معروف برینڈ ماریہ بی کا مالک کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں گرفتار

لاہور (ویب ڈیسک) ماریہ بی کے مالک طاہر سعید کو نشتر کالونی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔لاہور پولیس کے ذرائع کے مطابق سوئی گیس کالونی لاہور کا رہائشی طاہر سعید معروف برینڈ ماریہ بی کا مالک ہے اور اس نے عمر فاروق نام کا ایک باورچی رکھا ہوا تھا۔ طاہر سعید نے عمر فاروق کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر مقامی نجی لیبارٹری سے اس کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹیو آیا۔ طاہر سعید نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی بجائے مجرمانہ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمر فاروق کو اس کے آبائی شہر وہاڑی کی بس میں بٹھا دیا۔ عمر فاروق دو بسیں بدل کر وہاڑی پہنچا. وہ راستے میں مسافروں سے بھی ملا اور گھر جا کر اہلخانہ سے بھی ملا۔ نجی لیبارٹری کی طرف سے معمول کے مطابق جب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو عمر فاروق کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی رپورٹ دی تو حکام حرکت میں آئے۔ لیبارٹری سے دستیاب ڈیٹا کے پیش نظر حکام نے طاہر سعید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ عمر فاروق اپنے گاو¿ں چلا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے پولیس کی مدد سے عمر فاروق کو اپنی تحویل میں لے کر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا ہے جبکہ تفتیش کے بعد ماریہ بی کے مالک طاہر سعید کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ملازم کی مہلک بیماری چھپائی، اس کو عام شہریوں تک جانے دیا اور باقی لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

بنگلادیش نے عبدالرزاق کو سلیکٹر کے عہدے کی پیشکش کردی

ڈھاکا(ویب ڈیسک) بنگلادیش نے عبدالرزاق کو سلیکٹر کے عہدے کی پیشکش کردی۔سابق لیفٹ ارم اسپنر بدستور ڈومیسٹک کیریئر جاری رکھے ہوئے ہیں، بی سی بی انھیں فاروق احمد کی جگہ سلیکشن پینل میں شامل کرنا چاہتا ہے جس میں چیئرمین منہاج العابدین اور حبیب البشر بھی شامل ہیں۔کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین اکرم خان نے کہا کہ میں نے حبیب سے کہا ہے کہ وہ ہماری پیشکش کے بارے میں رزاق سے پوچھیں کیونکہ وہ ڈی پی ایل میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ وہ اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں یا نہیں۔دوسری جانب اسپنرنے کہاکہ مجھے پیشکش ہوئی تھی مگر میں ڈی پی ایل کا حصہ تھا، چونکہ اب لیگ ملتوی ہوچکی تو میں اس کا جائزہ لوں گا۔

بھونیشور کمار کی اہلیہ نے فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرلیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر بھونیشور کمار کی اہلیہ نے فیس بک اکاونٹ ہیک کرلیا، اس کا انکشاف انھوں نے ایک شو میں کیا۔فاسٹ بولر نے کہاکہ نوپور ڈگر نے مجھ سے میرا پاس ورڈ مانگا میں نے منع کردیا، اگلے روز انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ آپ کا نیا پاس ورڈ ہے، حقیقت میں انھوں نے میرا اکاونٹ ہیک کیا، تب سے میں فیس بک استعمال نہیں کررہا۔اس موقع پر نوپور بولیں کہ میرا اکثر بھونیشور کمار سے خواتین شائقین کے ساتھ تصاویر بنوانے پر جھگڑا رہتا ہے، میں کہتی ہوں کہ آپ کہہ نہیں سکتے تھے کہ تھوڑا دور ہوکر کھڑی ہو، اس پر بھونیشور نے کہا کہ وہ خود ہی اتنا قریب کھڑی ہوتی ہیں تو میں کیا کرسکتا ہوں۔پیسر نے یہ بھی بتایا کہ وہ 13 برس کی عمر سے ہی نوپور کو پسند کرنے لگے تھے جبکہ ان کی شادی نومبر 2017 میں ہوئی۔

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل میں ڈالیں، گوتم گمبھیر

لاہور(ویب ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹ اسٹارگوتم گمبھیر نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل میں ڈالنے کا مشورہ دے دیا۔سیاستدان کے طور پر سرگرم رکن اسمبلی گوتم گمبھیر نے کہا کہ اپنی فیملی اور آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، یہ لڑائی نوکریوں اور کاروبار کیلیے نہیں بلکہ زندگی کیلیے ہے، ضروریات زندگی فراہم کرنے والوں کو اپنا کام کرنے دیں۔ لاک ڈاون کی پابندی کرنے والے لکھنو کے شہریوں میں سے کچھ شام 5 بجے گھروں سے نکلے اور رضاکاروں کو داد دینا شروع کردی، بعد ازاں ایک جلوس بھی دیکھا گیا جس پر گوتم گمبھیر آگ بگولا ہوکر ٹویٹر پر سخت بیان جاری کرنے پر مجبور ہوگئے۔

