ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے مردوں کے کبڈی مقابلے میں ملائیشیا کو 65-22 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔ پاکستان نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف کے اختتام پر 38-11 کی واضح برتری حاصل کرلی تھی۔
جاپان کے شہر ناگویا میں ہونے والے مقابلے میں پاکستانی دفاع اور ریڈنگ نے ملائیشین ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ پاکستان نے مجموعی طور پر 43 پوائنٹس کے فرق سے کامیابی حاصل کی، جبکہ ملائیشیا صرف 22 پوائنٹس بنا سکا۔
پاکستان گروپ بی میں شامل ہے، جہاں اس کا اگلا مقابلہ 22 ستمبر کو نیپال سے ہوگا۔ اس کے بعد پاکستان 23 ستمبر کو تھائی لینڈ اور 24 ستمبر کو ایران کے مدمقابل آئے گا۔ گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان نے گزشتہ ایشین گیمز میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا، جبکہ ایشین گیمز کبڈی میں اب تک پاکستان طلائی تمغہ نہیں جیت سکا۔

