All posts by Khabrain News

ایف بی آرنے 3 سال میں 12ہزار 570ارب ریونیو اکٹھا کیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ تین مالی سالوں میں 12 ہزار 570ارب روپے سے زائد کا ریونیو اکٹھا کر لیا۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2018-19میں کل 3828.5ارب روپے کا ریونیو میں ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 1445.5 ارب روپے اکٹھے کیے گئے جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 1459.2 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی مد میں 238.2ارب روپے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 685.6ارب روپے اکٹھے ہوئے۔ مالی سال 2019-20میں ایف بی آر نے کل 3997.4 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیاجس میں ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 1523.4ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 1596.9 ارب روپے، ایف ای ڈی کی مد میں 250.5ارب روپے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 626.6 روپے اکٹھے کیے گئے۔ مالی سال 2020-21میں ایف بی آر نے 4745ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیاجس میں ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں 1731.3 بلین روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 1988.3 بلین روپے،ایف ای ڈی کی مد میں 277بلین روپے جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 748.4 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔

بنگلا دیشی ٹیم ایک بار پھر مذاق بن گئی، ایک گیند پر 7 رنز دے دیے

بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ایک گیند پر 7 رنز دینے کا انوکھا کارنامہ اپنے کھاتے میں درج کروایا۔ بنگلا دیش کی ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ہے اور مہمان ٹیم کو دوٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ ابھی بنگلا دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں لیے گئے انتہائی عجیب ریویو پر مذاق بنی ہوئی تھی کہ بنگال ٹائیگزر نے ایک اور عجیب کارنامہ انجام دے دیا۔ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے روز 26 ویں اوور میں بنگلا دیش کے عبادت حسین کی گیند پر کیوی بلے باز ول ینگ کا ایج نکلا اور گیند سلپ کی جانب گئی۔ دوسری سلپ پر کھڑے فیلڈر نے ڈائیو لگائی لیکن وہ کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور گیند باؤنڈری کی جانب چلی گئی، اس دوران کیوی بلے بازوں نے رن بنانے کے لیے دوڑنا شروع کر دیا۔ باؤنڈری پر کھڑے بنگلا دیشی فیلڈر نے گیند وکٹ کیپر نور الحسین کی جانب پھینکی تو انہوں نے تیسرے رن کے لیے نان اسٹرائیکر اینڈ پر جاتے ینگ کو آؤٹ کرنے کے لیے گیند تھرو کر دی۔ اس بار بھی کوئی فیلڈر گیند کو نہ روک سکا اور گیند تیزی سے باؤنڈری کی جانب جانے لگی، بولر عبادت حسین گیند کے پیچھے دوڑے لیکن وہ گیند کو باؤنڈری پار کرنے سے روکنے میں ناکام رہے اور اس طرح کیوی ٹیم کو ایک گیند پر 7 رنز مل گئے۔

کراچی میں کورونا کے وار، مرتضیٰ وہاب نے سخت فیصلوں سے خبردار کردیا

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر شہریوں کو سخت فیصلوں سے خبردار کردیا۔ ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دو ہفتوں میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے ڈیٹا کا جائزہ لے رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حالات کا جائزہ لے رہی ہے، شہری ویکسی نیشن کرائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں، اگر شہری چاہتے ہیں کہ سخت فیصلے نہ ہوں تو حکومت کا ساتھ دیں اور مدد کرنا چاہیے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اگر اسپتالوں پر کورونا مریضوں کادباؤ نہ رہا تو صورتحال ایسی ہی نارمل رہ سکتی ہے البتہ حکومت زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرےگی۔

پنجاب اورپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کے ڈیرے، موٹروے کئی مقامات پر بند

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹروے ایم ون، ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور اور فائیو کئی مقامات پر بند ہوگئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہے۔ لاہور اور گردونواح میں دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔ دھند کے باعث 6 پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ دو منسوخ کر دی گئیں۔ رحیم یار خان، میاں چنوں، پاکپتن، گوجرہ، جھنگ اور گردونواح میں حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی۔ موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک دھند کے باعث بند موٹروے ایم ون رشکئی انٹرچینج سے پشاور ٹال پلازہ تک بند ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم ٹو ٹھوکرنیاز بیگ سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروے ایم تھری فیض پور انٹر چینج سے درخانہ انٹر چینج تک، موٹر وے ایم فور شام کوٹ سے عبدالحکیم تک، موٹروے ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ تک، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک، موٹروے ایم 5 اقبال آباد انٹر چینج سے روہڑی ٹال پلازہ تک بند ہے۔

