(این این آئی)عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے یورینیئم افزودگی کے لیے اپنے مرکزی یونگ بیونجوہری کمپلیکس میں ایک نئی تنصیب تعمیرکی ہے جس میں 28 تک سینٹری فیوج کاسکیڈز نصب کیے جاسکتے ہیں۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے اس کے علاوہ کانگ سون میں واقع اپنی یورینیئم افزودگی کی تنصیب کے ایک توسیع شدہ حصے کو بھی فعال کرنا شروع کر دیا ہے۔آئی اے ای اے نے شمالی کوریا کی اس پیشرفت کو شدید تشویش کا باعث قرار دیا ہے۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا کہنا تھاکہ یہ شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ شمالی کوریا مختلف مقامات پر اپنی جوہری تنصیبات کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔خیال رہے کہ آئی اے ای اے کے انسپکٹرز کو 2009 میں شمالی کوریا سے نکالے جانے کے بعد سے وہاں جانے کی اجازت نہیں ملی، اس لیے ادارہ اپنی جائزہ رپورٹوں کے لیے سیٹلائٹ تصاویر پر انحصار کرتا ہے۔
