لاہور/گوجرانوالہ/ملتان/بھکر(نمائندگان خبریں) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے بعد صوبے بھر میں پولیس نے شراب فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن تیز کر دیا ، لاہور ، ملتان ، گوجرانوالہ اور بھکر سمیت دیگر شہروں میں چھاپے مار کر ہزاروں لیٹر شراب قبضے میں لے لی ، 24ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں کوٹ لکھپت پولیس نے عوامی کالونی میں واقع گھر پر چھاپہ مار کر مختلف برانڈز کی جعلی شراب بنانے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم شفیق اور شکیل مسیح گزشتہ کئی مہینوں سے گھر میں مختلف برانڈز کی جعلی شراب بنانے کا کام کر رہے تھے جبکہ نیو ائیر نائٹ پر شہر کے بیشتر گیسٹ ہاﺅسز میں شراب سپلائی کرنا تھی جسے پولیس نے پکڑ لیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شراب میں استعمال ہونے والےکیمیکل، سٹیکرز اور بوتلیں برآمد کرلیں۔ملتان کینٹ میں بھی پولیس نے مکان پر چھاپہ مار کر شراب کے 13 کارٹن برآمد کر لئے۔ پانچ ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔گوجرانوالہ کے علاقے باغبانپورہ سے بھی 100لٹر سے زائد زہریلی شراب پکڑی گئی۔ پولیس نے سات ملزموں کو گرفتار کر لیا۔بھکر میں شراب کا ٹرک پکڑا گیا۔ پولیس نے شراب کی بارہ ہزار بوتلیں قبضے میں لے کر ڈرائیور اور کلینر کو حراست میں لے لیا۔

