ترک صدر کا کورونا وائرس فنڈ کا اعلان، 7 ماہ کی تنخواہ جمع کرا دی

انقرہ(ویب ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان نے مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے ’کورونا وائرس فنڈ‘ کا اعلان کیا ہے اوراس سلسلے میں پہل کرتے ہوئے اپنی 7 ماہ کی تنخواہ جمع کرا دی ہے۔صدر طیب اردوان نے ملک میں کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لیے قومی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ترک صدر نے بھی اس فنڈ کیلیے اپنی 7 ماہ کی تنخواہ عطیہ کی ہے جب کہ کابینہ کے ارکان بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔اس موقع پر ترک صدر طیب اردوان نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کم آمدنی والے افراد کے لیے ملک بھر میں ”ہم ایک دوسرے کے لیے خود ہی کافی ہیں”کے عنوان سے قومی یکجہتی مہم کا آغاز بھی کیا۔ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ملک بھر میں جزوی لاک ڈاون کیا گیا ہے۔ تعلیمی ادارے بند ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل اور ذرائع آمد و رفت محدود کردی گئی ہے۔ اٹلی، اسپین، امریکا اور ایران کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ترکی میں ہے اور اب تک وہاں مریضوں کی تعداد 10 ہزار 827 ہو گئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔

نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر کے پیچھے پڑ گیا، مسلم لیگ ن

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک بار پھر اپوزیشن اور اپوزیشن لیڈر کے پیچھے پڑ گیا ہے۔ ان کی ترجیح عوام نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے زیر صدارت پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سنئیر پارٹی رہنماو¿ں کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا۔ جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، انجینئر امیر مقام، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، جمال شاہ کاکڑ، شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، مرتضیٰ جاوید عباسی، سردار اویس خان لغاری، سلمان خان، عطاءاللہ تاڑر اور شزہ فاطمہ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پارٹی رہنماو¿ں نے اپنے اپنے صوبوں کے حوالے سے کورونا وائرس کی صورتحال پر شہباز شریف کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدور اور رہنما صوبوں میں کورونا کے حوالے سے اپنی ضروریات کے حوالے سے تجاویز دیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے لئے پنجاب میں حفاظتی لباس اور ماسک تقسیم کئے جبکہ بلوچستان میں بھی کچھ مقدار میں حفاظتی لباس اور ماسک بھجوا دئیے ہیں۔ دیگر صوبوں کو بھی امدادی سامان کی ترسیل جلد شروع ہو جائے گی۔ اجلاس کے دوران انجینئر امیر مقام نے اپنی بریفنگ میں انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا میں 32 اضلاع کے لئے صرف ایک سکریننگ سینٹر قائم ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے ابھی تک صرف 600 ٹیسٹ ہوئے ہیں اور ان 600 میں سے 214 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ صوبے میں ہسپتالوں کا انتہائی برا حال ہے۔ حکومت اور اس کی حکمت عملی دور دور تک نظر نہیں آ رہی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، صوبہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔

چین ؛ جنگلات میں خوفناک آگ بجھانے کے دوران 19 اہلکار جھلس کر ہلاک

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین کے جنگلات میں خوفناک آگ کو بجھانے کے دوران اچانک ہوا کا رخ تبدیل ہونے پر فائر بریگیڈ کے اہلکار شعلوں میں گِھر گئے اور بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ چین کے صوبے سیچووان کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ مصروف تھا کہ اس دوران اچانک ہوا نے رخ تبدیل کرلیا جس کے وجہ سے آگے کے شعلے اہلکاروں کے گرد پھیل گئے۔ اہلکاروں کی خود کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔فائر بریگیڈ کا مزید عملہ اپنے ساتھیوں کو بچانے پہنچا لیکن تب تک آگ کے بلند و بالا شعلوں میں گھرے 19 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور محکمہ جنگلات کے ’گائیڈز‘ بھی شامل ہیں۔ترجمان فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ جنگلات کے قریب واقع فارم ہاوس میں معمولی آگ لگی تھی جو تیز ہوا کے ساتھ ساتھ جنگلات تک پہنچی اور دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اپنے لپیٹ میں لے لیا جس پر فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم کو بھیجا گیا تھا۔

