All posts by Khabrain News

پی ایس ایل 7 کیلئے ٹکٹوں کی آج سے آن لائن فروخت، کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پی ایس ایل 7 کیلئے ٹکٹوں کی آج سے آن لائن فروخت شروع، ٹکٹ خریدتے وقت شائقین کو کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق افتتاحی میچ کیلئے جنرل سٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے ، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پریمیم انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے ہو گی۔ وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے مقرر ہے۔ پلے آف میچز کیلئے جنرل اسٹینڈزکے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزارروپے، فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار ، پریمیم انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے ،وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم

مکہ مکرمہ میں اب روبوٹ آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین میں اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی تقسیم کرنا عالمی وبا سے بچنے کا محفوظ طریقہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارکنان اور زائرین وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے۔ مکہ مکرمہ کی انتظامیہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہی ہے اور روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کا اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سیکرٹری ادارہ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا ہے کہ اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے اور انسانی مداخلت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم محفوظ طریقے سے ہو رہی ہے۔ بدر اللقمانی نے کہا کہ روبوٹ 10 منٹ میں ایک چکر پورا کرتا ہے اور اس دوران 30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کر دیتا ہے۔ جدید روبوٹ 8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے اور آب زم زم کی بوتل لینے کے لیے 20 سیکنڈ انتظار کرتا ہے۔ یہ روبوٹ نہ تو زائرین سے الجھتا ہے اور نہ ہی نقل و حرکت میں تعطل پیدا کرتا ہے۔ یہ اسمارٹ روبوٹ متعدد سرٹیفکیٹ یافتہ ہے اور یورپ سے سی ایس بھی حاصل کیے ہوئے ہے۔ اللقمانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں اسمارٹ روبوٹ سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھانے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ بدر اللقمانی نے توجہ دلائی کہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں جو کچھ بھی نیا آ رہا ہے ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں- ہماری کوشش ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے مسجد الحرام اور اس کے زائرین کی خدمت کی جائے۔

پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے آن لائن فراڈ کے معاملے پر بڑا بریک تھرو

پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے آن لائن فراڈ کے معاملے پر بڑا بریک تھرو، بائنانس کا ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ سے رابطہ، تفتیش میں معاونت کے لیے 2 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی، جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض کے مطابق جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔ ایف آئی اے سے رابطے کے لیے بائنانس نے 2 رکنی ماہر تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ رابطہ ہونے کے بعد بائنانس سے ای میلز پر بات چیت بھی کی گئی۔ ایف آئی اے کو آن لائن کرپٹو کرنسی میں فراڈ کی شکایت ملیں تھیں، ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ اور دیگر مقاصد میں استعمال ہو رہی ہے، جس پر ایف آئی اے نے چند روز قبل تفتیش شروع کی تھی۔ متاثرہ افراد نے 100 ڈالر سے 80 ہزار ڈالر تک سرمایہ کاری کی تھی۔ اب تک ایف آئی اے درجنوں متاثرین کے بیانات ریکارڈ کر چکا ہے۔

