- کراچی/ اسلام آ باد: پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزہ مذاکرات دوسرے روز بھی جاری ہیں، آئی ایم ایف ٹیم دوسرے روز بھی کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفد کے ساتھ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے شیئر کردہ ڈیٹا پر بات چیت ہو رہی ہے، آئی ایم ایف وفد کا جمعہ تک اہم اجلاس شیڈول ہے، آئی ایم ایف وفد کو اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایم ایف وفد کی آج اور کل دو مزید اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، آئی ایم ایف کا وفد آج دوپہر اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سے ملے گا جبکہ کل پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران سے ملاقات کرے گا۔
آئی ایم ایف وفد کی ہفتے کو اسلام آباد روانگی متوقع ہے، آئی ایم ایف کا وفد توسیع فنڈ سہولت پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان آیا ہے، پیر سے آئی ایم ایف کے وفد اور وزارت خزانہ کے حکام کے مابین اسلام آباد میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔
اسی طرح آئی ایم ایف کا وفد مارچ کے پہلے ہفتے میں خیبر پختونخوا حکومت سے مذاکرات کرے گا، آئی ایم ایف اور خیبرپختونخوا حکام کے مابین مذاکرات تکنیکی سطح کے ہوں گے۔
ذرائع سٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، عارضی رول اوور ہونے پر حکومت دوبارہ بھی بات چیت کر رہی ہے۔
پاکستانی حکام کے آئی ایم ایف کے وفد سے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ، اینٹی ٹیرر فنانسنگ پر مذاکرات ہوئے ہیں۔ وفد سے اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات، بینکنگ ریگولیشنز سمیت اہم امور پر بھی تکنیکی مذاکرات ہوئے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک سمیت سینیئر مینجمنٹ نے وفد کو بریفنگ دی، آئی ایم ایف وفد آج اور کل دو دنوں تک مزید کراچی میں مرکزی بینک حکام کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔






































