یریوان(این این آئی) آرمینیا کیلئے پاکستان کے
پہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واہگن خاچاطوریان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آرمینیا کیلئے پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے صدارتی محل میں منعقدہ ایک باضابطہ تقریب کے دوران یہ اسناد پیش کیں۔ صدر واہگن خاچاطوریان نے سفیر شفقت علی خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب مدتِ سفارت اور سفارتی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں انجام دینے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر نے آرمینیا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔سفیر شفقت علی خان نے صدر واہگن خاچاطوریان کو صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں اور آرمینیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