سانحہ مری میں ہوٹلوں کو بدنام کرنا سازش ہے، ہوٹل ایسوسی ایشن

ہوٹل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ مری میں ہوٹلوں کو بدنام کرنا سازش ہے۔ مری ہوٹل ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مری میں انسانی جانوں کا ضیاع انتظامیہ کی نا اہلی ہے اور مری ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے پاس ڈیزل ہی نہیں تھا۔ مری ہوٹل ایسوسی ایشن نے سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 72 گھنٹے بعد بھی مری کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا گیا جبکہ مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی اعداد و شمار بھی غلط بتائے گئے۔ ہوٹل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے 50 یا 70 ہزار کرایہ لیا نہ لوگوں کے زیورات گروی رکھے۔ ہوٹل کے کمرے کا 70 ہزار کرایہ دینے والے ہوٹل سے پکی رسید کیوں نہیں مانگتے ؟ چھوٹے موٹے واقعات اہلیان مری کے ساتھ نہ جوڑے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان مری نے اپنی روایات کو زندہ رکھا اور سیاحوں کی مدد کے لیے پہنچے۔ مقامی افراد نے سیاحوں کو گھروں میں رکھا اور ہوٹلز میں کمرے فری کر دیئے گئے تھے جبکہ مری میں تمام سیاسی و مذہبی تنظیموں نے کام کیا۔ ایسوسی ایشن رہنماؤں نے کہا کہ ایک خاتون نے کہا میرے زیور گروی رکھے گئے اور تب کمرہ دیا گیا۔ ثبوتوں کے ساتھ آئیں اور اگر کسی ہوٹل نے 70 ہزار روپے کرایہ ایک دن کا چارج کیا ہو گا یا زیور گروی رکھوائے گئے ہوں گے تو ہم اس کی رکنیت ختم کریں گے لیکن کسی غلط کام کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مری پاکستان میں ہے اور ہماری بھی کچھ روایات ہیں، اس برفباری میں کوئی ایک آدمی نہیں کہہ سکتا کہ میرا زیور یا پرس چوری ہو گیا۔ مری کے لوگوں کا مثبت چہرہ دیکھنا چاہئے۔

چیئرمین پی سی بی کی پاک بھارت کرکٹ بحالی کیلئے 4 ملکی ٹی 20 سیریز کرانے کی تجویز

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے لیے چار ملکی ٹی 20 سیریز کرانے کی تجویز پیش کر دی۔ آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ اگلی آئی سی سی میٹنگ میں چار ملکی ٹی 20 سیریز کی تجویز پیش کروں گا جس میں پاکستان ، بھارت ، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے تمام انتظامات کررہے ہیں، کینگروز کو پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، آسٹریلوی کرکٹرز کے حالیہ مثبت بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

عمران خان نے زراعت کو تباہ کر کے معاشی دہشتگردی کی، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے زراعت کو تباہ کر کے معاشی دہشتگردی کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں، اس وقت ملک میں یوریا بحران بھی سنگین صورت حال اختیار کر چکا ہے اور مارکیٹ میں یوریا کی بوری 3 ہزار 500 روپے بلیک میں فروخت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں پاکستان پوری دنیا میں یوریا فروخت کرتا تھا اور آج ملک میں یوریا ڈھونڈنا پڑ رہا ہے۔ برسات سے قبل کاشتکاروں کو یوریا میسر آجاتا تو فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف 21 جنوری سے ریلیاں نکالے گی اور پیپلز پارٹی کے کسان یکجہتی احتجاج میں ملک بھر کے کسان نکلیں گے اور ہم حکومت سے اپنے مطالبات منوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی زراعت کو تباہ کر کے معاشی دہشتگردی کی ہے۔ گندم کی بوائی کے سیزن سے ڈی اے پی کھاد 10 ہزار روپے بوری فروخت ہو رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں ڈی اے پی کھاد کی فی بوری 3500 روپے تک تھی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کو نہری پانی نہیں مل رہا اور ٹیوب ویل چلا کر سرکاری قیمت پر گندم کی فروخت ممکن نہیں ہو گی اور اسی لیے سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 2200 روپے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل، بجلی اور کیڑے مار ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے گندم کی فی ایکڑ لاگت بڑھ گئی ہے اور پنجاب میں بھی گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا جائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے

جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے، موجودہ چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس تعیناتی سمری پر کام شروع کر دیا۔ وزارت قانون سمری تیار کرکے صدر مملکت کو بھجوائے گی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون چیف جسٹس آف پاکستان کا نوٹی فیکیشن جاری کرے گا۔ آئین کے مطابق سینئر موسٹ جج کو چیف جسٹس آف پاکستان بنایا جاتا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال سپریم کورٹ سینئر ترین جج ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہیں گے۔ خیال رہے سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال مقرر ہے، چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے ، جسٹس عمر عطا بندیال سپریم کورٹ سینئر ترین جج ہیں۔ جسٹس بندیال 18 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہونے تک چیف جسٹس کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

