موقع ملا ہے تو گھروں پر رہ کر عبادت کریں اور اللہ سے معافی مانگیں، نیلم منیر

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس جیسی پھیلتی وبا سے حفاظت کے سبب موقع ملا ہے تو لوگ گھروں پر رہ کر نہ صرف عبادت بلکہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔نیلم منیر نے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ اگر تم پہچانتے ہو اور اگر تمھارے اندر ایمان ہے تو تمھیں ڈر کس بات کا ہے اس لیے گھبرانا نہیں ہے کیوں کہ مسلمان کبھی گھبراتا نہیں ہے لیکن جو احتیاط بتائی گئی ہے اسے اپنائیں، ان تمام چیزوں سے بڑھ کو جو بات ہے وہ یہ کہ اللہ تعالی نے آپ سب کو ایک بار پھر موقع دیا ہے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ آج ہم سب کے پاس کوئی کام نہیں ہے اس لیے کھل کر عبادت کریں، اللہ تعالیٰ کو منائیں اور اپنے رب سے معافی مانگیں کیوں کہ یہ وقت بھی خوش نصیبوں کو ملتا ہے کہ ورنہ لوگوں کی زندگیاں ایسی ہی گزر جاتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ بہت غفور و رحیم ہے،اس لیے رب کی رحمت کو پہچانیں کیوں کہ اللہ تعالیٰ کبھی بھی کسی کو مایوس ہونے نہیں دیتا جب کہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے میں دعا گو ہوں اور اپنے رب سے معافی بھی مانگتی ہوں کہ ہم سب کو اس وبا سے نجات دلا دے کیوں کہ جب تک اللہ پاک نہیں چاہے تب تک کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔

پاکستان:غیرسرکاری عالمی تنظیموں کو بغیراین اوسی کام کرنیکی اجازت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان نے کرونا وائرس کے پھیلاو¿ سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں غیر سرکاری عالمی تنظیموں کو بغیر این او سی حکومت کے ساتھ امدادی کاموں میں حصہ لینے کی اجازت دیدی۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کے تناظر میں حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند غیر سرکاری عالمی تنظیموں (این جی اوز) کیلئے ہدایات جاری کردیں۔ پاکستانی حکومت کے ساتھ بغیر این او سی کے کام کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ این جی اوز کو اپنے لائحہ عمل اور متعلقہ شعبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی، ایسی تمام تنظیمیں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قومی اور صوبائی اداروں کے ساتھ کام کریں گی۔ ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر غیر سرکاری عالمی تنظیموں کو 6 ماہ تک این او سی جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم صرف حکومت کے ساتھ معاہدہ کرنیوالی تنظیموں کو ہی ان کے منصوبوں پر کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ وزارت داخلہ کے مطابق غیر ملکی این جی اوز کو آئندہ 15 دن میں متعلقہ اداروں میں مکمل رپورٹس جمع کرانا ہوں گی۔ حکومت این جی اوز کو صرف مقررہ 8 کیٹیگریز میں کام کی اجازت دے گی اور کوئی نئی کیٹیگری بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کر گئی، 9 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 20 سے زائد مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، ہزاروں افراد اب بھی ملک کے مختلف شہروں میں قائم قرنطینہ اور ا?ئسولیشن سینٹرز میں موجود ہیں، جن میں زیادہ تعداد ایران سے آنیوالے زائرین کی ہے۔

