لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔کرکٹ ساو¿تھ افریقا نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ کی دوپہر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کرسکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ ماہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے خواہاں تھے مگر ہم اس ضمن میں کرکٹ ساو¿تھ افریقا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو پیش نظر رکھنا کسی بھی کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور اس حوالے سے یہ فیصلہ قابل فہم ہے۔وسیم خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ کرکٹ ساو¿تھ افریقا محدود فارمیٹ کی اس سیریز کا اہتمام جلد از جلد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دونوں بورڈز سیریز کی نئی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف ٹی پی میں خالی ونڈو تلاش کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پروٹیز کو آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی دعوت دی تھی جس پر جنوبی افریقی بورڈ نے مثبت جواب دیا تھا۔