اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملہ پر نواز شریف اور زرداری مسلسل رابطہ میں ہیں۔ نیب قوانین اور آرٹیکل63,62 میں ترامیم کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے خورشید شاہ سے ملاقات کے بعد چیئرمین نیب کےلئے اشتیاق احمد کا نام دیا۔ یہ انکشافات سینئر تجزیہ کار نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی بتائیں کہ 2013 کے دھاندلی شدہ الیکشن کروانے والے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد سے ان کا کیا تعلق ہے۔ کیا ان کی خورشید شاہ سے ملاقات کے بعد یہ نام سامنے نہیں آیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معیشت تباہ کر دی جو براہ راست سکیورٹی رسک ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین آج کسی وقت بھی بیرون ملک سے کراچی پہنچ جائینگے۔ کراچی میں سخت آپریشن ہونے جا رہا ہے۔ نواز شریف آصف زرداری اور الطاف حسین کا ایک ہی مسئلہ ہے انہیں کوئی بات سمجھائی نہیں جا سکتی۔ چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق نہیں ہو پائے گا جس کے بعد سپریم کورٹ ہی حتمی نام دے گی۔ بدمعاشیہ کے قابو آنے کے بعد امریکہ اور بھارت سے تعلقات بہتر ہو جائینگے۔ ڈان لیکس، کالعدم جماعتیں، ریاست کے اندر ریاست جیسے بیانات، یہ سب بیانیہ باہر سے آ رہا ہے، نواز شریف ملک کو انتشار کی جانب لے جانا چاہتے اور مارشل لاءلگوانا چاہتے ہیں تاکہ اس کی آڑ میں بچاﺅ کا راستہ نکالا جائے۔ وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان میں حکومتیں باہر کی قوتوں کے اشارے پر نہیں بلکہ میڈ اِن پاکستان ہونگی۔






































