All posts by Khabrain News

وزیراعظم کا اداروں اور افسران کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا نوٹس، سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اداروں اور افسران کے خلاف چلنے والی مہم کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے جاری مہم کا معاملہ زیر بحث آیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اداروں اور افسران کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا نوٹس لیا اور مہم چلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

خان صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو بندوق کی نوک پر رکھا ہے، قمرالزماں کائرہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمرالزماں کائرہ نے کہا ہے کہ خان صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو بندوق کی نوک پر رکھا ہے۔
انہوں نے پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھی کہتے ہیں ہم انہیں اسمبلی میں جانے نہیں دیں گے، کہتے ہیں سندھ ہاؤ س میں منڈی لگ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی جماعت کے لوگ انہیں چھوڑ رہے ہیں، کہتے ہیں پیپلزپارٹی ان کے اراکین کو پیسے دے رہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ شہبازشریف وزیراعظم بنیں اور پیسے پیپلزپارٹی دے؟
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ 8 تاریخ کو ہم نے درخواست جمع کروائی، 7 دن کے اندر اجلاس بلانا چاہیے تھا جو انہوں نے نہیں بلایا۔
انہوں نے کہا کہ 15 مارچ سے قبل یہ مسئلہ حل ہو جانا چاہیے تھا، حکومت نے 21 مارچ کو اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔
پی پی کے مرکزی رہنما قمرالزماں کائرہ نے پوچھا کہ آج سارا دن اسمبلی ہال خالی تھا تو اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ووٹنگ سے ایک دن پہلے دس لاکھ لوگ لے کر آئیں گے۔

اگلے چند دن پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہیں، حماد اظہر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ اگلے چند دن پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پرجاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان بمقابلہ چند کرپٹ خاندان ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والے اپنی حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان کو واپس زرداری، شریف اور فضل الرحمان کے تاریک دور میں دھکیلا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا چینی طیارے کے حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) وزیراعظم عمران خان نے چین میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہونے والے المناک جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ غم کی اس گھڑی میں اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔خیال رہے کہ چینی ائیر لائن کا بوئنگ 737 طیارہ جنوبی چین میں گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 132 افراد سوار تھے۔چینی میڈیا کے مطابق اندرونی پرواز چین کے صوبے یننان سے گوانگڈونگ جا رہی تھی، طیارے کا ملبہ جنوبی چین کے پہاڑوں میں مل گیا ہے اور کسی کے بچ جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر رہا تھا کہ اچانک دو منٹ کے اندر 3 ہزار فٹ کی بلندی پر آگیا اور پھر ریڈار سے غائب ہوگیا۔ریسکیو اہلکار طیارے کے ملبے تک پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

آر یا پار کرنے والے بری طرح خوار ہوں گے: فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لوگ اکھٹے نہیں کر سکتی اس لیے آر ہو یا پار یہ بری طرح خوار ہوں گے۔
اپنے ایک ٹوئٹرپیغام میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسے کو اپوزیشن خوفزدہ ہوکر رکوانا چاہ رہی تھی کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ 27 مارچ کو دس لاکھ لوگ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بھی لانگ مارچ کی کال دی ہے جس کیلئے ان سے لوگ جمع نہیں ہورہے،آر یا پار والے بری طرح خوار ہوجائیں گے۔

مخالفین کا دباؤ، چیک کے سابق صدر کا روسی ایوارڈ واپس کرنے سے انکار

پریگ: (ویب ڈیسک) چیک کے سابق صدر ویکلاو کلوس نے کہا ہے کہ وہ روس متنفر عناصر کے دباؤ میں آکر روس کی جانب سے دیا گیا ایوارڈ واپس نہیں کریں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ویکلاو کلوس نے کہا کہ میں روسی ایوارڈ واپس نہیں کروں گا۔ بھلے یہ (روس مخالف) لوگ مجھے تختہ دار پر ہی کیوں نہ لے جائیں۔
چیک کے سابق صدر نے یہ بات مقامی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایسے وقت کہی جب چیک کے ایک مشہور گلوکار جیرومر نوہاویکا نے بھی تنقیدوں کے باوجود روسی ایوارڈ واپس کرنے سے انکار کردیا۔
کلوس کو یہ ایوارڈ روسی سفیر ایلیکسی فیڈوتوو نے 2007 میں پریگ کیسل میں اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے پر پیش کیا تھا۔
ویکلاو کلوس نے کہا کہ میں دباؤ میں آکر اپنے آپ کو اس حد تک نہیں گرا سکتا کہ روس کو ایوارڈ واپس کردوں۔ میں اس تعصب کی شدید مذمت کرتا ہوں جو آج بھی روس کیخلاف پایا جاتا ہے۔

روس نے انسٹاگرام اور فیس بک کو ’شدت پسند‘ قرار دے کر پابندی لگادی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے انسٹاگرام اور فیس بک کو ’شدت پسند‘ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کردی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق ماسکو کی ایک عدالت نے میٹا کی ملکیتی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹا گرام کو ’شدت پسند ادارے‘ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی۔
روسی حکام نے یوکرین سے جنگ کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ پر روس مخالف مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
عدالت کا اپنے فیصلےمیں کہنا تھا کہ وہ استغاثہ کے اس مطالبے سے متفق ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر ملک میں پابندی عائد کردی جانی چاہیے کیوں کہ وہ شدت پسندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں ملوث ہیں البتہ میٹا کی پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی ایپ ’واٹس ایپ‘ پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی کیوں کہ وہ عوامی پلیٹ فارم نہیں۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ کو تقریباً ایک ماہ ہونے کو ہے۔ روس امریکااور دیگر مغربی ممالک پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ روس کیخلاف نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں۔

او آئی سی اجلاس: چینی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دوست ملک چین کے وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان پہنچنے پر چین کے وزیر خارجہ کا استقبال وزارت خارجہ کےاعلیٰ حکام اور چینی سفارتکاروں نے کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ ان کی صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران پاک چین اقتصادی،تجارتی، دفاعی امور اور سی پیک پرتبادلہ خیال ہوگا۔ وہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔

پڑھنا منع ہے! اس لائبریری میں صرف ممنوعہ کتابیں ہی رکھی جاتی ہیں

پورٹ ناکس: (ویب ڈیسک) ایک امریکی جزیرے پر چھوٹی سی لائبریری میں صرف وہی کتابیں رکھی جاتی ہیں جنہیں ناپسندیدہ اور ممنوعہ قرار دیا جاچکا ہو۔
اس کا نام ’میٹی نیکس آئی لینڈ لائبریری‘ ہے جو پورٹ ناکس، مین سے 35 کلومیٹر دور سمندر میں ’میٹی نیکس‘ (Matinicus) نامی ایک جزیرے پر واقع ہے جس کی آبادی 100 افراد سے بھی کم ہے۔
یہ چھوٹی سی لائبریری ہر روز 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے اور اس کا مقصد صرف وہی کتابیں جمع کرنا ہے جو امریکا میں عارضی طور پر یا ہمیشہ کےلیے ممنوعہ قرار دی جاچکی ہوں۔
ان کتابوں میں ’اینڈ ٹینگو میکس تھری،‘ ’ٹو کِل اے موکنگ برڈ،‘ ’دی ہینڈمیڈز ٹیل‘ اور ’دی گریپس اور ریتھ‘ کے علاوہ بھی کئی کتابیں شامل ہیں۔
اس لائبریری کا آغاز چند مقامی رضاکاروں نے ذاتی کوششوں سے کیا ہے، جن کا مقصد امریکیوں کو صبر، تحمل اور برداشت کی تربیت دینا ہے تاکہ وہ امریکی حکومت کی جانب سے ممنوعہ قرار دیئے گئے مواد (بالخصوص کتابوں) کا مطالعہ کرکے اس کے بارے میں پوری آزادی سے کوئی رائے قائم کرسکیں۔
فی الحال یہ لائبریری لکڑی سے بنی ہوئی ایک جھونپڑی جیسی عمارت میں قائم ہے جسے ان رضاکاروں نے ذاتی خرچ پر تعمیر کروایا ہے۔
امریکی ویب سائٹ ’بینگر ڈیلی نیوز‘ کے مطابق، اس لائبریری کے منتظمین مختلف افراد اور کتب خانوں سے ممنوعہ کتابیں خریدنے یا عطیہ لینے کےلیے بھی تیار ہیں۔
’’اگر آپ کسی (ممنوعہ) کتاب کو اپنی لائبریری میں دیکھنا نہیں چاہتے تو وہ ہمیں فروخت کردیجئے،‘‘ میٹی نیکس آئی لینڈ لائبریری سے وابستہ ایک رضاکار نے ویب سائٹ کے نمائندے سے کہا۔
بتاتے چلیں کہ اس لائبریری کی ابتداء 2016 میں کی گئی تھی لیکن یہاں ممنوعہ کتابیں رکھنے کا خیال اس جزیرے کے کچھ باشندوں کو 2020 میں آیا جسے انہوں نے عملی جامہ پہنانا بھی شروع کردیا۔
پچھلے سال ممنوعہ کتابوں کا سیکشن مرکزی لائبریری سے الگ کردیا گیا اور اسے علیحدہ لائبریری کی حیثیت دے دی گئی۔

