اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے صوبائی اور علاقائی حکومتوں کے تعاون سے ماحول اورقدرتی وسائل کے تحفظ کےلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ہفتہ کو عالمی یوم ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے زور دیا کہ خوشحالی کےلئے قدرتی سرمائے کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے جتنا بھی کردار ادا کیا جائے گا اس کے جلد اثرات نمودارہوں گے۔ انہوں نے صوبائی اورمقامی حکومتوں کے تعاون سے ماحول اورقدرتی وسائل کے تحفظ کےلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور بالخصوص ہریالی میں اضافہ کی اہمیت اورحیاتیاتی نظام میں تنوع کے تحفظ پر زوردیا۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان تعاون سے گرین پاکستان پروگرام کے تحت پاکستان میں یوم ارض منانے کے بنیادی اہداف کو تیزی سے حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔






































