ہالی ووڈ کے معروف برطانوی اداکار ٹِم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی دیرینہ منیجر اور دوست مارشیا ہرٹز نے کی۔ ٹِم کری نے لاس اینجلس کے اپنے گھر میں پُرسکون طور پر آخری سانس لی، تاہم موت کی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی گئی۔
ٹِم کری کو سب سے زیادہ شہرت 1975 کی مشہور کلٹ فلم ’دی راکی ہارر پکچر شو‘ میں ڈاکٹر فرینک این فَرٹر کے کردار سے ملی۔ یہ کردار ان کے کیریئر کی پہچان بن گیا اور فلم نے کئی دہائیوں تک دنیا بھر میں اپنی مقبولیت برقرار رکھی۔
اداکار نے اس کے علاوہ ’It‘ میں خوفناک کردار پینی وائز، ’Home Alone 2‘، ’Clue‘، ’Legend‘ اور ’The Three Musketeers‘ سمیت متعدد فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس میں یادگار کردار ادا کیے۔
ٹِم کری تھیٹر کے بھی کامیاب اداکار تھے اور انہیں براڈوے پرفارمنسز پر تین مرتبہ ٹونی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ انہوں نے وائس ایکٹنگ میں بھی نمایاں کام کیا اور 1991 میں اینیمیٹڈ سیریز Peter Pan and the Pirates میں آواز کے کردار پر ڈے ٹائم ایمی ایوارڈ حاصل کیا۔
2012 میں انہیں شدید فالج کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی نقل و حرکت متاثر ہوئی اور وہ وہیل چیئر استعمال کرتے تھے۔ صحت کے مسائل کے باوجود انہوں نے کام جاری رکھا اور 2024 کی ہارر فلم ’Stream‘ میں بھی نظر آئے۔
ٹِم کری کی وفات کے بعد ’دی راکی ہارر پکچر شو‘ کے ساتھی اداکاروں اور ہالی ووڈ کی دیگر شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کا منفرد انداز، اسٹیج اور فلمی کردار انہیں شوبز کی دنیا میں ہمیشہ یادگار رکھیں گے۔