ایرانی سائنسدان کا بھی کورونا کی دوا بنانے کا دعویٰ

تہران(ویب ڈیسک) حال ہی میں امریکی جیل سے آزاد ہونے والے ایرانی سائنسدان ڈاکٹر مسعود سلیمانی نے دعوی کیا ہے کہ وہ خلیاتِ ساق (اسٹیم سیلز) استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری ”کووِڈ 19“ کی دوا ایجاد کرچکے ہیں۔ ڈاکٹر سلیمانی کا کہنا ہے کہ اب تک کئی ڈاکٹر ان کی بنائی ہوئی دوا کورونا وائرس کے کئی مریضوں کے علاج میں استعمال کرچکے ہیں اور انہوں نے اسے بہت موثر پایا ہے۔ یہ دوا کورونا وائرس کے مریضوں کو تین مرحلوں میں، تین سے چھ دن تک دی جاتی ہے۔ فی الحال یہ دوا طبّی آزمائشوں (کلینیکل ٹرائلز) کے مرحلے پر ہے۔ ڈاکٹر سلیمانی نے مزید کہا کہ اس دوا کی حتمی منظوری بھی بہت جلد مل جائے گی۔ان سے پہلے روس بھی کورونا وائرس کی دوا بنانے کا دعویٰ کرچکا ہے جبکہ امریکا میں ملیریا کی ایک دوا، کووِڈ 19 کے علاج کےلیے منظور کی جاچکی ہے۔ اس وقت ایران کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں اس وبا سے بیمار ہونے والوں کی تعداد 41,495 پر پہنچ چکی ہے جبکہ اب تک کووِڈ 19 سے وہاں 2,757 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب پولیس : 10 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی منظوری

لاہور(ویب ڈیسک) سردار عثمان بزدار نے پنجاب پولیس میں خالی آسامیوں پر بھرتی اور نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی۔ پولیس میں فوری طور پر 10 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا منظور شدہ خالی آسامیوں کو مراحلہ وار پر کیا جائے گا، پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشنل امور کے لئے 25 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے، پولیس کے لئے 500 سنگل کیبن پک اپ گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا ایک ارب 21 کروڑ روپے سے 318 گاڑیاں رواں مالی سال خریدی جائیں گی،20 کروڑ روپے سے پنجاب ہائی وے پولیس کو 47 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی،8 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے 21 گاڑیاں ایلیٹ پولیس کے لئے خریدی جائیں گی، اگلے بجٹ میں مزید 182 گاڑیاں خریدنے کے لئے 75 کروڑ 57 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یدایت کی کہ 45 تھانوں کی زیر تعمیر عمارتیں مکمل کر کے فعال کی جائیں گی، 101 تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کر کے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، پولیس کے خدمت مراکز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، پولیس کو پبلک فرینڈلی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔

کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار ہے: فواد چودھری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے، بیمارمریض کو صحت مند قرار دینے کا مطلب کئی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ہوگا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے کو وارننگ دینا چاہتا ہوں، پاکستان میں صرف تصدیق شدہ کٹس مپورٹ کی جائیں۔ فواد چودھری کے بیان پر ترجمان این ڈی ایم اے نے جواب دیتے ہوئے کہا کورونا کی غیر تصدیق شدہ کٹس نہیں منگوائیں، وہ چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے مل رہی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا چین کی حکومت نے جو کٹس دی ہیں وہ تصدیق شدہ ہیں۔

