All posts by Khabrain News

فواد چوہدری،فرخ حبیب،واوڈا اورصداقت عباسی کی نااہلی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی فیملی کی جانب سے وزیراطلاعات فواد چوہدری سمیت 4 حکومتی رہنمائوں کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شبہ ظاہرکیا گیا ہے کہ اس عدالت کا کوئی بینچ دبائو میں بنا، بتائیں کون سا بینچ دبائو میں بنا؟ یہ ایک تھیم ہے جس کے تحت ساری چیزیں چل رہی ہیں۔ رانا شمیم کی بہو، پوتے اورپوتی نے وزیراطلاعات فواد چوہدری، فرخ حبیب، فیصل واوڈا اور صداقت عباسی کی نااہلی کےخلاف درخواست دائرکررکھی ہے۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کی جانب سے رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ کیا کوئی ثبوت ہے کہ اپیلوں پر بنچ دبائومیں بنا۔ جن کی اپیلیں ہیں کیا انہوں نے اس عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، کیا رانا شمیم نے آپکو یہ درخواست دائر کرنے کا کہا کہ استدعا ساری یہ ہے کہ رانا شمیم کی ہتک عزت ہوئی۔

ن لیگ اور پیپلزپارٹی سانحہ مری پر سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں: حسان خاور

حسان خاور نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی، یہ سانحہ مری پر بھی سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں، شہباز شریف پہلے ماڈل ٹاؤن میں 14 معصوم جانوں کے قتل کاحساب دیں۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہدا ء کے لواحقین آج بھی شہباز شریف سے انصاف مانگ رہے ہیں، تھر میں بلک بلک کر دم توڑنے والے معصوم بچے بلاول سے اپنا قصور پوچھتے ہیں، پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ پر حکومت کرتی آ رہی ہے لیکن تھر میں معصوم بچے علاج کے بغیر آج بھی مر رہے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ کئی دہائیوں تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے شریف خاندان نے مری میں اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر مری کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری شروع ہو چکی ہے۔

نیویارک پراپرٹی کیس: آصف زرداری کو ضمانت ملے گی یا نہیں، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ آصف زرداری کے خلاف نیویارک پراپرٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ عدالت آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور کرے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے، درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس بورڈ میں چیرمین اور ارکان کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ اسلام آباد کیپٹیل ٹیرٹری ایکٹ 2020 کے تحت ٹرسٹ فنڈز کے لیے کریڈٹ گارنٹی کی منظوری دی جائے گی۔ زون فور میں روشن پاکستان پراجیکٹ کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاوسنگ منصوبے کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ سی ڈی اے کے سالانہ بجٹ 2021-22 کی منظوری دے گی۔ انجیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کی ملازمت میں توسیع کی جائے گی۔ 2020 اکیس کی چوتھی سہہ ماہی کے لیے بجلی کے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جائے گی۔ فاٹا اور پاٹا میں نان کسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن میں ڈیوٹی ٹیکسز کی ون ٹائم چھوٹ کی منظوری دی جائے گی۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے مسودے کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ مسیحی برادری سے اقلیتی کمیشن میں ممبر کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پالیسی 2021 کی منظوری دی جائے گی۔ محکمہ انسداد منشیات میں ماہر کی تعیناتی کی جاتی جائے گی۔ پی ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کابینہ نجکاری کمیٹی کے 31 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔ کابینہ ای سی سی کے گزشتہ دو اجلاسوں کی فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

‘شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کےخلاف کارروائی ہوگی’

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پر تنقید سے خوشی ہوتی ہے، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر یہ نہیں کہیں گے پچھلے راستے سے نکل گیا، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئے، ایسے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومت کہہ رہی ہے لوگ خود ذمہ دار ہیں کہ وہ مری کیوں گئے اور گاڑی میں کیوں بیٹھے، پہلے حکومت خود ہی تعریفیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ مری پہنچ گئے، یہ پاکستان میں مہنگائی نہ ہونے کا بیان دیکر غریبوں کا دل دُکھاتے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزراء کام کریں نہ کریں، ٹویٹ ضرور کرتے ہیں، انہیں صرف ٹویٹ کا شوق ہے، اگر تمام مسائل سندھ حکومت پیدا کر رہی ہے تو ہٹ جائیں ہمیں ملک چلانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچجز کو ویلکم کرتے ہیں، اومی کرون کا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام ماسک پہنیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہو سکا

بارشیں ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہوسکا، منڈی میں کاروبار کی مندی کے باعث پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے دام بڑھ گئے۔ بادامی باغ میں واقع لاہور کی سب سے بڑی فروٹ اور سبزی منڈی تقریبا 200 کنال پر محیط ہے۔ 1969 میں تعمیر ہونے والی اِس منڈی میں اوسطا ہر روز پھلوں اور سبزیوں سے لدے ہوئے لگ بھگ 200 کے قریب ٹرک اور ٹرالیاں آتی ہیں۔ اِس اہم ترین منڈی کی صورت حال یہ ہے کہ جیسے ہی چند بوندیں برس جائیں تو یہاں ہرطرف کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بارشوں کا حالیہ سلسلہ ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی یہاں انتہائی نا گفتہ بہ صورت حال دکھائی دے رہی ہے۔ کاروباری افراد کے لیے اپنا کاروبار کرنا بدستور مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن انتظامی طور پر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ منڈی کی اِس صورت حال کے اثرات پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے لکی مروت کے رہائشی کی درخواست سماعت کے بعد خارج کر دی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران بیان دیا 16 ایم این ایز بکے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اپنے حلقہ کے ایم این اے سے کہیں وہ اس سے متعلق پٹیشن دائر کریں۔

شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ‘منت’ کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت ممبئی کے علاقے باندرہ میں سمندرکنارے واقع ہے، جہاں اکثر ان کے مداح اپنے اسٹار کو دیکھنے کیلئے جمع ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں ان کی رہائش گاہ خطرے میں آ گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے، مہاراشٹرا پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے فون کال موصول ہوئی جس میں کنگ خان کی رہائش گاہ سمیت ممبئی کے مشہور مقامات پر متعدد بم دھماکے کرنے کا دعویٰ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت سمیت ممبئی کے مشہور مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے نامعلوم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فون کال کرنے والے کی شناخت جیتیش ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے جو مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پورکا رہائشی ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے مزید بتایا کہ جب ہم نے اس شخص گرفتار کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ماضی میں بھی سی ایم ہیلپ لائن اور ڈائل 100 پر نشے میں جعلی فون کالز کرتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جبل پور پولیس نے جیتیش ٹھاکر کے بارے میں بتایا کہ فون کالز پر بم سے اُڑانے کی دھمکی کے پیچھے اس شخص کا کوئی مقصد نہیں، اصل میں اس کی شادی شدہ زندگی خوشگوار نہیں اس لیے وہ اکثر نشے کی حالت میں یہ کالز کرتا ہے۔

پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت حسین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔
سانحہ مری پر اپنے ٹوئٹ میں عامر لیاقت نے لکھا کہ ویڈیو میکنگ ایکسپرٹ وزیراعلیٰ جناب عثمان بزدار مری کو ضلع بنانے کے بجائے اس کا نام ہی اگر بدل دیتے تو آنے والے دنوں میں مرنے والوں کے لیے یہ نہ کہا جاتا کہ مری میں مرے۔
عامر لیاقت نے لکھا کہ سانحہ مری پر اپنے ایک اہم ساتھی رکن کی تقریر سن کر دکھی ہو گیا، اجلاس میں بیٹھنے کا دل نہیں چاہ رہا، نہ جانے اپنی غلطیاں مان لینے میں کیا حرج ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ مری میں صرف افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں اپنا عظیم روایتی کردار ادا کیا، باقی سب شہبازوبوزدار!! شہباز شریف بولیں مگر ماڈل ٹاؤن نہ بھولیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر بھی سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سندھ میں چور اور نامراد حکومت نے قمر الاسلام اسپتال میں ۸ ماہ تک شاہ رخ جتوئی المعروف قاتلِ شاہ زیب کو علاج کی غرض سے یا تو چپ چاپ بھیجا یا پھر چپکے سے آنکھیں بند کرلیں، مگر ثابت ہوگیا جیسے حکمران ویسی انتظامیہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے نئے بیٹے مرتضیٰ وہاب کم از کم اپنی والدہ کا چہرہ بنیں اور مذمت کریں

سانحہ مری، قومی اسمبلی اجلاس میں فواد چودھری کی شہباز شریف پر تنقید

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیال تھا سانحہ مری پریکجہتی کا ماحول پیدا کریں گے، بدقسمتی سے ایسے لیڈرجعلی طریقے سے پیدا ہوتے ہیں، 30، 30 سال حکومتیں کر کے یہ لوگ پھر بھی لیڈرنہیں بن سکے، بونے ہیں، ان کے قد نہیں بڑھ ہوسکتے، کوئی حیثیت نہیں، قومی اسمبلی میں فواد چودھری نے شور کرنے والے اپوزیشن اراکین کو ’’چمچے، کھڑچھے قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی اپنے محلات نہ بناتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، شہباز شریف نے حادثے پر شعبدہ بازی کی لیکن کہنے کو کچھ نہیں تھا۔ سانحہ مری پرہرآنکھ اشکبارہے، یہ چھوٹے دل کے لوگ ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے ورکرزریسکیوکام کر رہے تھے، وہاں (ن) لیگ کا ایک ایم این اے مری نہیں گیا، ایک لاکھ 64 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، 24 گھنٹے کے اندر ریسکیو کام کو مکمل کیا گیا۔ شہبازشریف کی طرف سے سانحہ مری پر طنز کے جواب پر فواد چودھری نے لیگی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاش پر لاش گری، نیند نہ ٹوٹی تیری، حاکم وقت تیری دیدہ دلیری کوسلام! انہوں نے کہا کہ آج عدالت سے چھٹی لیکر ایوان آئے تھے، مجھے خیال تھا آج وہ لیڈرکی طرح خطاب کریں گے لیکن شہباز شریف نے ثابت کیا وہ شعبدہ بازہیں۔ اپوزیشن لیڈرکویاد کرانا چاہتا ہوں جب یہ وزیراعلیٰ تھے تو سو بچے آکسیجن نہ ملنے پر جان سے گئے، ان کے دور میں آگ لگنا معمول کی بات ہے، ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ ہو رہی تھی، بادشاہ سلامت نے فرمایا ٹی وی پر دیکھا فائرنگ ہو رہی ہے، روک دو، ان کی تمام ترقی اپنے گھروں کے اردگرد ہوئی۔