نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ایئرپورٹ پر 90 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جن میں پانچ بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔
بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (PTI) یہ فیصلہ ملک بھر میں متعدد ایئرپورٹس کی بندش کے باعث کیا گیا۔
یہ اقدام پاکستان کی ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کے بعد بھارت نے ملک کے 27 اہم ایئرپورٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی شہری ہوابازی کی وزارت نے جاری کردہ نوٹم میں واضح کیا کہ یہ بندش 10 مئی کی صبح 5:29 بجے تک برقرار رہے گی۔
اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق بند کیے گئے ہوائی اڈوں میں سری نگر، لیہہ، امرتسر، چندی گڑھ، شملہ، دھرم شالہ، جودھ پور، بیکانیر، جیسلمیر، پٹیالہ، بھوج اور راجستھان کے دیگر ایئرپورٹس شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کئی ہوائی اڈے انڈین ایئر فورس اور کمرشل ایئرلائنز کے لیے مشترکہ استعمال کے تھے۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت کی جانب سے یہ غیر معمولی اقدام سامنے آیا ہے، جس کے بعد سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں اور عوام میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