ناقدین کی منفی تنقید ان کے کردار کو ظاہر کرتی ہے: ثنا خان

اسلام کی خاطر بالی وڈ سے کنارہ کشی کرنے والی اداکارہ ثنا خان نے مداحوں کیلئے معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ثنا خان نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور کہا کہ جھوٹ کی رفتار بہت تیز ہوتی ہے لیکن منزل پر صرف سچ ہی پہنچ پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آپ کے بارے میں منفی باتیں پھیلاتے ہیں ، ان کی یہ عادت صرف اور صرف ان کے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔ ثنا نے مزید کہا کہ آپ کو وہی ملتا ہے جو آپ بوتے ہیں۔

چین کا امریکہ سے آنے والی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

چین : امریکہ سے آنے والے مسافروں میں کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے چین نے دو درجن سے زیادہ امریکی پروازوں کو منسوخ کردیا ہے۔

ایوی ایشن ریگولیٹر نے کورونا کے قوانین کے تحت شنگھائی کے لیے آٹھ کل طے شدہ امریکی مسافر ایئر لائن کی پروازوں کی منسوخی کو لازمی قرار دیا ہے جن میں چار یونائیٹڈ ایئر لائنز، دو ڈیلٹا ایئر لائنز اور امریکن ایئر لائنز شامل ہیں۔

چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے مثبت ٹیسٹوں کے بعد دسمبر سے اب تک چینی کیریئرز کے ذریعے چلائی جانے والی کم از کم 22 دیگر امریکی پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جن میں چائنا سدرن ایئر لائنز کمپنی کی آٹھ پروازیں بھی شامل ہیں۔

یاد رہےکہ امریکا میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے، گزشتہ روز 1 لاکھ 32 ہزار 646 مثبت کیسز رپورٹ ہوئیں ہیں، جو جنوری 2021 میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، جنوری 2021 میں 1 لاکھ 32 ہزار 51 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ورونا کی وبا کے بعد سے چین اور امریکہ کی ہوائی خدمات پر تنازعات جاری ہے۔

اگست 2021 میں یو ایس ڈوٹ نے چینی کیریئرز سے چار پروازوں کو چار ہفتوں کے لیے 40 فیصد مسافروں کی گنجائش تک محدود کر دیا تھا۔

 چین نے اگست میں یونائیٹڈ کو بتایا کہ وہ کچھ پروازوں پر پابندیاں عائد کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2020 میں تقریباً تمام غیر امریکی شہریوں کو جو گزشتہ 14 دنوں کے اندر چین میں موجود تھے امریکہ کے سفر پر پابندی لگا دی تھی۔

صدر جو بائیڈن نے نومبر میں مکمل طور پر ویکسین لگوانے والے غیر ملکی ہوائی مسافروں کے لیے چینی سفری پابندیاں ختم کر دیں تھی۔

عمران عباس گلوکارہ لتا منگیشکر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو

پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔

عمران عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری پر تصویر شیئر کی ہے۔

اس تصویر میں عمران عباس کو لتا جی کی جانب سے ملنے والا آٹوگراف بھی ہے۔

اداکار نے لکھا کہ لتا جی کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔

خیال رہے کہ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر بھی عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔

اس حوالے سے جاری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لتا منگیشکر کا کورونا ٹسیٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔

گلوکارہ کی بھانجی، ریچا نے  تصدیق کی کہ وہ کورونا کی معمولی علامات کا سامنا کر رہی تھیں جس کے بعد ان کا ٹسٹ کروایا گیا تھا۔

علاوہ ازیں زیادہ عمر کی وجہ سے بھی گلوکارہ کو صحت کے دیگر مسائل بھی لاحق ہیں تاہم ڈاکٹرز اور ماہرین انکی صحتیابی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں روزانہ کی بنیاد پر فنکار کورونا وائرس کی نئی لہر کا شکار ہو رہے ہیں۔