ایران، عراق، سعودیہ سے بغیر چیکنگ کھجور درآمد، کرونا پھیلنے کا خدشہ

ملتان (خبرنگار) ایران میں کرونا کے شدید حملے کے بعد ایران سے پاکستان واپس آنے والے زائرین کی جہاں سکریننگ کی جا رہی ہے وہاں پر کروڑوں روپے کی کھجور ایران، عراق اور سعودی عرب سے کسی قسم کی سکریننگ کے بغیر ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پہنچ چکی ہے۔ ملتان کے مشہور سٹاکسٹوں نے اپنے گودام اور کولڈ سٹوریج بھر دیئے ہیں جوکہ رمضان المبارک کے موقع پر مارکیٹ میں فروخت کردی جائے گی۔ غلہ منڈی ملتان کے ذرائع نے بتایا کہ رمضان کی آمد سے تین سے چار ماہ قبل ملتان کے کھجور کا کاروبار کرنے والے بڑے تاجر ایران، عراق اور سعودی عرب سے کھجور درآمد کرکے اپنے پاس ذخیرہ کر لیتے ہیں اور جب رمضان کی آمد شروع ہوتی ہے تو پورے جنوبی پنجاب میں اس کی فروخت شروع ہو جاتی ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی کروڑوں روپے کی کھجور درآمد کرکے ذخیرہ اندوزوں نے کولڈ سٹوروں میں رکھ دی ہے۔ اس سلسلے میں چاہیے تو یہ تھا کہ کھجور کی باقاعدہ سکریننگ کی جاتی تاکہ کرونا وائرس کےب ارے میں عوام کو بتایا جاتا کہ آیا وہ کھجور خریدیں یا نہ خریدیں مگر یہ کام خاموشی سے ہوگیا جس کی ملتان کی انتظامیہ کو بھی خبر تک نہیں ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ کھجور اگر رمضان میں بازاروں میں فروخت کی گئی تو ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کا لاکھوں روزے دار شکار ہو جائیں گے۔ ”خبریں“ نے اس سلسلے میں نشتر کے ڈاکٹرز سے رائے لی تو انہوں نے کہا کہ کھجور کی باقاعدہ سکریننگ کی جائے اور مارکیٹ میں اس کھجور کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کلیئرنس کے بغیر ہرگز فروخت نہ ہونے دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ملتان کے سب سے بڑے کھجور کے درآمد کنندہ شبیر بلو قریشی ہیں جن کے اپنے کولڈ سٹوریج ہیں جبکہ ان کی کمپنی کا نام ”اجوا ٹریڈز“ ہے۔ اس کے علاوہ ملک شکیل کریانہ ٹور، عابد اینڈ سنز، فہیم سپرا ٹریڈرز، زم زم کریانہ سٹور اور محمد مکی نے بھی کروڑوں روپے کی کھجوریں منگوا کر ذخیرہ کرلی ہیں۔

