All posts by Khabrain News

کراچی میں سردی کی لہر برقرار، پارہ ایک بار پھر 9 تک گر گیا

کراچی میں سردی کی لہر مسلسل دوسری رات بھی برقرار رہی اور گزشتہ رات بھی شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغرب سے ہوائیں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 2 روز کے دوران درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں وقفے وقفے سے برفباری جاری، زمینی رابطہ منقطع

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں تین فِٹ سے زیادہ برف باری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ غذر میں نظامِ زندگی مفلوج ہوگئی۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں رزمک اور دیگر علاقوں میں بھی ہر طرف جمی برف ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا ، نکیال کی وادیاں بھی برف سے ڈھک گئیں۔ رپورٹس کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارش اور برف باری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے جبکہ اگلے 24گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسکردو اور ہنزہ میں منفی 5، مری میں منفی 3، کوئٹہ میں منفی 1،گلگت اور چترال میں صفر، اسلام آباد میں1، پشاور میں 2، لاہور میں 9 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

لالیگا: سیویا نے گیٹافے کو ایک صفر سے مات دے دی

اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا میں سیویا نے گیٹافے کو ایک صفر سے مات دے دی۔ اتوار کو کھیلے جانے والے دیگر میچز میں رائیو ویلکانو اور ریال بیٹس کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا جبکہ ایلاویزاور ایتھلیٹک کلب کے درمیا ن میچ بغیر کسی گول کے ڈرا رہا۔ لالیگا میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں رائیو ویلکانو اور ریال بیٹس کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا،پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ریال بیٹس کے سرجیو نے گیند حریف کے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔ دوسرے ہاف کے 25ویں منٹ میں رائیو ویلکانو کے بیلیو نے گول کرکے خسارہ پورا کردیا، جس کے بعد دونوں میں سے کوئی بھی گول نہ کرسکا اور میچ ایک، ایک سے برابری پر ختم ہوا۔ دوسرے میچ میں پوائنٹس ٹیبل کی نمبر ٹو ٹیم سیویا نے گیفافے کو ایک صفر سے ما ت دی، فاتح ٹیم کا گول 22 ویں منٹ میں رافا میر نے بنایا۔ اس کے علاوہ اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں اوسوسونا نے کیڈیز کو دو صفر سے مات دے دی، فاتح ٹیم کی جانب سے بڈیمیر اور اینرک برجا نے گول اسکور کیے۔ ایلاویز اور ایتھلیتک کلب کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ڈرا ہوگیا، دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔

باپ کے ہاتھوں نہر میں پھینکی گئی تیسری بیٹی کی لاش بھی نکال لی گئی

چونیاں میں باپ کے ہاتھوں نہر میں پھینکی گئی تیسری بیٹی کی لاش بھی نکال لی گئی۔ ریسکیوحکام کے مطابق راجووال بی ایس لنک نہر سے تیسری بچی کی لاش بھی تلاش کرلی گئی ہے، مقتولہ 8 سالہ ملائکہ اور اس کی دو بہنوں کو ان کے سنگ دل باپ نے چند روز قبل گھریلو جھگڑے کے بعد نہر میں پھینک دیا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مقتولہ کی دونوں بہنوں کی لاشوں کو پہلے ہی نہر سے نکال لیا تھا۔ اپنی بیٹیوں کو نہر میں پھینکنے والے ملزم اسلم کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کی بیوی کی مدعیت میں بیٹیوں کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

کلہاڑی سے بینک کی اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار

قصورکے علاقے مصطفی آباد میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کلہاڑی کے ذریعے نجی بینک کی اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ قصور پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانا مصطفی آباد پولیس نے 15 پر کال موصول ہونے پر بروقت کارروائی کی اور کلہاڑی کے وار کر کے نجی بینک کی اے ٹی ایم کو توڑ کر لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم شکیل کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نشےکا عادی ہے اور منشیات بھی فروخت کرتا ہے، ملزم کے خلاف نجی بینک کے منیجر کی درخواست پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے متعلق سوال پر معین علی کا دوٹوک جواب