آئی ایم ایف نے وزیراعظم کورونا ریلیف پیکج کوخوش آئند قراردے دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے وزیراعظم عمران خان کے انسداد کورونا ریلیف پیکج کو خوش آئند قراردے دیا۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف پیکج سے متاثرہ خاندانوں کو مدد مل سکے گی، امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں معاشی اصلاح کی کوششیں جاری ہیں۔ ہماری ٹیم پاکستان کی درخواست پر تیزی سے کام کررہی ہے۔ آئی ایم ایگزیکٹو بورڈ کی تجویز پر جلد غور کیا جائے گا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات پر کاربند ہے۔موجودہ حالات پاکستانی معیشت کیلئے چیلنجز ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا انسداد کورونا ریلیف پیکج خوش آئندہ ہے۔ اس ریلیف پیکج سے متاثرہ خاندانوں کو مدد مل سکے گی۔ پاکستان نے ریلیف پیکج کیلئے فوری فنڈز کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان یہ فنڈز انسداد کورونا اور ریلیف کیلئے استعمال کرنا چاہتاہے۔ ریلیف اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرنے بتایا کہ ان کوششوں میں تقویت لانے اورعوام ومعیشت کو مناسب ریلیف کی فراہمی کیلئے پاکستان کی حکومت نے فنڈ ریپیڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آرایف آئی) کے تحت مالی معاونت کی درخواست کی ہے، پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پرمالی تعاون کی فراہمی سے حکومت کو ادائیگیوں میں توازن کے اضافی اورضروری ادائیگیوں اورملک کے شدید متاثرہونے والے شعبوں جن میں سماجی تحفظ، یومیہ اجرت پرکام کرنے والے مزدوروں اور صحت عامہ کے نظام کو فنڈز کی بروقت اورسہل فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہآئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان کی حکومت کی درخواست پرعاجلانہ کام کررہی ہے تاکہ اسے جلد ازجلد آئی ائم ایف کے انتظامی بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جاسکے۔ کرسٹینا نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے حکام نے آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈسہولت کے تحت اصلاحات کے پروگرام کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے، یہ اصلاحات پاکستان کے اقتصادی بڑھوتری کے امکانات کو بڑھانے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اوراس کے ثمرات تمام پاکستانیوں بالخصوص معاشرے کے کمزورطبقات تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہآئی ایم پاکستان کے اقتصادی اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام پر عمل درآمد میں ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنائے گا۔

کورونا وائرس ؛ مسلم اور یہودی طبی عملے کی بیک وقت عبادت کی تصاویر وائرل

تل ابٓب(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشغول مسلم اور یہودی پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنے اپنے عقیدے اور طریقے کے تحت ایک ہی جگہ پر ایمبولینس کے نزدیک عبادت کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ اسرائیل میں محکمہ صحت کے دو رضا کاروں نے مذہبی رواداری کی مثال قائم کردی، دن بھر کورونا وائرس کے مریضوں کو طبی امداد مہیا کرتے کرتے جیسے ہی کچھ وقت میسر آیا مسلمان رضاکار زوہر ابو جاما اور یہودی رضاکار ایوراہم منتظ نے ایمبولینس کے نزدیک کھڑے ہو کر اپنے اپنے طریقے سے عبادت کی۔مسلمان رضاکار زوہر ابوجاما نے اپنا چہرہ خانہ کعبہ کی جانب کیا جب کہ اہوراہم کا چہرہ قبلہ اول کی جانب تھا اپنی اپنی عبادتوں کے بعد دونوں رضاکاروں نے وبا کے خاتمے اور انسانیت کے بچاو کے لیے مشترکہ دعا بھی کی اور یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ مسلم اور یہودی رضاکار کی ایک ساتھ عبادت کی تصاویر وائرل ہوئیں تو صارفین نے دونوں کے جذبہ رواداری اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران مذہبی فرض کی ادائیگی کو سراہا۔

کورونا وائرس؛ سنگاپور میں قریب کھڑے ہونے پر قید اور ہزاروں ڈالر جرمانہ

سنگاپور سٹی(ویب ڈیسک) سنگاپور میں شہریوں کے ایک میٹر سے کم فاصلے پر ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا اور 10 ہزار سنگاپوری ڈالر جرمانہ ہوگا۔ سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین عائد کیے گئے ہیں جس کے تحت شہریوں کے جان بوجھ کر ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا اور 7 ہزار امریکی ڈالر (10 ہزار سنگاپوری ڈالر) کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے سنگاپور میں سخت اقدامات کے تحت شہریوں کو میل جول یا خرید و فروخت کے دوران ایک دوسرے کے درمیان ایک میٹر تک کا فاصلہ رکھنا ہوگا جب کہ شراب خانوں اور سینما گھروں کو بند کرنے سمیت بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔کورونا وائرس میں مبتلا کسی شخص کے کھانسنے یا چھینکنے سے اس جرثومے کے صحت انسان میں منتقل ہونے کے قوی امکانات ہوتے ہیں اس لیے میل جول یا گفت و شنید کے دوران مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ اس عمل سے کورونا وائرس کی منتقلی کے امکانات معدوم ہوجاتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا کے 200 ممالک متاثر ہوئے ہیں جہاں اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار اور 915 ہوگئی ہے جب کہ 21 ہزار 31 اموات ہوئی ہیں۔

