لاہور ( شوبزڈیسک)اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ میری احسن خان کے ساتھ فلم ”رہبرا“ مکمل ہو چکی ہے مگر بعض وجوہات کی بناءپر اس فلم کو ابھی تک ریلیز نہیں کیا گیا مگر مجھے یقین ہے کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد کامیابیوں کے ریکارڈ بنائے گی۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں پوری کاسٹ نے ٹیم ورک کی صورت میں کام کیا ہے اور خاص طور پر ہدایتکار امین اقبال نے فلم کے ایک ایک سین پر بڑی محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم سب کی محنت رنگ لائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نا صرف میری فلم بلکہ کراچی میں بننے والی مزید چھ سات فلمیں مکمل ہو چکی ہوں اور جیسے ہی مناسب وقت ہوا تو میری فلم ”رہبرا “ کو نمائش کے لئے پیش کر دیا جائے گا۔
انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ میری شوبز میں حقیقی پہچان نجی ٹی وی کا سٹ کام ”بلبلے “ تھا جس میں میرا کردار خوبصورت کا تھا اور یہ کردار ہر عمر کے لوگوںکے ذہن پر چھایا ہوا ہے اور نہ صرف میرا بلکہ ڈرامے میں کام کرنے والے دیگر فنکاروں کو بھی اسی سٹ کام سے ملک گیر شہرت ملی ہے اور ان کرداروںکے نام اب بچے بچے کی زبانوں پر ہیں۔