انگلش بلے باز معین علی نے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے متعلق کھل کر وضاحت کی۔ معین علی سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک کے ہمراہ ایک پروگرام میں شریک تھے اور اس دوران میزبان نے ان سے ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے متعلق سوال کیا۔ معین علی نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ثقلین مشتاق کا کوچنگ کا وژن بہت ہی شاندار ہے اور ان کا کوچنگ کے حوالے سے اپنا ایک فلسفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق کا سمجھانے کا انداز دیگر کوچز کے مقابلے میں بالکل ہی مختلف ہے اور میں اس انداز کو دیگر پر ترجیح دیتا ہوں۔ معین علی کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق کا کوچنگ کا اپنا ایک انداز ہے اور میرے لیے ثقلین مشتاق دنیا کے سب سے بہترین کوچ ہیں۔ خیال رہے کہ ثقلین مشتاق انگلش ٹیم میں بطور اسپن بولنگ کوچ فرائض سرانجام دے چکے ہیں اور مصباح الحق کے مستعفی ہونے کے بعد وہ پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دورہ بنگلا دیش میں گرین شرٹس کے ساتھ تعینات رہے۔

عمارت میں آگ لگنے سے 9 بچوں سمیت 19 افراد ہلاک

نیویارک کے علاقے برونکس کی19 منزلہ عمارت کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 9 بچوں سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ برازیل میں پہاڑ سیاحوں پر آگرا، 5 افراد ہلاک، 20 لاپتہ ترجمان نیویارک میئر کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے مجموعی طور پر 63 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 32 کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 13 افرادکی حالت تشویشناک ہے ۔ نیویارک کے فائر ڈپارٹمنٹ کے کمشنر عمارت میں لگنی والی آگ کو حیران کن قرار دے دیا جبکہ ان کا کہنا ہے کہ تقریباً200 فائر فائٹرز کو آگ بجھانے کے لیے بھیج دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ آگ پورٹیبل ہیٹر کی وجہ سے لگی جو کمرے کو گرم رکھنے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔

اب عام کمپیوٹرکوہاتھوں کے اشارے سے چلائیں

ہم جانتے ہیں کہ ہاتھوں کے اشارے سے کمپیوٹرکے بہت سارے فیچرقابو کئے جاسکتے ہیں جس کے کئی سسٹم بن بھی چکے ہیں۔ لیکن ٹائپ الائک سسٹم کی بدولت مہنگے ہارڈویئر کی بجائے ویب کیم میں معمولی تبدیلی کرکے ہاتھوں کے 36 اشاروں کو 97 فیصد درستگی سے سمجھ کر کمپیوٹر مختلف کام انجام دے سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے لیے کسی نئے ہارڈویئراور برقی نظام کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ یوں کسی بھی ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ کو ہاتھوں کے اشارے سے چلایا جاسکتا ہے۔ ٹائپ الائک سسٹم کینیڈا کی جامعہ واٹرلو نے تیار کیا ہے۔ اس میں صرف دو اجزا ہیں ۔ ایک چھوٹا آئینہ ہے جو خاص زاویئے سے جھکاکر ویب کیم پر لگایا جاتا ہے اور دوسری شے ایک جدید الگورتھم یا سافٹ ویئر ہے۔ اب اگرآپ کمپیوٹر کی آواز بڑھانا چاہتے ہیں ایک ہاتھ کمپیوٹر پر رہنے دیں اور دوسرے ہاتھ کا انگوٹھا اوپر اٹھائیں جو تھمبس اپ کہلاتا ہے۔ اس طرح سافٹ ویئر اشارہ سمجھ کرآواز بلند کردیتا ہے۔ جامعہ میں کمپیوٹرسائنس کے طالبعلم نیلن شیبار نے یہ نظام بنایا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ویب کیم چہرے کو دیکھتا رہتا ہے اور ہاتھ اوجھل رہتے ہیں۔ اس لیے نیچے کی جانب ایک ترچھا آئینہ لگایا گیا ہے جوہاتھوں کو دیکھتا رہتا ہے۔ ہرفرد کے ہاتھوں کے اشارے مختلف ہوسکتے ہیں اور اسی لیے سائنسدانوں نے 30 مختلف رضاکاروں کے ہاتھوں کے اشاروں کا ایک ڈیٹا بیس بنایا تاکہ اس کی بھی معیار بندی کی جاسکے۔ اس طرح 36 اشاروں سے کمپیوٹر کے 36 فیچر کنٹرول کئے جاسکتے ہیں۔ دوسری جانب اس کا الگورتھم مزید سیکھتا رہتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتدائی تجربات میں کمپیوٹر نے 97 فیصد درستگی سے ان تمام اشاروں کی درست ترجمانی کی جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

