قطری شہزادے کی رپورٹ کو جے آئی ٹی کا حصہ نہ بنایا گیا تو اس رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قطری شہزادے کی رپورٹ کو جے آئی ٹی کا حصہ نہ بنایا گیا تو اس رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کا طریقہ کار، تشکیل اور ارکان کا انتخاب روز اول سے ہی متنازع رہا، جے آئی ٹی مان گئی کہ تصویر ان سے لیک ہوئی لیکن ذمہ دار کا نام نہیں بتایا گیا جب کہ جے آئی ٹی میں لوگوں پر بیان بدلنے کے لیے دباو ڈالا گیا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا تھا ایف آئی اے جے آئی ٹی کی سربراہی کرے گی لیکن اب تو خبر آگئی ہے کہ حساس ادارے کے پاس جے آئی ٹی کا کنٹرول ہے جبکہ اب تک حساس ادارے کی جانب سے اس کی تردید نہیں آئی، خبر کے مطابق کنٹرول عدالتی حکم کے تحت دیا گیا اور اس کیس میں ہمیں انصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں عامر عزیز کا نام سامنے آنے سے مسائل پیدا ہوئے جب کہ جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کے ساتھ برا رویہ اپنایا۔وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 1999 میں وزیراعظم نواز شریف کا احتساب کیا گیا لیکن احتساب کے باوجود وزیراعظم کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی جب کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کے تفتیش میں پیش ہونے کی روایت نہیں، اس کے باوجود مریم نواز نے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گھبرانے والے نہیں، عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے لیکن فیصلہ صرف انصاف پر مبنی ہی قبول کیا جائے گا۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی تمام آڈیو وڈیو ریکارڈنگ کو ٹیلی ویڑن پر دکھایا جائے جس کا خرچا ہم برداشت کریں گے، عوام کو بتایا جائے کہ وزیراعظم اور دیگر افراد سے کیا سوالات ہوئے اور ان کے کیا جوابات دیے گئے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام سب سے بڑی جے آئی ٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطری خط کی تصدیق کے لیے جے آئی ٹی دوحا کیوں نہیں جاتی، قطری خط کی تصدیق نہ کرنا ناانصافی ہوگی جب کہ ماضی میں بے نظیر قتل کیس میں مارک سیگل سے امریکا میں بیان ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ پرویز مشرف سمیت کئی اور مثالیں بھی موجود ہیں جہاں بیرون ملک ٹیمیں گئیں، اگر قطری شہزادے کی شہادت نہ لی گئی تو جے آئی ٹی رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ذریعے عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہوا تو انہوں نے عدالتی کندھا استعمال کرنا شروع کر دیا، پاکستان کی ترقی کو سیاسی بے یقینی میں تبدیل کر کے روکنا مجرمانہ حرکت ہے لیکن چور دروازوں سے اقتدار میں آنے کا وقت گزر چکا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کرپشن ہوتی تو ہماری اسٹاک مارکیٹ ترقی نہ کرتی، لوڈشیڈنگ 20 گھنٹوں سے کم ہو کر 10 سے 12 گھنٹے تک نہ آتی، بیرون ملک سے سرمایہ کاری نہ آتی، ہماری ترقی کی شرخ 5 اعشاریہ 3 تک نہ جاتی اور پوری دنیا ہماری معیشت میں بہتری کا اعتراف نہ کرتی، دھرنوں اور منفی سیاست کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیاسی بے یقینی نے اسٹاک مارکیٹ کو 50 ہزار سے 46 ہزار تک پہچا دیا ہے جس سے اربوں ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

پاکستان ترقی کے میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ دیگا ، عاملی ادارے کی رپورٹ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارت کے علاوہ پاکستان مجموعی قومی پیداوار کی ترقی میں تمام ایشیائی معیشتوں سمیت اہم اسلامی معیشتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیگا۔ سینٹر فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ (سی آئی ڈی) ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے دس سال کے دوران پاکستان کی سالانہ ترقی کی شرح 6 فیصد متوقع ہے جو چین سے بھی بلند ترین شرح ہے۔قبل ازیں سی آئی ڈی نے 2025 تک پاکستان کی شرح نمو پانچ فیصد تک کی پیشگوئی کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کے علاوہ پاکستان مجموعی قومی پیداوار کی ترقی میں تمام ایشیائی معیشتوں سمیت اہم اسلامی معیشتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیگا۔

تمام پرچے منٹوں میں حل

بیجنگ(ویب ڈیسک) امتحانات کے دوران نقل اور ناجائز ذرائع کا استعمال تو ہمارے ہاں بھی بہت عام پایا جاتا ہے لیکن چین میں ایک طالبہ نے امتحان پاس کرنے کیلئے اپنے جسم کے ایک ایسے حصے کو “بوٹی” میں بدل دیا کہ ایسی مثال آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی۔

