دوہا: (ویب ڈیسک) قطر چینی پانڈوں کا تحفہ حاصل کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کی جانب سے قطر کا پانڈوں کا جوڑا تحفے میں دیا گیا ہے جن کا نام سہیل اور سوریا ہے۔ پانڈے کے اس جوڑے کو لگژری ایئر کنڈیشنڈ حصے میں رکھا گیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الخور پارک میں پانڈوں کو عارضی طور پر رکھا گیا ہے۔ جن میں نر پانڈے کی عمر 4 سال اور وزن 130 کلوگرام ہے جبکہ مادہ پانڈے کی عمر 3 سال اور وزن 70 کلو گرام ہے۔ پانڈوں کی الخور پارک میں منتقلی کی باقاعدہ تقریب رکھی گئی تھی جس میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو شریک کرایا گیا۔
پانڈوں کے اس جوڑے کی دیکھ بھال کے لیے 2 چینی ٹرینر بھی ساتھ آئے ہیں جو پانڈوں کے ہمراہ 21 روز قرنطینہ میں رہیں گے جس کے بعد عوام انہیں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ قطر میں 20 نومبر سے فیفا ورلڈکپ 2022 کا آغاز ہو رہا ہے جس کی خوشی میں چین کی جانب سے پانڈوں کا جوڑا تحفے میں دیا گیا ہے۔
چین ورلڈ کپ کے ایونٹ میں شریک نہیں لیکن اس کے قطر سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ قطر سے قدرتی گیس کا بڑا خریدار ہے۔ قطر مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک ہے جسے چین کی جانب سے پانڈوں کا تحفہ دیا گیا ہے۔