راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے نے اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں غیر قانونی ہاسنگ سکیموں، غیر مجاز ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ اور تشہیری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے سگنیچر سٹی ہاسنگ سکیم (سابقہ نام: سنچری ٹان)، واقع موضع گڑھا بھرتہ اور بگہ شیخاں کی سوشل میڈیا، واٹس ایپ، یوٹیوب اور دیگر انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر غیر قانونی تشہیر اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ مالک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق سگنیچر سٹی ایک غیر قانونی ہاسنگ سکیم ہے اور اس کے سپانسر کی جانب سے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے مطلوبہ منظوری حاصل کیے بغیر تشہیر اور مارکیٹنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے کی جانب سے متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت سیکشن 12(5) کے تحت نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ مزید برآں، آر ڈی اے نے معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، راولپنڈی کو بھی بھجوا دیا ہے اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی تشہیری مواد کے خلاف مروجہ قوانین و ضوابط کے تحت ضروری کارروائی کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاسنگ سکیم رولز، 2021 کے رول 46(1) کے تحت کسی بھی ہاسنگ سکیم کا سپانسر اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے پلاٹوں یا ہاسنگ یونٹس کی فروخت کے لیے تشہیر یا پیشکش نہیں کر سکتا۔ آر ڈی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی نجی ہاسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور منظور شدہ رقبے کی تفصیلات آر ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.rda.gop.pk سے لازمی طور پر تصدیق کریں۔ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مجاز اتھارٹی سے تصدیق کیے بغیر نجی ہاسنگ سکیموں کے سپانسرز کی جانب سے سوشل میڈیا، اشتہارات یا دیگر ذرائع پر کیے جانے والے دعوں پر انحصار نہ کریں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ آر ڈی اے نے نجی ہاسنگ سکیموں کی سوشل میڈیا پر غیر قانونی تشہیر کے حوالے سے قومی احتساب بیورو راولپنڈی، چیئرمین آئیسکو، جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (SNGPL)، جنرل منیجر پی ٹی سی ایل، ڈسٹرکٹ کلکٹر اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کو بھی ضروری کارروائی اور معلومات کے لیے مراسلات ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ہاسنگ سکیم کے مالک/سپانسر کی جانب سے آر ڈی اے سے این او سی حاصل ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم آر ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ہاسنگ سکیم غیر قانونی ہے۔ شہری کسی بھی دعوے یا تشہیری مہم پر اعتماد کرنے سے قبل آر ڈی اے سے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو غیر قانونی و غیر مجاز ہاسنگ سکیموں، غیر قانونی ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ اور تشہیری سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کے مفادات کے تحفظ، غیر قانونی و غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔راولپنڈی(سٹی رپورٹر)سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا ٹیکسلا کے علاقہ میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی پوٹھوہار، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے،سی پی او نے شہر کے داخلی راستوں پر پکٹس کے سیکیورٹی انتطامات چیک کیے،سی پی او نے متعلقہ افسران کو فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات دیں،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا ہمہ وقت قیام یقینی بنایا جائے گا، سی پی اوحسن مشتاق سکھیرا۔ تفصیلات کے مطابق سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا ٹیکسلا کے علاقہ میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی پوٹھوہار، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے،سی پی او نے شہر کے داخلی راستوں پر پکٹس کے سیکیورٹی انتطامات چیک کیے،سی پی او نے متعلقہ افسران کو فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات دیں،سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کا کہناتھاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا ہمہ وقت قیام یقینی بنایا جائے گا۔
