اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی سول سروس میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے سمارٹ ریفارمز پیکیج تیار کرلیا ہے، جس میں سول سرونٹس ایکٹ 1973 اور رولز آف بزنس 1973 میں مجموعی طور پر 22 ترامیم سمیت تین نئے قوانینمتعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے سول سروس اصلاحات کے لیے بھارت سمیت 25 ممالک کے سول سروس نظاموں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی سفارشات تیار کی ہیں، سفارشات میں وفاقی سول ملازمین کی بھرتی، تربیت، کارکردگی جانچنے، ترقی، تعیناتی اور مراعات کے موجودہ طریقہ کار میں نمایاں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔اصلاحاتی پیکیج میں سفارش کی گئی ہے کہ افسران کی ترقی، تعیناتی اور مراعات کو محض سنیارٹی کے بجائے کارکردگی اور قابلیت سے مشروط کیا جائے، افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے پالیسی سازی اور عوام کو فراہم کیے جانے والے نتائج کو بنیادی پیمانہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
