لاہور(خبریںڈیجیٹل)علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے گولز کی بدولت پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔علی اکبر نے قومی ٹیم کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیا، جبکہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کو برابری دلائی۔ یہ فیفا کے کسی بھی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور اس میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی اسکور کیے۔نولبرٹو سولانو کی ٹیم کو گروپ بی کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن فلپائن کے خلاف پاکستان نے بھرپور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کے خسارے کو ختم کیا اور میچ سے ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کیا۔فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان کو 136ویں نمبر کی فلپائن ٹیم نے ابتدائی لمحات میں دبا میں رکھا۔ پاکستانی دفاع کو مسلسل آنے والی کراسز سے نمٹنا پڑا۔ محب اللہ آفریدی نے ایک خطرناک نچلی کراس کو روکنے کے لیے خود کو گیند کے سامنے ڈال دیا، جبکہ گول کیپر یوسف بٹ نے آندرے لائپولڈ کو آمنے سامنے کے موقع پر شاندار انداز میں روک لیا۔فلپائن کو 24ویں منٹ میں برتری مل گئی۔ محب اللہ نے گول لائن پر ہیڈر کو روکنے کی کوشش میں گیند کو کراس بار سے ٹکرا دیا، لیکن سینڈرو ریز نے تیزی سے ردعمل دیتے ہوئے واپس آنے والی گیند کو جال میں پہنچا دیا۔چند منٹ بعد پاکستان کو گول کرنے کا پہلا موقع ملا۔ علی اکبر نے فلپائن کے دفاع کو توڑتے ہوئے گول کی جانب پیش قدمی کی، لیکن ان کی شاٹ پر فلپائن کے گول کیپر کیون رے مینڈوزا نے ڈائیو لگاتے ہوئے شاندار بچا کیا۔پہلے ہاف کے اختتام سے قبل فلپائن نے اپنی برتری دگنی کردی۔ محمد فضل کے اپنے پنالٹی ایریا میں ہاتھ سے گیند لگنے پر فلپائن کو پنالٹی ملی، جس پر بیورن کرسٹنسن نے یوسف بٹ کو غلط سمت بھیجتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔فلپائن نے حملے جاری رکھے، حارث زیب نے ایک خطرناک ہیڈر کو روک کر پاکستان کو بچایا جبکہ یوسف بٹ نے بھی چند منٹ بعد ایک اور اہم موقع پر مداخلت کی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں پاکستان نے جوابی حملہ کیا، لیکن مڈفیلڈر عالمگیر غازی کی دور سے لگائی گئی شاٹ گول سے اوپر چلی گئی۔ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے وقفے کے دوران دو تبدیلیاں کیں۔ عالمگیر غازی اور عمر نواز کی جگہ علی آغا اور حیان خٹک میدان میں آئے۔
