لاہور (آئی این پی)قومی فاسٹ باﺅلر حسن علی ورلڈ الیون کیخلاف میچز کھیلنے کیلئے بیتاب ہیں ۔ نوجوان باﺅلر نے جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ کی وکٹ لینے کو ہدف بنا لیا ہے ۔ ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کا انتظار صرف شائقین کو نہیں کھلاڑی بھی بے قرار ہیں ۔قومی فاسٹ باﺅلر حسن علی پاکستانی میدانوں میں انٹرنیشنل پلیئرز کیخلاف کھیلنے کو بیتاب ہیں ۔ حسن علی بڑے ایونٹ میں اچھی باﺅلنگ کیلئے پرعزم ہیں ۔ کھلاڑی نے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کی وکٹ کو ہدف بنا لیا ۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کی کامیاب میزبانی کے بعد دیگر انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان ضرور آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب میں نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی، اس لیئے اپنی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی، آئی سی سی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ امید ہے کہ جلد ہی عالمی کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔پیسر نے کہا کہ توقعات کے بوجھ تلے دبنے کی بجائے ہوم کراﺅڈ کو اپنی طاقت کے طورپراستعمال کرینگے۔ بیٹنگ کی طرح بولنگ میں بھی پارٹنرشپ ہوتی ہے، کیمپ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر کام ہو رہا ہے تاہم فٹنس کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
