امریکی کمپنی ہارٹ ایرو اسپیس نے اپنے مکمل برقی طیارے X1 کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کرلی۔ طیارے نے نیویارک کے بالائی علاقے میں واقع پلاٹسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 12 اگست 2026 کو اڑان بھری اور تقریباً 27 منٹ تک مکمل طور پر بیٹری سے پرواز کی۔
X1 نے دورانِ پرواز تقریباً 1,100 فٹ کی بلندی حاصل کی جبکہ اس کے آل الیکٹرک پروپلشن سسٹم نے ایک میگاواٹ سے زیادہ طاقت فراہم کی۔ کمپنی کے مطابق یہ اب تک اڑنے والا سب سے بڑا بیٹری سے چلنے والا برقی طیارہ ہے۔
اس آزمائشی پرواز کی سب سے دلچسپ بات اس کی بجلی کی لاگت تھی۔ رپورٹ کے مطابق 27 منٹ کی پرواز میں تقریباً 5 ڈالر مالیت کی بجلی استعمال ہوئی۔ تاہم یہ رقم صرف بجلی کے خرچ کو ظاہر کرتی ہے، اس میں پائلٹ، دیکھ بھال، ایئرپورٹ فیس، انشورنس اور دیگر آپریٹنگ اخراجات شامل نہیں ہیں۔
X1 دراصل ایک ڈیمونسٹریٹر طیارہ ہے جس کی آزمائشی پروازوں سے کمپنی مستقبل کے ہائبرڈ الیکٹرک مسافر طیارے کی تیاری کے لیے معلومات حاصل کرے گی۔ کمپنی کا منصوبہ ES-30 نامی 30 نشستوں والے علاقائی طیارے کی تیاری ہے، جو مکمل برقی اور ہائبرڈ دونوں طریقوں سے پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