مشہور گانے ’بے بی ڈول‘ کی گلوکار ہ کنیکا کپور کورونا کا شکار

پاکستان (ویب ڈیسک)بھارت کا مشہور ترین گانا ’بے بی ڈول‘ گانے والی گلوکارہ کنیکا کپور کورونا وائرس کا شکر ہو گئیں۔گلوکارہ کنیکا کپور گزشتہ دِنوں امریکا سے بھارت واپس آئی تھیں جہاں انہو ں نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا اور ان کے ٹیسٹ کے نتائج پازیٹیو آئے تھے۔گلوکارہ نے کورونا ہونے کے باوجود لوگوں سے ملاقات کی اور پارٹیوں میں شرکت کی تھی، جب بھارتی پولیس کو یہ معلوم ہوا تو انہوں نے گلوکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا اور ان کا دوبارہ سے ٹیسٹ کروایا تب بھی رپورٹز میں کورونا ہی آیا۔ اب بھارتی پولیس ان لوگوں کو تلاش کر رہی ہے جن سے کنیکا کپور نے پارٹیوں میں ملاقات کی تھی۔گلوکارہ نےسماجی اربطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دو تصاویر شیئر کی تھیں جس میں ایک تصویر دنیا کی تھی جس نے ماسک پہنا ہوا تھا جبکہ دوسری تصویر بھارتی گلوکارہ کی تھی۔بھارتی گلوکارہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ مجھے نزلہ زکام ہوا تھا جس کے بعد میں نے کورونا کا ٹیسٹ کیا اور میرے اِس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔تصویر کی کیمشن میں گلوکارہ نے لکھا تھا کہ اب میں اور میرے تمام گھر والے قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ گلوکارہ نے سب کو مشورہ دیا تھا کہ ’مہربانی کرکے آپ لوگ بھی تنہائی اختیار کریں اور اپنا خیال رکھیں لیکن اس پر خود نے عمل ہر گز نہیں کیا۔

اداکارہ اولگا کریلنکو نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

پاکستان (ویب ڈیسک)بانڈ کی اداکارہ اولگا کریلنکو نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق جیمز بانڈ کی فلم سیریز ‘کوانٹم آف سولس’ کی ہیروئن اولگا کریلنکو کا گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور انہوں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا تھا۔ اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ اب انہیں کورونا نہیں ہے۔جیمز بانڈ کی ہیروئن اور اب ادریس البا بھی کرونا کا شکاراولگا نے مہلک ترین وائرس کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے سے متعلق اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا اور کہا تھا کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھر میں (قرنطینہ) محصور کرلیا ہے۔اولگا نے بتایا تھا کہ ‘میں گزشتہ ایک ہفتے سے بیمار تھی اور مجھ میں وائرس کی علامات بخار اور تھکن بھی ظاہر ہورہی تھی جس کے باعث میں نے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جو مثبت آیا’۔ 40 سالہ اداکارہ اولگا کوریلینکو 2008 میں ریلیز ہونے والے جیمز بانڈ فلم کی سیریز کوانٹم سولس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں اس کے علاوہ انہوں نے میجک سٹی اور کئی ترکش ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا ہے۔اداکارہ نے تاہم اب کورونا سے نجات حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ روز ایک اور ہالی ووڈ اسٹار ادریس البا بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

مایا علی، مسلمان بہت جلد دوبارہ مسجد میں نماز پڑھیں گے

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی نے کہا کہ بہت جلد تمام مسلمان ایک ساتھ اکٹھے ہوکر دوبارہ مسجد میں نماز پڑھیں گے۔تفصیلات کے مطابق اداکارہ مایا علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ ک جو فیصل مسجد کی ہے۔اداکارہ نے اپنی تصویر کی کیمشن میں بتایا کہ ’یہ تصویر کچھ دن پہلے کی ہے جب سب مسلمان ایک ساتھ مسجد میں نماز پڑھتے تھے۔مایا علی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انشااللّہ یہ دن بہت جلد واپس آجائیں گے کہ جب تمام مسلمان اکٹھے ہوکر نماز پڑھیں گے۔انہوں نے لکھا کہ ’اللّہ سے امید رکھیں اور گھبرائیں نہیں، وقت اگر پہلے جیسا نہیں رہا تو انشااللّہ وقت ایسا بھی نہیں رہے گا۔مایا علی، کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے گھر کی صفائی شروع کردی مایا علی نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے کہ جب ہمیں بحیثیت قوم ایک بننا ہے اور حکومت کے قائم کردہ احکامات پر عمل کرنا ہے۔ براہ مہربانی اپنی صحت کی خاطر اور دوسروں کی زندگیوں کی خاطر اپنے گھروں میں رہیں۔کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومت پاکستان نے ملک بھر کی مساجد میں اکٹھے ہو کر نماز ادا کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔اس سے قبل کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لی اداکارہ نے گھر کی صحفائی ستھرائی کا کام بھی شروع کر دیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے 918 لوگ متاثر ہو گئے ہیں۔