عمران خان کورونا کے بجائے اپوزیشن سے لڑنے میں مصروف ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کورونا سے لڑنے کے بجائے اپوزیشن سے لڑنے میں مصروف ہے۔ شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا متحد ہوکر اپنی قوم کو بچانے میں مصروف ہے لیکن پاکستان میں حکومت کی ترجیح اپوزیشن اور میڈیا کو جیل بھیجنا ہے۔ قوم مرتی ہے تو مرجائے عمران نیازی کو اپنی انتقام کی پیاس بجھانی ہے۔ اگر شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمہ دار ہوں گے، ایک طرف قیدیوں کورہا کیا جارہا ہے، دوسری طرف ملک کی خدمت کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی خاطر حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت انتشار پیدا کر رہی ہے ، عمران نیازی اپنی مایوسیوں کی سزا قوم کو نہ دے پہلے بھی نیب کے پاس کچھ نہ نکلا ، یہ سیاسی تماشوں کا وقت نہیں۔

پاکستان نے مالی اعانت کے لئے آئی ایم ایف سے مدد طلب کرلی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو مالی مدد کیلئے باقاعدہ درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے تحت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کو مالی مدد کے لئے باقاعدہ درخواست دے دی ہے، اور اس حوالے سے ایم ڈی آئی ایم ایف ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان کی طرف سے دی جانے والی امداد کی درخواست کے جواب میں تیزی سے کام کر رہی ہےتاکہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ذریعہ جلد سے جلد کسی تجویز پر غور کیا جاسکے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے عوام اور معیشت کو فوری اور مناسب ریلیف کو یقینی بنانے کے لئے آئی ایم ایف سے مالی اعانت کی درخواست کی ہے، ہنگامی مالی اعانت پاکستان کو ادائیگیوں کی ضروریات اور اعانت کی پالیسیوں کے اضافی اور فوری توازن کو حل کرنے میں مدد فراہم کرے گی، اس سے معاشرتی تحفظ ، روزانہ اجرت کمانے والے اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام سمیت پاکستان کے سب سے زیادہ متاثرہ شعبوں میں تیزی سے فنڈز کی فراہمی ممکن ہوجائے گی۔ کرسٹالینا جورجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایکسٹنڈد فنڈ فسیلٹی پروگرام (ای ایف ایف) کے تحت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اصلاحات پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں، جس سے تمام پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا اور ان اصلاحات پر عملدرآمد سے ہونیوالی ترقی سے پاکستان کے پسماندہ ترین طبقے کو سب سے زیادہ فائد ہوگا، آئی ایم ایف مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مقصد سے معاشی اور ساختی اصلاحات کی بہتری کے لئے کوششوں کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ حکام نے پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اپنی اصلاحی کوششیں جاری رکھی ہیں لیکن کورونا وائرس کے پھیلنے کے تباہ کن اثرات اور عالمی معاشی و مالی حالات میں بگاڑ کی وجہ سے شدید خطرہ ہے، وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت نے فوری طور پر معاشی محرک پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد وائرس کو پھیلانا اور متاثرہ خاندانوں اور کاروبار کو مدد فراہم کرنا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسیوں کی شرح کو کم کرنے ، قرضوں کے بہاو¿کو معاونت کرنے کے لئے نئی ری فنانسنگ سہولیات اور عارضی ریگولیٹری امدادی اقدامات سمیت دیگر بروقت امدادی اقدامات اٹھائے ہیں۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی کمی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں 9 روپے کی کمی کر دی گئی۔ چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ سنٹرل کے مطابق سی این جی کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر کی کمی کر دی گئی ہے، پنجاب اور اسلام آباد میں آر ایل این جی پر چلنے والے سی این جی اسٹیشنز پر سی این کی قیمت 9 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت تقریبا 84.50 فی لٹر ہوگی ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی کرائسز اور تیل کی قیمتوں میں عالمی کمی کے مد نظر کیا گیا ہے، آر ایل این جی کی قیمت برینٹ کی عالمی قیمت کے تین ماہ کی اوسط پر ہوتی ہے جس کا فرق ہمیں یکم اپریل کو ملنا تھا لیکن کرائسز میں اپنے صارفین کی پریشانی میں کمی کیلئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے امید ہے کہ اگر حالات نے اجازت دی تو ہم یکم اپریل کو قیمتوں میں مزید کمی کریں گے۔ چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ میں بھی سی این جی قیمتوں میں کمی کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں حکومت سے بات چیت چل رہی ہے امید ہے کہ جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔

خاتون کے جان بوجھ کر کھانسنے پر سپر اسٹور نے 50 لاکھ کی غذا تلف کردی

پنسلوانیا(ویب ڈیسک) امریکا میں ایک بڑے سپر اسٹور پر ایک خاتون کے کھانسنے پر انتظامیہ نے 35000 ڈالر کی غذا تلف کردی جس کی مالیت 50 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔ پینسلوانیا میں جیریٹی سپراسٹور کے مالک جو فیسولہ نے بتایا کہ ایک خاتون نے باری باری پہلے تازہ غذاو¿ں، بیکری مصنوعات اور اس کے بعد گوشت پر کھانسا جس کے بعد کھانے کی بڑی مقدار کو تلف کیا گیا جس کی قیمت ہزاروں ڈالرہے۔ اس خاتون کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے محلے میں بھی لوگوں کو پریشان کرتی رہتی ہیں۔ اسٹور کے مطابق خاتون نے مذاق میں جان بوجھ کر یہ عمل کیا لیکن انتظامیہ کے مطابق اس کے بعد ان کے پاس کوئی چارہ نہیں کہ تمام مشکوک سامان کو پھینک دیا جائے۔ سپر اسٹور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ خاتون کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوں گی لیکن یہ عمل حفاظت کے طور پر انجام دیا گیا ہے۔ اس سارے سامان کو پھینکنے کے لیے 15 ملازمین نے حصہ لیا ہے۔ یہ واقعہ ہینوور میں پیش آیا ہے جہاں پولیس افسران نے خاتون پر مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں ’شعوری طور پر غذائی اشیا اور گوشت کو آلودہ ‘ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد خاتون کی دماغی صحت کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔

کرونا وائرس : پاکستان اٹلی کی مدد کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اپاکستان نے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی کی مدد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔نجی ٹی وی چینل نے پاکستان میں اطالوی سفارتخانے کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اٹلی کو 5 لاکھ کلورو کوئین کی گولیاں فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ کلوروکوئین دوا کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہوتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کو کلوروکوئین کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے 24 مارچ کو اطالوی سفارتخانے کا دورہ کرکے گولیوں کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے والی دوا کلورو کوئین کی 5لاکھ گولیاں فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی جانب سے اٹلی کی مدد بہت بڑا فیصلہ اور کلیدی قدم ہے۔ اٹلی پاکستان کے اس جذبہ ایثار کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ اٹلی میں تاحال کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں ایک دن میں 712 اموات کے بعد لقمہ اجل بننے والوں کی مجموعی تعداد8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 589 ہوگئی۔اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی حکومت کی جانب سے گذشتہ کئی روز سے ملک میں لاک ڈاو¿ن ہے تاہم پھر بھی کورنا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ اٹلی میں گذ شتہ تین روز سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی جس کے باعث یورپی ملک میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے امید کی کرن نظر آنے لگی تھی لیکن گذشتہ روز ایک بار پھر اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 712ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 215 ہو گئی ہے۔ دنیا کے 198 ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد24 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 349 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