ویب سائٹ شنگھائسٹ کی رپورٹ کے مطابق لمبی ٹانگوں والی اس لڑکی نے اپنی ٹانگوں پر گھٹنوں سے لے کر ران کے بالائی حصے تک سوالات کے جواب لکھ رکھے تھے۔


مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کامیابی سے پرچہ حل کرنے میں کامیاب بھی رہی اور کسی بھی نگران کی اس پر نظر نہیں پڑی۔لڑکی کی ٹانگوں کی تصاویر اس کی ایک سہیلی نے انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیلی روشنائی سے ٹانگ کے اوپر اتنی زیادہ لکھائی کی گئی ہے جو کئی صفحات پر مشتمل ہوگی۔

پاکستان پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے،آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی فٹبالرز رونالدینو اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے عالمی فٹبالرز کے دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے، کھیل امن کو فروغ دیتےہیں، تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان فٹ بالرزعالمی فٹبالرز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ملاقات کے دوران رونالڈینو نے کہا کہ پرامن اور خوبصورت پاکستان میں آرمی چیف کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

امن کی ضمانت نہیں دے سکتے ،وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کو واضح پیغام دیدیا

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ برہان وانی کا یوم شہادت ساری دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا یہ بازار گرم رہا تو پھر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔برہان وانی شہید کی پہلی برسی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے، ایک سال پہلے اس جواں سال شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا، اس سے آج پوری وادی میں چراغاں ہے، برہان وانی کی شہادت نے ثابت کردیا کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے، برہان وانی کا یوم شہادت ساری دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا یہ بازار گرم رہا تو پھر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ یہ شہادت عالمی برادری اور اور قوتوں کو بھی متوجہ کرتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے آنکھیں نہیں چرا سکتے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا۔ کوئی بھی بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کے لئے آمادہ نہیں، بھارت کو یہ حقیقت بھی سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو اندھا نہیں کیا جا سکتا، برہان وانی کی شہادت نے بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا کہ آزادی کشمیر کی تحریک کسی خارجی مداخلت کے زیر اثر ہے، مقبوضہ کشمیر کی یہ تحریک آزادی مقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے۔

رونالڈینو سمیت عالمی شہر ت یافتہ فٹ بالرز کی پاکستان آمد

 اسلام آباد: عالمی شہرت یافتہ 7 فٹ بالرزپاکستان پہنچ گئے اوراس موقع پرپاک فوج کے اعلیٰ حکام نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔عالمی شہرت یافتہ 7 فٹ بالرزپاکستان پہنچ گئے، تمام کھلاڑی خصوصی پروازکے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔کھلاڑیوں میں برازیل سے تعلق رکھنے والے گوئچورونالڈینو، رابرٹ پائرز بھی شامل ہیں جبکہ برطانیہ کےریان گگز، ڈیوڈ جیمز، فرانس کے نیکولس انیلا، ہالینڈکے جارج بوٹنگ اورپرتگال کے لوئس بوامورٹ خصوصی پرواز کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچےہیں۔ تمام کھلاڑیوں کو پاک فوج کی انتہائی سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد  کے نجی ہوٹل میں لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق کھلاڑی واپس راولپنڈی آئیں گے جہاں اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات متوقع ہے جبکہ دوپہر کو تمام کھلاڑیوں کو کراچی روانہ کیا جاے گا۔

7اگست کو کیا ہونے والا ہے؟

کراچی (خصوصی رپورٹ) رواں سال کا دوسرا چاند گرہن7اگست کو ہوگا جو پاکستان میں جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2017 کے دوسرے چاند گرہن کا آغاز 7 اگست کی شب کو ہوگا جو کہ پاکستان میں جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا، پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن کا آغاز رات 8 بج کر 50 منٹ پر ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن 11 بج کر 20 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا اور رات ایک بج کر 51 منٹ پر یہ ختم ہوجائےگا، یہ چاند گرہن پاکستان کے علاوہ مغربی ایشیا، آسٹریلیا، انٹارکٹیکا، افریقہ، یورپ میں دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 7 اور 8 اگست کی شب ہونے والا چاند گرہن دنیا بھر میں پاکستانی وقت کے مطابق 8 بج کر 50 منٹ پر جبکہ پاکستان میں 11 بج کر 23 منٹ پر جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا۔چاند گرہن 11 بج کر 20 منٹ پر اپنے عروج تک پہنچ جائے گا جبکہ پاکستان میں اس کا اختتام 8 اگست 12 بج کر 18 منٹ اور دنیا بھر میں رات ایک بج کر 51 منٹ پر ہوگا۔