پی ٹی آئی حکومت نے اوسط سالانہ9.174ارب ڈالر قرضے اداکیے

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اپنے دورمیں اوسطاً سالانہ 9.174 ارب ڈالر سود اورقرضے کی مد میں ادائیگی کی جب کہ (ن)لیگ نے اپنے 5سالہ دور میں اوسطاً سالانہ 5.414ارب ڈالر سود اور قرضے کی مد میں ادا کیے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے اگست2018سے اکتوبر2021تک 38.8 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ لیا جبکہ اسی عرصہ کے دوران پی ٹی آئی حکومت نے 29.815ارب ڈالر غیر ملکی قرضے واپس کیے۔ دستاویزات کے مطابق یکم اگست 2018تا 31اکتوبر 2021تک حکومت پاکستان نے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں مجموعی طورپر 38.8ارب ڈالر لیے، جس میں قرضے کی مد میں 37.857 ارب ڈالر جبکہ گرانٹس کی مد میں 1.007ارب ڈالر وصول کئے۔ اگست 2018سے اکتوبر2021 تک 39 مہینوں میں وفاقی حکومت نے 29.815ارب ڈالر اصل زر اور سود کی مد میں(اوسطاً9.174ارب ڈالر سالانہ) ادائیگیاں کیں، جولائی2013سے جون2018تک 5سال میں (ن)لیگ نے 49.762ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیے جبکہ 5 سالوں میں 27.071 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔ پانچ سالوں میں (ن) لیگ حکومت نے 22.691 ارب ڈالر خالص قرضہ حاصل کیااور 27.071ارب امریکی ڈالر (اوسطاً سالانہ5.414ارب ڈالر) غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔

خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا والدین کو لکھا گیا آخری خط سامنے آ گیا

گزشتہ روز مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا والدین کو لکھا گیا آخری خط سامنےآگیا۔ میڈیکل کی طالبہ عصمت کی جانب سے والدین کو لکھے گئے آخری خط میں کہا گیا کہ آپ دونوں سے معافی چاہتی ہوں، آپ کو بہت دکھ ہو گا لیکن میں کمزور ہو گئی ہوں، مجھے معاف کر دیجیےگا۔ دوسری جانب ویمن پروٹیکشن سیل نے میڈیکل کی طالبہ عصمت کے زیر استعمال اشیاء تحویل میں لے لی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیپلز میڈیکل کالج نوابشاہ کی طالبہ عصمت کی لاش گزشتہ روز گھر سے ملی تھی، لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ کا انتظارہے۔ عصمت کے والدین کا کہنا ہے کہ بیٹی نے خودکشی کی ہے، اس کے سینے پر گولی کا نشان ہے جبکہ 3 روز قبل طالبہ کو ہراساں کرنے کا مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ثمن سولنگی نامی شخص عصمت کو بلیک میل کر رہا ہے، ثمن سولنگی جعلی نکاح نامہ بنوا کر عصمت کو ہراساں کر رہا ہے۔ عصمت کے والد کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں یہ بھی لکھوایا گیا کہ ثمن سولنگی نے بیٹی کو دھمکیاں دے کر اس سے 90 ہزار روپے بھی لیے ہیں، میری بیٹی رقم ثمن سولنگی کے اکاؤنٹ میں منتقل کرتی رہی، بیٹی عصمت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد ایک ملزم گرفتار ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آریز احمد اور حبا بخاری نکاح کے فوراً بعد ہائی جیک ہوگئے