قرنطینہ میں جانے کے بعد فنکاروں کی دلچسپ سرگرمیاں

کراچی(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں خوف اور دہشت کی علامت بننے والے جان لیواکورونا وائرس سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے فنکاروں نے احتیاطاً خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا ہے اور سوشل میڈیا پر لوگوں کو بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں میں بند رہنے کی تاکید کرتے نظر آرہے ہیں۔ تاہم اس دوران فنکار سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کی دلچسپ ویڈیوز بھی شیئر کررہے ہیں۔اداکار یاسر حسین اور اقرا عزیز کی ایک مزاحیہ اور کافی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں یاسر اپنی بیوی اقرا کی چوٹی بناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں اقرا عزیز کہہ رہی ہیں گھر میں بیٹھ کر ہم لوگ بوریت بھگانے کے لیے یہ کررہے ہیں اور یاسر حسین کہہ رہے ہیں بوریت کا یہ حال ہوگیا ہے۔سابق کرکٹر وسیم اکرم کی بھی ایک نہایت دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ان کی بیٹی وسیم اکرم کے بالوں کی پونی بناکر ان کا ہیر اسٹائل بنارہی ہے اور وسیم اکرم بھی بڑے مزے سے اپنی بیٹی کا چشمہ لگائے اس سے ہیراسٹائل بنوارہے ہیں۔مایا علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے اور پورے گھر کی صفائی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔میزبان و اداکارہ جویریہ سعود کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گھر میں اپنے دونوں بچوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے لالا چیلنج کو پورا کررہی ہیں۔مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر بھی اپنے شوہر یاسر نواز کے ہمراہ گھر میں وقت گزار رہی ہیں اور اس دوران دونوں میاں بیوی گھر کی صفائی کرنے میں مصروف ہیں۔ ویڈیو میں یاسر نواز کو گھر میں جھاڑو پونچھا لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ہمایوں سعید اورعدنان صدیقی کورونا ٹیسٹ رپورٹس کے بعد دوبارہ قرنطینہ میں چلے گئے

لاہور(ویب ڈیسک)اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس آنے کے بعد ایک بار پھر خود کو قرنطینہ کرکے 14 دن سب سے الگ تھلگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے چند روز قبل امریکا سے وطن واپسی پر کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر گھر جانے کے بجائے ایک ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں ایک مقامی ہوٹل میں ہیں اور 14 دنوں تک یہیں رہیں گے جب کہ ہمایوں سعید نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان دونوں نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہے اور رپورٹس کے منتظر ہیں۔اور اب ہمایوں سعید نے انسٹاگرام پر مداحوں کو اپنی اور عدنان صدیقی کی کورونا وائرس کی رپورٹس سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہمارا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہم اپنا 14 دن کا پیریڈ پورا کریں گے یعنی مزید 10 دن تک خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے اور سب سے الگ تھلگ رہیں گے، اس کے علاوہ ہر طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ آپ سب لوگوں کی محبتوں اور دعاوں کا شکریہ۔ گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

دُبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی مسافروں کی آخر کار سُنی گئی

دبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارا ت اور پاکستان دونوں ممالک کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطر پروازیں بند کر دی گئی ہیں۔ پروازوں کی ان بندش کے نتیجے میں سینکڑوں پاکستانی بھی متحدہ عرب امارات میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔ ان پاکستانیوں کی جانب سے حکومت پاکستان سے اپیل کی گئی تھی کہ انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے واپس وطن لایا جائے۔آخر کار دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے بھی ان مصیبت میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ دبئی ایئرپورٹ سے فلائی دبئی ایئر لائنز کی خصوصی پرواز 101 مسافروں کو لے کر پاکستان روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستانی قونصل جنرل اورقونصلیت کے افسران پچھلے چوبیس گھنٹوں سے کوشش کر رہے تھے کہ مسافر کسی طرح پالستان پہنچ جائیں ، جن کی کوششوں کے نتیجے میں اماراتی حکام سے خصوصی اجازت لی گئی۔ اس فلائٹ کے ذریعے ان پانچ مسافروں کو بھی واپس بھجوایا گیا ہے جو ابوظہبی ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔جبکہ 26 ایسے مسافر بھی شامل ہیں جو ایمرجنسی میں ملک واپس جانا چاہتے تھے۔ پاکستانی قونصلر جنرل احمد امجد علی نے بتایا کہ پاکستانی مسافروں کو ایئرپورٹ پر کھانا پینا اور ہوٹل میں رہائش فراہم کی گئی۔ اس پرواز کی روانگی کے بعد امارات میں اب کسی بھی ایئر پورٹ پر کوئی پاکستانی وطن واپسی کا منتظر نہیں ہے۔ احمد امجد علی نے اس موقع پر کہا کہ وہ پاکستانی مسافروں کی واپسی کے لیے انتظامات کرنے پر اماراتی ایئر لائن اور حکومت کے مشکور ہیں۔