مظفرآباد(وقائع نگار ) وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیرصدارت آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے سو روزہ اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر، وزراء حکومت، مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین، سیکرٹریز حکومت اور مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء کو مسلم لیگ ن کی حکومت کے سو روزہ اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں اصلاحاتی پروگرام کے تحت مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے مرتب کیے گئے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ سو روزہ اصلاحاتی پلان میں آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک ترقی کے لیے مختلف شعبہ جات کے اہم منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ایسے اقدامات پر مرکوز ہے جن کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور خطے میں ترقی کا عمل تیز ہو۔ سو روزہ پلان کے تحت عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری، ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں سو روزہ اصلاحاتی پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر شرکاء نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیرصدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ محمد نعیم بسمل، چیف انجینئر شاہرات سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے وزیراعظم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام اور جاری مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائیں۔ شاہرات کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جن شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی وہاں ان بسوں کے مقررہ ٹریکس کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے مظفرآباد شہر میں امبور سے چہلہ تک سڑک کی بہترگی، گوجرہ بائی پاس سے شوکت لائن تک سڑک کو بہترو کشادہ کرنے کا کام جلد شروع کرنے جبکہ اپر اڈہ سے عیدگاہ تک سڑک کی بہتری کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے سی ایم ایچ فلائی اوور کی تعمیر مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کو منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
