لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ، نجی کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹی کے تنازع میں محکمہ اینٹی کرپشن کی مبینہ مداخلت کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر، عدالت نے اینٹی کرپشن کو سوسائٹی کے ممبران کیخلاف تادیبی کارروائی سے روکنے کے عبوری حکم امتناعی میں توسیع کر رکھی ہے، جسٹس محمد جواد ظفر 21 ستمبر کو نجی کوآپریٹو سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری شیخ صداقت کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست گزار کی جانب سے میاں داد ایڈووکیٹ پیش ہوں گے، محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے عدالت میں تحریری جواب بھی جمع کرا دیا گیا ہے، دوران سماعت سرکاری وکیل نے مقف اختیار کیا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ میں سوسائٹی کے ممبران کو پبلک سرونٹ کی تعریف میں شامل کیا گیا ہے، درخواست گزار کے وکیل میاں داد نے مقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن لاہور نے ایک عادی شکایت کنندہ کی درخواست پر سوسائٹی کے خلاف انکوائری رجسٹرڈ کی، اینٹی کرپشن کو کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹیوں کے باہمی تنازعات میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں، قانون کے تحت کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق تنازعات کے ازالے کیلئے متعلقہ فورم محکمہ کوآپریٹو ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ تین برس کے دوران اینٹی کرپشن شہریوں کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا ادارہ بن چکا ہے اور بے بنیاد درخواستوں پر انکوائریاں رجسٹرڈ کرکے شہریوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے، موجودہ کیس بھی اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کی مثال ہے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ محکمہ اینٹی کرپشن میں سوسائٹی کے خلاف جاری انکوائری کو دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔
