All posts by Khabrain News

شادی میں دلہے نے گانا سن کر دُلہن کو طلاق دیدی

بغداد: (ڈیلی خبریں) عراق سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ششدر کر دیا ہے، جہاں پر ایک شادی ہال میں دلہے نے دلہن کو طلاق دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلاق ہر مذہب اور ثقافت میں انتہائی بُرا سمجھنا جانے والا عمل ہے اس کے باوجود لوگ عجیب و غریب وجوہات پر اپنی اہلیہ کو طلاق دے دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ عراق میں رونما ہوا جہاں دلہا نے شادی ہال میں ہی دلہن کو طلاق دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد میں شادی کے دوران دلہن نے شامی گانا چلوا کر اس پر ڈانس کیا جو اسے بہت مہنگا پڑا۔
شامی گانا ‘مسیطرہ’ جس کا اردو معنی ‘میں تم پر حاوی ہوں یا میں تمہیں قابو کروں گی’ بنتا ہے، اس گانے کا پہلا بول یہ تھا کہ تم میری کی گئی سخت ہدایات پر چلو گے۔
دلہا اور اس کے اہل خانہ گانا سن کر مشتعل ہوگئے اور شادی ہال میں ہی دلہن سے تکرار شروع کردی جس کا اختتام دلہا دلہن کے درمیان علیحدگی پر ہوا۔
مذکورہ گانے پر طلاق کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جس میں دلہا نے گانا سن کر دلہن کو طلاق دی ہو۔
اردن میں دلہن کی جانب سے یہی شامی گانا ‘مسیطرہ’ چلانے پر دلہا نے شادی کی تقریب کے دوران ہی دلہن کو طلاق دے دی تھی جب کہ ایک اور واقعے میں لبنان میں گانا ‘مجھے تم سے محبت ہے گدھے’ چلانے پر بھی ایک دلہا نے دلہن کو طلاق دی تھی۔

قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات سامنے آ گئے

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات سامنے آ گئے ، سو سے زائد صفحات پر مشتمل پالیسی کا آدھا حصہ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 100سے زائد صفحات پر مشتمل پالیسی کا آدھا حصہ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو 50 صفحات پر مشتمل غیر خفیہ پالیسی کے نکات کا اجراء کرینگے، پالیسی اکانومی، ملٹری اور ہیومن سکیورٹی تین بنیادی نکات پر مشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق اکانومی سکیورٹی کو قومی سلامتی پالیسی میں مرکزی حیثیت دی گئی، پاکستان میں قومی سلامتی سے متعلق پہلی بار جامع پالیسی تیار کی گئی، سلامتی پالیسی پر سالانہ بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی، نئی حکومت کو پالیسی پر ردوبدل کا اختیار حاصل ہو گا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی پالیسی کی وارث ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ہر مہینے حکومت نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہو گی، پالیسی میں دو سے زائد ایکشن وضع کئے گئے، پالیسی ایکشن کا حصہ کلاسیفائیڈ تصور ہو گا، خطے میں امن، رابطہ کاری اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت پالیسی کا بینادی نقطہ ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ہائبرڈ وار فیئر بھی قومی سلامتی کمیٹی کا حصہ ہو گا، ملکی وسائل کو بڑھانے کی حکمت عملی دی گئی ہے، کشمیر کو پاکستان کی سلامتی پالیسی میں اہم قرار دیا گیا، مسئلہ کشمیر کا حل پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے، پالیسی پر سیاسی فریقین کو اعتماد میں لینے کے لئے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن آمادہ ہو گیا، بڑھتی آبادی کو ہیومن سکیورٹی کا بڑا چیلنج قرار دیا گیا۔ شہروں کی جانب ہجرت، صحت، پانی اور ماحولیات بھی پالیسی کا حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق فوڈ اور صنفی امتیاز ہیومن سیکیورٹی کے اہم عنصر ہے ایران پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد حکومت کو معاملات آگے بڑھانے کا اختیار کی بھی تجویز ہے، گڈ گورننس، سیاسی استحکام ،فیڈریشن کی مضبوطی پالیسی کا حصہ ہے۔

ملک کو گرے لسٹ میں سابقہ حکومت نے ڈلوایا: اسد عمر

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کو گرے لسٹ میں سابق حکومت نے ڈلوایا، فیٹف بل کی مسلم لیگ (ن) نے مخالفت کی تھی ، پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ جب آپ لوگ سوال کرتے ہیں توجواب بھی سننے کے لیے تیارہوجائیں، گرے لسٹ نام مسلم لیگ کی حکومت میں ڈالا گیا ، فیٹف ٹھیک کرتے کرتے حماد اظہراچھا بھلا نوجوان تھا بوڑھا ہوگیا ہے، چیلنج کرتا ہوں فیٹیف بل کی مسلم لیگ(ن)نے مخالفت کی تھی، یہ لوگ جتنا مرضی شورکریں حق کی آوازدبائی نہیں جاسکتی، ہم ان کی آوازوں سے دبنے والے نہیں ۔
وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ شہبازشریف اٹھ کرایوان سے چلے گئے ان میں سچ سننے کی ہمت نہیں ، آصف زرداری کوعلی بابا چالیس چورکہنے والا ہمیں درس دے رہا ہے اور کہتا تھا زرداری کا پیٹ پھاڑوں گا ، یہ لوگ اگروہ پیسہ لے آتے توشائد آئی ایم ایف نہ جانا پڑتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ بیٹھنے کوتیارہیں ، اگران کے ساتھ بیٹھیں گے توکیا ٹی ٹیزلگانا سیکھیں گے؟ ان کے تنخواہ دارملازمین کے اکاؤنٹ میں اربوں جمع کرائے گئے ، مفتاح اسماعیل نے خود کہا معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، آج شہبازشریف کہہ رہے ہیں کہ معیشت کوتباہ کردیا گیا، اگریہ کہتے ہیں تو مفتاح اسماعیل کی ویڈیوبھی سنادوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرنے کہا چارٹرآف اکانومی سائن کرنا چاہیے، ان کے بڑے بھائی تین دفعہ وزیراعظم رہے کونسا اپوزیشن کے ساتھ چارٹرآف اکانومی سائن کیا تھا بتادیں؟ چاردفعہ (ن) لیگ،7 دفعہ پیپلزپارٹی آئی ایم ایف سے معاہدہ کرچکے ہیں اور آج یہ غیرت کا درس دے رہے ہیں، جب یہ حکومت چھوڑکرگئی تودودھ اورشہد کی ندیاں نہیں بہہ رہی تھیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرنے بڑا اچھا شعرسنایا، کاش ان کے معیشت دان بھی اتنے ہی اچھے ہوتے جتنا اچھا شعرسنایا ،ان کوتوڈینگی کے خلاف خود تعریفیں کرنا پڑتی تھیں، ہماری حکومت کی کورونا پالیسی کی آج پوری دنیا تعریف کررہی ہے،سابقہ حکومت میں کسان کوپوری قیمت نہیں ملتی تھی ، ہماری حکومت نے کسان کی آمدن میں اضافہ کیا تھا ، یہ خود مافیازکے ساتھ ملے ہوئے تھے اور آدھی شوگرملیں ان کی اپنی تھی ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہبازشریف نے کسان کے لیے اتنا رونا رویا ، میں سمجھا شائد کسان کے سب سے بڑے ہمدرد یہی ہیں ، مسلم لیگ کی پانچ سالہ حکومت میں جتنا کسان کی آمدن میں اضافہ ہوا وہ ہم ایک سال میں کرچکے ہیں ، یہ لوگ ایگریکلچرکا نام لیتے ہیں مگر انہوں نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا تھا ۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں پچھلے سال47 فیصد اضافہ ہوا،ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، یہ لوگ کہتے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی ، پچھلے سال کورونا کے باوجود ہماری معیشت میں چارفیصد اضافہ ہوا ، جنوری کے ماہ میں چار فیصد گروتھ پانچ فیصد تک ہوجائے گی ، ان کا بھائی لندن،سمدھی ، بھتیجے سب لندن میں ہیں ، پیپلزپارٹی، (ن) لیگ کی دونوں حکومتوں سے ہماری ایکسپورٹ میں27 سے28 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی بات ہے 3 ہزار800 ارب (ن) لیگ نے ٹیکس اکٹھا کیا تھا ، ہم نے پچھلے سال 4 ہزار700 ارب ، اس سال 6 ہزاراکٹھا کریں گے ، لگ رہا ہے شہبازشریف کوجان بوجھ کریہ غلط اعدادوشماردیئے جاتے ہیں ۔

مری میں داخلے پر مزید 6 روز کے لیے پابندی عائد

مری: (ڈیلی خبریں) 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مری میں داخلے پر پابندی میں مزید چھ روز کی توسیع کر دی گئی۔
یاد رہے کہ مری میں شدید برف باری کے بعد کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہنے والی گاڑیوں میں بچوں اور خواتین سمیت 23 اموات ہوئی تھیں۔ ان اموات کے بعد پنجاب حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لے کر تجاویز حکومت کو دے گی۔ انکوائری کمیٹی کو سات دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کے لیے ایک کروڑ 76 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان بھی کیا اور مری کو ضلع بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ مری میں فوری طور پر ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدوں کے افسروں کو تعینات کیا جائے گا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز اتھارٹی کے مطابق مری میں داخلے پر پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد 17 جنوری تک مری میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے مطابق اس پابندی کا اطلاق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی اور انتظامیہ کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔
مری کا سفر کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین اپ ڈیٹس جاننے کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر کال کریں۔
دوسری طرف چیف سیکریٹری پنجاب نے مری کا دورہ کیا اور حکام کو داخلی راستوں پر تین نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ماہرہ خان پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

لاہور: (ڈیلی خبریں) معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے ۔
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لئے ماہرہ خان کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے جبکہ مسلسل پانچواں سال ہے جب اداکارہ پشاور زلمی کا حصہ ہیں ۔
ماہرہ خان اس سے قبل ہی ایس ایل 3 ، 4 ، 5 اور سیزن 6 میں بھی زلمی سے منسلک رہیں ۔
پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ماہرہ خان کو ایک بار پھر زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔
اداکارہ نے اس موقع پر کہا کہ پشاور زلمی فیملی کاحصہ بن کر پرجوش ہوں اور ٹیم زلمی کو پی ایس ایل سیون کے لیے گڈ لک کا پیغام دیتی ہوں ۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان پشاور زلمی کے ہٹ اینتھمز ہم زلمی، زلمی کنگڈم میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں ۔

خضدار: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 مبینہ دہشتگرد گرفتار

خضدار: (ڈیلی خبریں) ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خضدار میں اہم کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گرد کو گرفتارکرکے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا ہے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خضدارمیں سی ٹی ڈی کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئےکالعدم تنظیم کے اہم تخریب کار سمیت 3 مبینہ دہشت گرد گرفتارکرکے انکے قبضہ سے اسلحہ اوردھماکہ خیز مواد برآمد کرلیاہے جو تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار دہشت گرد حب میں سیاسی رہنمااکرم ساجدی کے قتل میں ملوث ہیں ۔

اولمپکس تیراک محمد مصطفیٰ قتل، وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

لاہور: (ڈیلی خبریں)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں اولمپکس تیراک محمد مصطفیٰ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔
سردار عثمان بزدار نے غمزدہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے گی اور لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا ۔

منی بجٹ، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ مزاحمت ہوگی: شہباز شریف

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت ہوگی۔
قومی اسبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہمنی بجٹ سے ہمارے پاؤں بیڑیوں میں جکڑے جائیں گے، ایک ہاتھ میں کشکول دوسرے میں ایٹمی طاقت کیا ساتھ چل سکتے ہیں، ہمیں بہت سجھ کر فیصلے کرنا ہونگے۔ وزیرخزانہ نے کہا تھا عمران نیازی آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ جائے گا، وزیرخزانہ نے کہا تھا منی بجٹ نہیں آئے گا ٹیکس فری بجٹ ہوگا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج 7 ماہ بعد منی بجٹ آ رہا ہے اور ٹیکس بڑھائے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے ایک چیزمیں مہارت حاصل کی وہ ہے یوٹرن، پی ٹی آئی نے عین روایات کے مطابق یوٹرن لیا ہے، مہنگائی سے ستائے عوام پر 350 ارب کا ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر جب وزیرخزانہ تھے تو منی بجٹ میں 400 ارب کے ٹیکس لگائے، شبرزیدی، حفیظ شیخ کی جوڑی نے 700 ارب کے ٹیکس لگائے، اب شوکت ترین مزید 350 ارب کا ٹیکس لگانے کا منی بجٹ لے آئے، اعدادوشماربتارہے ہیں کہ امسال امپورٹ سب سے زیادہ ہونگی۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ اس ماہ میں بھی سب سے بڑا تجارتی خسارہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دن رات بڑھ رہا ہے، یہ غربت، مہنگائی، خسارے اور مری کا حادثہ کنٹرول نہ کر سکے، آج پاکستان کا سرکلر ڈیٹ 2700 ارب روپے پرپہنچ چکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت ہوگی، ایک ارب ڈالر کی خاطر گھٹنے ٹیکے جارہے ہیں،ہم یا تو کشکول رکھیں گے یا ایٹمی قوت پر سمجھوتہ کرلیں گے،تبدیلی سرکارنااہل،انہوں نے یوٹر ن میں مہارت کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر شفقت محمود اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں کورونا کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں نصابی کتب کی بروقت دستیابی اور ترسیل سے متعلق مشاورت ہوگی اورنصابی کتب کے لئے این او سی کی بروقت فراہمی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
گزشتہ دنوں اپنی پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہ کریں اور انہیں چلاتے رہیں تاہم اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہمیں تعلیمی ادارے بند کرنے پڑیں گے ۔
انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وبا میں تعلیم سے متعلق سارے فیصلے صوبائی وزرائے تعلیم کی مشاورت سے کئے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق لانگ مارچ میں شرکت کیلئےعوامی نیشنل پارٹی، عوامی تحریک کو دعوت دی گئی ہے جب کہ لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے ن لیگ کو لانگ مارچ میں شرکت کیلئے پہلے ہی دعوت دی جا چکی ہے۔
ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق لانگ مارچ کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور حکومتی نااہلی کو سامنے لانا ہے۔