اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف اپنے دور حکومت کے آخری سال صوبہ سندھ کے 12اضلاع میں عید کے بعد عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔اس دوران اندرون سندھ اور کراچی شہر سے بااثر شخصیات اور کاروباری طبقہ کے نمائندہ افراد کی (ن) لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔ اندرون سندھ میں پی پی مخالف بااثر شخصیات اور خاندانوں کو (ن) لیگ میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ کراچی میں کاروباری طبقہ کے نمائندہ اور صاف ستھرے افراد کی (ن) لیگ میں شمولیت کا ٹاسک گورنر محمد زبیر کو دیا گیا ہے۔ شہری ووٹرز کی (ن) لیگ میں شمولیت کے لئے ہی محمد زبیر کو گورنر لگایا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق لاڑکانہ‘ نواب شاہ‘ سکھر‘ حیدر آباد کے اضلاع خصوصی طورپر وزیراعظم کے شیڈول میں شامل کئے گئے ہیں۔ (ن) لیگ کے صوبائی صدر سرفراز جتوئی جن کا تعلق لاڑکانہ سے ہے ان کی دعوت پر وزیراعظم پہلا اجتماع عید کے بعد لاڑکانہ میں کریں گے۔ جلسوں کے پروگرام کے کوآرڈی نیٹر وفاقی وزیر سعد رفیق ہوں گے جنہیں سندھ میں پارٹی کو متحرک کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ سعد رفیق صوبائی صدر سرفراز جتوئی‘ جنرل سیکرٹری نہال ہاشمی کے ساتھ مشاورت کے بعد عوامی اجتماعاات کے لئے تاریخ اور مقامات کا تعین کریں گے۔ اسماعیل راہو نے (ن) لیگ کے صوبائی صدر کا عہدہ چھوڑ کر پی پی میں شمولیت اختیارکی ہے اور اس کا حساب برابر کرنے کے لئے ضلع بدین سے ذوالفقار مرزا‘ فہمیدہ مرزا کو (ن) لیگ میں شامل کرانے کی کوشش کیجائے گی۔ مرزا خاندان سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ساتھ رابطہ میں ہے ‘ دونوں خاندانوں میں بہترین تعلقات موجود ہیں۔
معرکہ/سندھ




































