کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور انڈیکس 5400 سے زائد پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کا آغاز منفی انداز میں ہوا اور مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔
کاروبار کے آغاز میں ہی 100 انڈیکس 633 پوائنٹس کم ہوکر ایک لاکھ 72 ہزار 536 پر آگیا اور کاروبار کے دوران مارکیٹ میں مزید مندی دیکھنے میں آئی جس کے باعث 100 انڈیکس 1556 پوائنٹس کم ہوکر ایک لاکھ 70 ہزار 980 پر آگیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام تک منفی رجحان برقرار رہا اور انڈیکس 5478 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 67 ہزار 691 پر بند ہوا۔
آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 74 ہزار 336 کی سطح پر دیکھا گیا اور کم سے کم ایک لاکھ 66 ہزار 886 پر رہا۔
آج کاروباری دن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 میں انڈیکس 3.16 فیصد کمی واقع ہوئی۔
شرح سود میں کمی اور سیاسی صورتحال مارکیٹ پر اثرانداز ہو رہی ہیں: سی ای او پی ایس ایکس
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ تقریب کے موقع پر سی ای او فرخ سبزواری نے کہا کہ شرح سود میں کمی اور سیاسی صورتحال مارکیٹ پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کی صورتحال اور کمپنیوں کے مالی نتائج بھی مارکیٹ کی سمت پر اثر ڈال رہے ہیں اور مارکیٹ جنوری میں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے آئی ہے۔
فرخ سبزواری کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کیا رخ اختیار کریں گی، فی الحال یہ بھی ایک معمہ ہے۔





