بنی گالہ کی زمین پرقبضے کی کوشش کرنیوالا نواز شریف کاضمانتی نکلا

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاﺅس کے قریب اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنیوالا راجہ سخی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا درست راست نکلا، راجہ سخی نے میاں نوازشریف کی ضمانت کے لئے احتساب عدالت اسلام آباد میں ضمانتی مچلکے بھی جمع کروائے ، راجہ سخی نے طالب عباسی نامی شہری کی زمین پر قبضے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کا تعاون بھی حاصل کرلیا۔بنی گالہ پولیس علاقے میں کورونا وائرس روکنے کی بجائے راجہ سخی کے گھر کی لونڈی بن گئی ، راجہ سخی نے پولیس کی مدد سے طالب عباسی اور اس کے خاندان کا جینا حرام کردیا۔تفصیلات کےمطابق بنی گالہ میں طالب عباسی نامی شخص کی زمین اس وقت مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ رہنما راجہ سخی کے لئے سونے کا نوالہ بنی ہوئی ہے اور راجہ سخی اس نوالے کو نگلنے کے لئے حکومت کے اہم مشیر اور بنی گالہ پولیس کو شیشے میں اتارا جاچکا ہے ، مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں راجہ سخی اور اس کے بیٹے رب ن واز بنی گالہ اور گردونواح میں سیاہ و سفید کے مالک تھے اور میاں نوازشریف کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے والا بھی یہی راجہ سخی تھا ۔696 کینال زمین کے اصل مالک طالب عباسی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ راجہ سخی نے اب پی ٹی آئی کے ایک مشیر کو اپنا سرپرست بنا رکھا ہے اس مشیر اور سردار امان کی پراپرٹی میں شراکت داری ہے اور اس وجہ سے پولیس ان کے گھر کی باندی بن کر ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے درج کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رب نواز اور اس کے خاندان کی زمین ہم سے الگ تھی اور انہوں نے سول عدالت میں لکھ کر بھی دیدیا تھا اور اب ہم 696 کینال زمین کے جدی پشتی مالک ہیںاور اس کی ریکارڈ میں نشاندہی بھی ہو چکی ہے لیکن رات کو جب رب نواز اور واجد نواز اور فراز محمود نے اپنے دو بھانجوں بابر جاویداور عاقب جاوید کو ساتھ مسلح کرکے دھاوا بولا تو میرے سکیورٹی گارڈز نے مجھے فون پر اطلاع دی ، میں نے موقع پر جاکر دیکھا کہ یہ لوگ باقاعدہ منصوبہ بندی سے مسلح افراد کے ہمراہ ہماری زمین پر قبضہ کی کوشش کررہے ہیں اور پولیس بھی ان کے ملی ہوئی ہے ، صبح تقریباً آٹھ بجے جب میں ایس ایچ او میاں عمران کے پاس موجود تھا تو رب نواز وغیرہ نے اپنے گھر پر خود ہی فائرنگ کی اور پولیس کے ذریعے کال چلوا دی کہ ہم نے ان کے گھر پر حملہ کیا ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے ، طالب عباسی نے بتایا کہ درحقیقت رب نواز عباسی اور اس کے بھائی اپنے حصے کی زمین فروخت کرچکے ہیں اور ان کا تعلق ماضی میں ن لیگ سے تھا اور اب پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے چھپے ہوئے ہیں ان لوگوں نے میری 80 کنال زمین پرناجائز قبضے کیا ہوا ہے جس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے لیکن اب یہ گروہ ہماری اربوں روپے کی زمین ہتھیانے کے لئے پولیس سے ساز باز کرکے ہم پر حملے کررہا ہے اور جھوٹے مقدمے بھی بنوا رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ قبضہ گروپوں کو لگا م دیں گے لیکن ان کی ناک کے نیچے پولیس اور قبضہ گروپ سرگرم ہیں اور شریف لوگوں کا جینا حرام کررکھا ہے۔ایس ایچ او میاں عمران نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم اس زمین کو سربمہر کردیں گے اور دونوں فریقوں کے درمیان فیصلہ ہونے تک کسی کو قبضہ نہیں دیا جائے گا لیکن اب پولیس کی بدنیتی صاف بتا رہی ہے کہ وہ ہمیں جھوٹے مقدموں میں الجھا کر اس اربوں روپے مالیت کی زمین پر رب نواز وغیرہ کا قبضہ کروانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔طالب عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے ہم ایک پریس کانفرنس کریں گے اور وزیراعظم سمیت قوم کو بتائیں گے کہ حکومت کے وزیر ، مشیر قبضہ گروپوں سے ملکر کس طرح دھندکررہے ہیں۔

