کے انتخاب سے استحکام کے فروغ اور اچھے ہمسایے کے طور تعلقات کے قیام میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ لبنان کی پارلیمنٹ نے 2 سال کے دوران 12 بار ملکی صدر کے انتخاب کی کوشش کی لیکن کسی بھی امیدوار کو اکثریت حاصل نہ ہونے کے باعث ہر کوشش ناکام ثابت ہوئی۔

تاہم اب 12 ناکام کوششوں کے بعد صدر کے انتخاب کے لیے لبنان کی پارلیمنٹ کا دوبارہ اجلاس منعقد ہوا اور بالآخریہ معرکہ سر ہوگیا۔

جوزف عون کو وسیع پیمانے پر امریکا اور سعودی عرب کے پسندیدہ امیدوار کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور وہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں صدر کے لیے حزب اللہ نے سلیمان فرنگیہ کی حمایت کی تھی جو ایک عیسائی جماعت کے رہنما تھے اور ان کے شام کے سابق صدر بشار اسد کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔

تاہم حزب اللہ کے سرکردہ رہنما کی اسرائیل کی بمباری میں شہادتوں کے بعد گزشتہ روز سلیمان فرنگیہ نے اعلان کیا کہ وہ سپہ سالار جوزف عون کے حق میں صدارتی دوڑ سے دست بردار ہو رہے ہیں۔

بحیثیت موجودہ آرمی کمانڈر جوزف عون کو لبنان کے آئین تکنیکی طور پر صدر بننے سے روک سکتا تھا تاہم یہ پابندی بھی پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ میشل عون کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہوئی تھی تاہم اس کے بعد کوئی صدارتی امیدوار 128 رکنی پارلیمان کی دو تہائی اکثریت یا پھر دوسرے مرحلے میں سادہ اکثریت حاصل نہیں کرپایا تھا۔

واضح رہے کہ لبنان ایک کثیر الاختلافی فرقہ وارانہ اور سیاسی تقسیم کا حامل ملک ہے اور ان دو عوامل کے باعث ملک حکومتی بحران کا شکار رہتا ہے۔

بھارت میں بالوں کی وبا، شہری ہفتے میں گنجے!

بھارت میں ایک پُراسرار بیماری نے ڈیرے ڈال دیے ہیں جس سے شہری خوف زدہ ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بلدھانا کے 3 گاؤں بورگاؤ، کلود اورہنگنا میں ایک انجانی وبا پھوٹ پڑی۔

اس پُراسرار بیماری کے شکار شہریوں کے بال تیزی سے گرنے لگتے ہیں اور وہ صرف 7 روز کے اندر مکمل گنجے ہونے لگے۔

اب تک مکمل گنجے ہونے کے 50 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ بغیر کسی وجہ کے مسلسل بال گرنے کی شکایت کرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

اس پُراسرار بیماری کے بارے میں جاننے کے لیے طبی ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ متاثرہ لوگوں کے خون، جلد اور بال کے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔

فی الحال بیماری کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسا پانی کی آلودگی یا کسی الرجی کے باعث ہوسکتا ہے۔

حتمی طور پر وجہ ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔

چاہت فتح علی خان کے چرچے، بھارت کا ‘مدمقابل’ میدان میں!

اپنے منفرد انداز سے گائیگی کرنے والے چاہت فتح علی خان ’’اپنے مداحوں‘‘ میں خوب مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ لیکن اب بھارت نے بھی ان کا ’’مدمقابل‘‘ تیار کرلیا ہے۔

’’خودساختہ‘‘ گلوکار کے لقب سے پہچانے جانے والے چاہت فتح علی خان کی مقبولیت سے نالاں بھارت نے اب انھیں ٹکر دینے کےلیے اپنا ’’خودساختہ‘‘ گلوکار متعارف کروادیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھارت سے تعلق رکھنے والے گلوکار کشور وادھوانی کی میوزک ویڈیوز خوب وائرل ہورہی ہیں، جسے صارفین چاہت فتح علی خان کا ’’جواب‘‘ قرار دے رہے ہیں۔

کشور وادھوانی نے بالی ووڈ کے کئی مشہور گانے کے ری میک تیار کیے ہیں اور انھیں اپنے یوٹیوب چینل کے ساتھ انسٹاگرام پروفائل پر بھی شیئر کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے کشور وادھوانی کو گلوکار چاہت فتح علی خان کا مقابل قرار دیا ہے۔ صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں اور پوچھا جارہا ہے کہ ’’دونوں میں سے کس کی آواز میں زیادہ درد ہے؟‘‘