شمسی شیلڈ اورآئینوں کے بعد جیمز ویب دوربین کائناتی تسخیر کے لیے تیار

ناسا سمیت دنیا کے کئی ماہرین نے اب سکون کا سانس لیا ہے کیونکہ اب جیمز ویب خلائی دوربین کی کائنات بینی کے دو اہم مراحل مکمل ہوچکے ہیں ۔ پہلے پردوں کی صورت میں لپٹی شمسی حفاظتی چادر کھولی گئی اور اس کے بعد اس کے درجن سے زائد حصوں پر مشتمل مرکزی آئینے عین منصوبے کے تحت کھولے جاچکےہیں۔ اس کے بعد دنیا کو اس کی پہلی تصویر کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ آئینے کھلنے کے بعد اس کا رقبہ 21 فٹ ہے۔ ماہرین کے مطابق 8 جنوری کو ای ایس ٹی کے مطابق سوا بجے دوپہر کو جیمزویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے اپنے آئینے کھول دیئے تھے۔ ناسا نے اسے فائنل ان فولڈنگ مرحلے کا اہم نام دیا تھا۔ ناسا کی یہ دوربین اس قدر بڑی تھی کہ اسے کسی بھی راکٹ پر نصب کرنا ممکن نہیں تھا، اسی باعث اس کے مختلف حصوں کو بند (فولڈ) کیا گیا تھا تاکہ وہ سکڑ کر ایک راکٹ کے پے لوڈ میں سماسکیں۔ یہ مرحلہ اتنا مشکل اور حساس تھا کہ معمولی سی غلطی اربوں ڈالر کی رقم اور عشروں کی محنت اکارت ہوسکتی تھی۔ اندازہ لگائیے کہ پوری دوربین کو کھولنے کے لیے 344 مراحل تھے جن کا مکمل درستگی سے انجام پانا ضروری تھا۔ جیمزویب دوربین میں دوطرح کے آئینے لگے ہیں۔ اول مرکزی آئینہ ہے جو بصری آئینہ اور 18 ہشت ساختہ (اوکٹینگل) شکل رکھتے ہیں۔ مرکزی آئینے کے اوپر دوسرا ثانوی آئینہ دھاتی سلاخوں سے جڑا ہے۔ تیسرے اور اہم گوشے میں جدید ترین سائنسی آلات اور کیمرے موجود ہیں۔ اب یہ زمین سے لگ بھگ دس سے گیارہ لاکھ کلومیٹر دور رہتے ہوئے ایل ٹو نامی مدار میں زیرِ گردش ہے۔ اس کے وسیع آئینے مرئی، انفراریڈ اور دیگر اقسام کی روشنیوں کو دیکھ کر ہمیں کائنات کی قدیم ترین صورت دکھاسکیں گے۔ توقع ہے کہ اربوں سال پہلے تشکیل پانے والی اولین کہکشاؤں کا نظارہ بھی ہماری بصارت تک پہنچے گا۔

PTIحکومت نے سالانہ 9.174ارب ڈالر سود اور قرض واپس کیا

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اپنے دورمیں اوسطاً سالانہ 9.174 ارب ڈالر سود اورقرضے کی مد میں ادائیگی کی جب کہ (ن)لیگ نے اپنے 5سالہ دور میں اوسطاً سالانہ 5.414ارب ڈالر سود اور قرضے کی مد میں ادا کیے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے اگست2018سے اکتوبر2021تک 38.8 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ لیا جبکہ اسی عرصہ کے دوران پی ٹی آئی حکومت نے 29.815ارب ڈالر غیر ملکی قرضے واپس کیے۔ دستاویزات کے مطابق یکم اگست 2018تا 31اکتوبر 2021تک حکومت پاکستان نے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں مجموعی طورپر 38.8ارب ڈالر لیے، جس میں قرضے کی مد میں 37.857 ارب ڈالر جبکہ گرانٹس کی مد میں 1.007ارب ڈالر وصول کئے۔ اگست 2018سے اکتوبر2021 تک 39 مہینوں میں وفاقی حکومت نے 29.815ارب ڈالر اصل زر اور سود کی مد میں(اوسطاً9.174ارب ڈالر سالانہ) ادائیگیاں کیں، جولائی2013سے جون2018تک 5سال میں (ن)لیگ نے 49.762ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیے جبکہ 5 سالوں میں 27.071 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔ پانچ سالوں میں (ن) لیگ حکومت نے 22.691 ارب ڈالر خالص قرضہ حاصل کیااور 27.071ارب امریکی ڈالر (اوسطاً سالانہ5.414ارب ڈالر) غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