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اداکار آریز احمد اور اداکارہ حبا بخاری کو رات گئے دوستوں نے ہائی جیک کر لیا۔ انسٹاگرام پر اداکار آریز احمد کی جانب سے ایک اسٹوری شیئر کرتے مداحوں کو رات گئے پیش آنے والے واقعے سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ویڈیو میں حبا آریز کو ٹھنڈ میں جیکٹ پہنے گاڑی میں دوستوں کے ہمراہ جاتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں موجود شخص کہہ رہا ہے کہ رات کے 3:30 بجے کا وقت ہے اور ہم دلہا دلہن کو ہائی جیک کرکے چائے پلانے لے جا رہے ہیں۔ جس پر گاڑی میں موجود حبا بخاری اور آریز بھی دوست کی جانب مسکرا کر دیکھتے ہیں۔ آریز احمد کی اگلی انسٹا اسٹوری پر انھیں دوستوں اور اہلیہ کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھے بھی دیکھا گیا۔ خیال رہے کہ دو روز قبل حبا بخاری اور اداکار آریز احمد کے نکاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، بعد ازاں گزشتہ روز اداکارہ کی رخصتی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

شیرشاہ میں پراچہ چوک پر سیوریج نالے میں ایک بار پھر دھماکا

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پراچہ چوک کے قریب سیوریج نالے میں اتوار کی سہہ پہر پھر دھماکا ہوا جس میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شیرشاہ پولیس کے مطابق اتوار کو دھماکے کے مقام پر پھلوں پر بازار لگتا ہے اور بہت لوگ خریداری کیلئے پہنچتے ہیں۔ عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شیر شاہ پولیس کے مطابق شیر شاہ کے آج کے دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم موقع پر لوگوں کا ہجوم ہے جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا۔ خیال رہے کہ اسی مقام پر دو روز قبل بھی دھماکا ہوا تھا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ پراچہ چوک کے اس مقام سے دوسری طرف ایک بینک میں دھماکے کے نتیجے میں کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

جنوبی افریقی بورڈ کا پی ایس ایل کے لئےکھلاڑیوں کو اجازت دینے سے انکار

جنوبی افریقا نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا ہے۔ 

جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت کے لئے این او سی دینے سے انکار کردیا ہے۔

جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ بورڈ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کرے گا، یہ اقدام جنوبی افرقیا کے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول اور مقامی کرکٹ ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقا کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم کا بھی دورہ جنوبی افریقا شیڈول ہے، اس صورت حال میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اپنی قومی فرائض کے لیے دستیاب ہونا چاہیے۔

ڈائریکٹر جنوبی افریقا کرکٹ کا کہنا تھا جب بھی ہمارا کرکٹ شیڈول ٹی 20 ایونٹس سے متصادم نہیں ہوگا، ہم اپنے کھلاڑیوں کو ماضی کی طرح ان ایونٹس میں حصہ لینے کی اجازت دیں گے۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کا پی ایس ایل کی کسی فرنچائز پر اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں عمران طاہر، رلے روسو اور مرچنٹ ڈی لانگے شامل ہیں اور یہ تینوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے سینٹرل کنٹریکٹ میں نہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2022 کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا، 32 روزہ ایونٹ میں 34 مقابلے ہوں گے۔

یوکرین کے مسئلے پر لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، روس نے واضح کردیا

روس نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے دباؤ میں آکر یوکرین تنازعے اور یورپی یونین کا مذاکرات کا حصہ بننے سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتے گا۔ رائٹرز کے مطابق روسی نائب وزیر خارجہ سرجی ریابکوو نے امریکا کے ساتھ ہونے جارہے مذاکرات سے قبل یہ واضح کردیا ہے کہ روس کی جو شرائط پہلے تھیں وہ نہیں بدلیں گی۔ نائب وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور نیٹو کی جانب سے امریکا کو ہدایات آرہی ہیں جو کہ مایوس کُن ہے۔ یوکرین کی سرحد سے روس اپنی فوج اس وقت تک نہیں ہٹائے گا جب تک نیٹو کی پیش قدمی نہیں رُکتی اور دوسرا یورپی یونین کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا وہ مذاکرات کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ روس اپنی سیکورٹی کو یقینی بنائے جانے سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتے گا۔ مذاکرات سے متعلق وزارت خارجہ نے کہا کہ ابھی کے حالات ہی بتا رہے ہیں کہ مذاکرات حوصلہ افزا نہ ہوں اور ہوسکتا ہے ایک میٹنگ کے بعد ہی اختتام پذیر ہوجائیں۔