دہشتگردی کے ملزموں کے علاوہ سب رہا ہوگئے اسلام آباد ہائی کورٹ کاحکم کالعدم، قیدی رہا نہیں ہوسکتے:سپریم کورٹ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک‘ آن لائن) سپریم کورٹ نے کرونا کے باعث ہائی کورٹس کی جانب سے قیدیوں کی ضمانتوں پر رہائی کے تمام فیصلے معطل کر دئیے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کس اختیار کے تحت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، ہائی کورٹس سو موٹو کا اختیار کیسے استعمال کر سکتی ہیں۔ کرونا وائرس کی وبا، جیلوں سے قیدیوں کی رہائی کے ہائی کورٹس کے تمام فیصلے معطل، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ ازخود نوٹس کا اختیار کیسے استعمال کرسکتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آفت میں لوگ اپنے اختیارات سے تجاوز کریں۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالت کو بتایا کہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ہائی کورٹس مختلف فیصلے دے رہی ہیں، مدعی کے اعتراضات کوئی نہیں سن رہا، سپریم کورٹ کرونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے گائیڈ لائن طے کرے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ نے دہشتگردی کے ملزمان کے علاوہ سب کو رہا کردیا، ایسی صورت میں شکایت کنندہ کے جذبات کیا ہوں گے۔ عدالت نے وفاق، ایڈووکیٹ جنرلز، آئی جی اسلام آباد، انتظامیہ صوبائی سیکرٹری داخلہ، آئی جیز جیل خانہ جات، اے این ا یف، پراسیکیوٹر جنرل نیب اور ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان کونوٹسزجاری کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی ۔شیخ ضمیر حسین عدالتی معاون ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے فیصلے سمیت قیدیوں کی رہائی کیلئے دیگر عدالتوں سے جاری فیصلے معطل کرتے ہوئے ہائی کورٹس اور صوبائی حکومتوں کو قیدیوں کو رہا کرنے کے مزید احکامات دینے سے روک دیا۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے کی۔سماعت میں اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ہائی کورٹس مختلف فیصلے دے رہی ہیں تاہم درخواست گزار کے حق دعویٰ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھا رہا۔اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سپریم کورٹ گائیڈ لائن طے کرے۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کورونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لیکن کورونا کے باعث یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ سنگین جرائم میں ملوث قیدی رہا کردیے جائیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کو کورونا وائرس کی وجہ سے کن حالات کا سامنا ہے سب معلوم ہے، دیکھنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کس اختیار کے تحت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹس از خود نوٹس کا اختیار کیسے استعمال کر سکتی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اپنے حکم سے منشیات اور نیب کے مقدمات میں گرفتار کیے گئے ملزمان کو ضمانت دے دی جبکہ دنیا میں محتاط طریقہ کار کے ذریعے لوگوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چھوٹے جرائم میں ملوث ملزمان کورہائی ملنی چاہیئے، خوف نہ پھیلایا جائے، ہائی کورٹ نے دہشتگردی کے ملزمان کے علاوہ سب کورہا کردیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آفت میں لوگ اپنے اختیارات سے باہر ہوجائیں، یہ اختیارات کی جنگ ہے ان حالات میں بھی اپنے اختیارات سے باہر نہیں جانا چاہئے، صرف ان کو چھوڑدیں جن کی 2 سے 3 ماہ کی سزائیں باقی رہتی ہیں۔جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ اس انداز سے ضمانتیں دینا ضمانت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے،۔جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ہمیں خوفزدہ نہیں ہونا بلکہ پرسکون رہ کر فیصلہ کرنا ہے ،ہمارا دشمن مشترکہ اور ہمیں متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ دور ان سماعت عدالت نے ایڈوکیٹ شیخ ضمیر حسین کو عدالتی معاون مقرر کر دیا،بعد ازاں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 408 قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ معطل کردیا اور قیدیوں کی رہائی پر عملدرآمدکو بھی روک دیا اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے دیگر عدالتوں کی جانب سے جاری فیصلے بھی معطل کردیے جبکہ ہائی کورٹس اور صوبائی حکومتوں کو قیدیوں کو رہا کرنے کے مزید احکامات دینے سے بھی روک دیا۔ عدالت نے وفاق، تمام ایڈووکیٹس جنرل،انسپکٹر جنرل اسلام آباد، صوبائی سیکرٹریز داخلہ، آئی جیز جیل خانہ جات، پراسیکیوٹر جنرل نیب، انسداد منشیات فورس کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔

خبریں کی خبر پر وزیراعلی پنجاب کا ایکشن، آٹا بحران کی رپورٹ طلب

لاہور(خصوصی رپورٹر) روزنامہ خبریں کی خبر پر وزیراعلی پنجاب کا ایکشن ۔آٹا ودیگر اشیاءخرد نوش کے بحران بارے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ خبریں نے آٹا بحران بارے خبر شائع کی تھی جس میں کہا گیا کہ مارکیٹوں میں آٹا کا بحران ہے یوٹیلٹی سٹوزر پر بھی آٹا نایاب ہوگیا تھا جس پر یوٹیلٹی سٹور ز انتظامیہ حرکت میں آئی آٹا کی سپلائی کو یقینی بنایا ہربنس پورہ ،شالیمار ،گجر پورہ ،سکھ نہر ،فتح گڑھ ،سنکھ پورہ ،دھرم پورہ کے علاقوں میں قایم سٹورز پر آٹا نہیں مل رہا تھا لیکن خبر شائع ہونے کے بعد ان سٹورز پر آٹے کی فراہمی شروع ہوگئی جبکہ باقی ماریکٹس جن میں گڑھی شاہو،دھرم پورہ ،کوٹلی پیر عبدالرحمن ،رشید پورہ ،ملتان چونگی ،شاہدرہ ،جلوموڑ سمیت دیگر علاقوں میں آٹا نایاب ہے ملتا ہے تو پرچون مافیا مہنگے داموں فروخت کر رہا ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کنٹرول کرنے میں سستی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس ھوالے سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور مہنگائی مافیا کے خلاف سختی سے نمٹنے کے احکامات جاری کردئے ہیں غفلت برتنے والوں افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے ہیں جس پر متعلقہ افسران نے آٹا بحران پر قابو پانے کےلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں ۔