امریکی مشن پاکستان اور نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس نے خواتین کی بیرکس کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی سفارت کاروں اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس (این ایچ ایم پی) کے انسپکٹر جنرل انعام غنی نے مل کر شیخوپورہ کے این ایچ ایم پی ٹریننگ کالج میں 100 خواتین پولیس عہدیداروں کے لئے ایک نئی بیرک سہولت کا افتتاح کیا۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے پروجیکٹ سروسز (یو این او پی ایس) کی جانب سے تعمیر کی گئی یہ سہولت پاکستان میں این ایچ ایم پی اور امریکی مشن کے درمیان شراکت داری سے معرض وجود میں آئی۔
اسلام آباد کے ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (آئی این ایل) افیئرز مارک ٹیرواکوسکی نے کہا کہ اس سہولت سے این ایچ ایم پی کو نئی بھرتی ہونے والی خواتین کو رہائش دینے میں مدد ملے گی اور جیسے جیسے زیادہ پاکستانی خواتین افسران کی صف میں شامل ہوں گی، وہ لازمی طور پر صنفی مسائل کے بارے میں پولیس کی تفہیم کو وسیع کریں گی اور سب اور خاص طور پر خواتین کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار میں اضافہ کریں گی۔
یو این او پی ایس پاکستان کی کنٹری منیجر میریسیا زپاسنک نے کہا کہ سماجی روایتوں کی وجہ سے خواتین کے لیے کچھ عرصہ قبل تک پولیس میں شامل ہونا مشکل تھا: ہم سمجھتے ہیں کہ اس تعصب کو توڑنا خواتین کی مساوات کو استوار کرنے اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کے لیے بنیاد کا درجہ رکھتا ہے۔ ہمارے منصوبے خواتین پولیس افسران کے لئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین پولیس کے پیشے میں شامل ہو سکیں، دقیانوسی تصورات کو توڑ سکیں، دیگر خواتین کے لئے رول ماڈل بن سکیں اور پاکستان کے عوام کو بہتر اور زیادہ جامع خدمات فراہم کر سکیں۔
اس سال آئی این ایل کے ذریعے، امریکی مشن اور پاکستان کے درمیان “انصاف، سلامتی اور خوشحالی” کے جھنڈے تلے شراکت داری کی 40ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے جس میں پاکستان بھر میں شہریوں کی سلامتی کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے چار دہائیوں پر محیط کوششیں کی گئی ہیں۔ ان کاوشوں میں خواتین کی نئی بیرکوں کی تعمیر کے لئے درکار فنڈز میں حصہ ڈالنا بھی شامل ہے۔ اسی طرح اس سال امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے اور آئی این ایل کےتعاون کی طویل تاریخ ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی اور وسعت کی ایک اور مثال ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز جرائم اور بدعنوانی سے نمٹنے میں مدد کے لیے 90 سے زائد ممالک کے ساتھ شراکت دار ہے۔ منشیات کی تجارت کا خاتمہ، پولیس کو بہتر بنانا، اور منصفانہ عدالتی نظام کو فروغ دینا اس شراکت کی شکلیں ہیں۔