پاکستان کی ایم ایم اے فائٹر منیشہ علی نے انگولا کے شہر لوانڈا میں ہونے والے انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (IMMAF) ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا۔
فائنل میں منیشہ علی کا مقابلہ انگولا کی لیونیلا ازابیل بلائیے سے ہوا، جہاں پاکستانی فائٹر نے دوسرے راؤنڈ میں سبمیشن کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔ مقابلے کے اختتامی لمحات میں حریف نے جارحانہ انداز اپنایا، تاہم منیشہ نے اسٹینڈنگ گِلّوٹین لگا کر فائٹ اپنے نام کرلی۔
رپورٹس کے مطابق منیشہ نے یہ کامیابی دوسرے راؤنڈ کے اختتام سے صرف 15 سیکنڈ قبل حاصل کی۔ فتح کے بعد وہ جذباتی ہوگئیں اور سجدے میں گر گئیں، جبکہ ان کی بہن ملیحہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی منیشہ علی لاہور کے بریو جِم میں تربیت حاصل کرتی ہیں۔ ورلڈ کپ میں دنیا کی 15 ٹاپ رینکڈ ٹیموں نے شرکت کی۔
منیشہ علی کا اگلا ہدف پاکستان اوپن میں شرکت ہے، جس کے بعد وہ یکم نومبر سے جارجیا میں شروع ہونے والی IMMAF ورلڈ چیمپئن شپ میں عالمی اعزاز کے لیے حصہ لیں گی۔

